• Fri, 22 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی میں گزشتہ اسمبلی الیکشن کے مقابلے اس الیکشن میں پولنگ میں ۳؍فیصد کا اضافہ

Updated: November 21, 2024, 11:11 PM IST | Mumbai

شہرو مضافات کے ایک کروڑ ۲؍ لاکھ ۲۹؍ ہزار ۷۰۸؍رائے دہندگان میں سے۵۳ء۹۲؍فیصد نے حق رائے دہی کا استعمال کیا

A queue of voters at a polling booth in Anushakti Nagar assembly constituency.
انوشکتی نگراسمبلی حلقہ کے ایک پولنگ بوتھ پررائے دہندگان کی قطار۔(تصویر: سیّد سمیرعابدی)

 ممبئی کے ۳۶؍ اسمبلی حلقوں میں  پولنگ کے دوران رائے دہندگان کے تعلق سے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کئے جانے کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں ۔تاہم ووٹنگ کے بعد شہرو مضافات میں الیکشن کمیشن آف انڈیا، پولیس اور میونسپل کمشنر  کے علاوہ مختلف اداروں کی ووٹ ڈالنے کی اپیلوں کا مثبت اثر نظر آیا جس کی وجہ سے ۵۳ء۹۲؍ فیصد شہریوں نے حق رائے دہی کا استعمال کرکےگزشتہ اسمبلی الیکشن کا ریکارڈ توڑ دیا  ۔  
    ۲۰۱۹ء کے اسمبلی انتخابات کے مقابلہ اس اسمبلی انتخابات کی  پولنگ میں  ۳؍ فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔ رائے دہندگان نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹنگ کے فیصد کا ریکارڈ بھی توڑا ہے۔عام انتخابات میں۵۲ء۴؍فیصد پولنگ ہوئی تھی ۔ اسی طرح ۲۰۱۹ء میں  اسمبلی انتخابات میں ۴۹ء۷۵؍ فیصد ووٹرس نے ووٹ دیا تھا جبکہ ۲۰؍ نومبر ۲۰۲۴ء کو ووٹرس نے مزید دلچسپی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے پولنگ ۵۳ء۹۲؍ فیصد  ہوئی۔   شہر اور مضافات میں کل ایک کروڑ ۲؍ لاکھ ۲۹؍ ہزار ۷۰۸؍رائے دہندگان ہیں جن میں سے ۵۳ء۹۲؍ فیصد  نے ووٹ دے کر ۴۲۰؍ امیدواروں کی قسمت ای وی ایم  میں بند کر دی ہے جبکہ ان کی ہار جیت کے فیصلہ کا اعلان ۲۳؍ نومبر کو کیا جائے گا ۔
 واضح رہے کہ ممبئی کے ۳۶؍ اسمبلی حلقوں میں ۱۰؍ ہزار ۱۱۷؍ پولنگ سینٹرس بنائے گئے تھے جن میں ۷؍ ہزار ۵۷۹؍ پولنگ سینٹرس شہر میں جبکہ ۲؍ ہزار ۵۳۸؍ سینٹر مضافات میں   تھے جس کی وجہ سے رائے دہندگان نے آسانی اور اطمینان کے ساتھ حق رائے دہی کا استعمال کیا   ۔
  ۲۰؍ نومبر کو ہونے والی پولنگ کی قابل ذکر بات یہ بھی رہی کہ شہر کے تین علاقوں بھانڈوپ ، ملنڈ اور بوریولی کے رائے دہندگان نے پولنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ سب سے زیادہ بھانڈوپ  ۶۱ء۱۲؍ فیصد پولنگ ہوئی۔ اسی طرح ملنڈ میں ۶۰ء۴۹؍ فیصدجبکہ بوریولی میں ۶۰ء۵؍ فیصد پولنگ ہوئی ۔اسی طرح  علاقائی سطح پر بھی ۲۰۱۹ء کے اسمبلی انتخابات کے مقابلہ اس الیکشن کی پولنگ میں رائے دہندگان نے دلچسپی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ۵۰؍ تا ۵۹؍ فیصد پولنگ ہوئی۔
  بھانڈوپ ، ملنڈ اور بوریولی میں ۲۰۱۹ء کے اسمبلی انتخابات میں   ۵۳؍ تا ۵۵؍ فیصد ووٹروں نے  حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا ۔اسی طرح شہر کے جن تین علاقوں قلابہ ،ممبا دیوی اور دھاراوی میں جہاں دیگر علاقوں کے مقابلہ ۵۰؍ فیصد سے کم رائے دہندگان نے ووٹ ڈالے۔ وہیں مذکورہ بالا ان  تینوں علاقوں میں ۲۰۱۹ء کے اسمبلی انتخابات کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ امسال ووٹوں کا فیصدبڑھا ہے ۔ ۲۰؍ نومبر کو قلابہ میں شہر کے دیگر علاقوں کے مقابلے سب سے کم ۴۴ء۴۹؍ فیصد پولنگ ہوئی  وہیںممبا دیوی میں ۴۸ء۷۶؍ فیصداور دھاراوی میں ۴۹ء۷؍ فیصد رائے دہندگان نے ووٹ دیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK