• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی: کرلا ایلیویٹڈ اسٹیشن کیلئے اسٹیل کے گرڈر بچھائے جا رہے ہیں

Updated: July 17, 2024, 10:55 PM IST | Mumbai

ایک بار کام مکمل ہونے کے بعد فریم اونچے کرکے ستونوں پر رکھے جائیں گے۔ یہ اہم منصوبہ تاخیرکا شکار ہوا ہے

The work of laying the girders for the construction of the elevated station in Kurla is being done at a fast pace.
کرلا میں ایلیویٹڈ اسٹیشن کی تعمیر کیلئے گرڈرس بچھانے کا کام تیزی سے کیا جارہا ہے۔(تصویر: انقلاب)

کرلا ایلیویٹڈ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر سینٹرل ریلوے کی جانب سے اسٹیل گرڈرس بچھانے کے ساتھ  تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔یہ اہم پروجیکٹ موجودہ کرلا اسٹیشن پر بھیڑبھاڑ کم کرنے اور ریل ٹریفک کو الگ الگ کرنے کی کوشش   ہے۔ کافی تاخیر کے بعد گرڈرس آگئے ہیں اور انہیں جوڑا   جا رہا ہے اور لیول کراسنگ گیٹ۹ ؍اے  کے قریب انتہائی موڑ پر رکھا جا رہا ہے۔ بڑے پیمانے پر اسٹیل کام کیا جارہا ہے جو دو لائنوں اور ایلیویٹڈ کرلا ہاربر لائن اسٹیشن کا بوجھ اٹھائے گا۔
 تعمیراتی جگہ پر موجود ایک ریلوے افسر نے کہا کہ ’’یہ بہت بڑا کام ہے۔ بہت سے اسٹیل گرڈرس تعمیراتی جگہ پر پہنچ چکے ہیں اور دن رات انہیں جوڑاجارہا ہے۔ جیسے ہی وہ تیار ہوں گے، فریموں کو اونچا کرکے ستونوں پر رکھا جائے گا۔ کرلا ریلوے اسٹیشن کے تلک نگر سرے پر اب زیادہ تر کام تیزی سے جاری ہے۔‘‘
نمایاں خصوصیات 
 کرلا ایلیویٹڈ اسٹیشن کے ۳؍ پلیٹ فارم ہوں گے، ایک کرلا سے چلنے والی ٹرینوں کیلئے، دوسرا سی ایس ایم ٹی جانے والی ٹرینوں کیلئے اور تیسراپنویل جانے والی ٹرینوں کیلئے۔ یہ ترتیب پریل ٹرمنس کی طرح ہے۔ ایک بار جب یہ تیار ہوجائے گاتو  وہاں کرلا کے پلیٹ فارم نمبر ۹؍ اور ۱۰؍ سے پنویل-کرلا سروسیز  چلائی جائیں گی۔سی ایس ایم ٹی کے سرے سے شروع ہو کر یہ  ایلیویٹڈ ریلوے چونابھٹی اسٹیشن کے بعد چند میٹر اوپر اٹھتی ہے کیونکہ ٹرین کرلا اسٹیشن کی طرف بڑھتی ہے اوریہیں سے نئے ایلیویٹڈ اسٹیشن میں داخل ہوتی ہے۔ یہ ایلیویٹڈ ریلوے تلک نگر اسٹیشن کے قریب ہاربر لائن پر سانتا کروز چمبور لنک  کے روڈ اوور بریج سے ذرا پہلے نیچے اترتا ہے۔ میٹرو ریل-  ۲ ؍بی بھی اس حصے کے قریب سے گزرتی ہے۔
اس منصوبے کا مقصد
 ایلیویٹڈ اسٹیشن موجودہ ہاربر لائن پلیٹ فارم کو بائی پاس کرنے کیلئےبنایا جا رہا ہے جسے پانچویں اور چھٹی لائنوں کی تعمیر کیلئےمنہدم کر دیا جائے گا۔ ریاستی حکام کے ساتھ قریبی تال میل میں سودیشی مل، ایک نجی پلاٹ اور دھاراوی میں زمین کے حصول کی کارروائی کے ساتھ کرلا اور پریل کے درمیان پانچویں اور چھٹی لائن کا کام جاری ہے۔ سابق ممبر پارلیمنٹ راہل شیوالے کے ذریعہ قدیم سائن  بریج کے انہدام پر روک لگائی گئی ہے  جبکہ اس کی تعمیر نو بھی اسی پروجیکٹ کا ایک حصہ ہے۔
 ریلوے کی جانب سے پہلے کے اپ ڈیٹ کے مطابق  حاصل کی جانی والی ۰۶۱,۱۰؍ مربع میٹر زمین میں سے نیشنل ٹیکسٹائل کارپوریشن(این ٹی سی ) کی۲؍ہزار۶۵۶؍ مربع میٹر زمین کیلئے منظوری حاصل کی گئی ہے اور اسے ریلوے کو منتقل  کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ بقیہ زمین کا حصول مختلف مراحل میں ہے۔ زمین کی تازہ ترین حصولیابی کی تفصیلات دستیاب نہیں ہے۔
 واضح رہے کہ اس نمائندے   نے اکتوبر ۲۰۱۷ء میں۱۲۵؍ کروڑ روپے لاگت کے کرلا ایلیویٹڈ ہاربر لائن اسٹیشن کے بارے میں سب سے پہلے اطلاع دی تھی۔ اس منصوبے میں ایک وسطی اسکائی واک سے منسلک ایک ہزار ۱۲۰؍ میٹر،۵۹؍  اسپین پل کی تعمیر شامل ہے جو دیگر تمام حصوں سے منسلک ہوگا۔
  فٹ اوور بریج جب ایک بار مکمل ہوجائیں گے تو یہ پروجیکٹ موجودہ مین لائن پر آؤٹ اسٹیشن اور لوکل ٹرینوں کو الگ الگ کرنے میں مدد کرے گا اور کرلا اسٹیشن پر ہاربر لائن کے اوپر سے گزرنے والی مال بردار ٹرینوں کو بائی پاس کرے گا۔ جب بھی راشٹریہ کیمیکلز اینڈ فرٹیلائزرس (آرسی ایف)  بائی پاس سے کوئی مال بردار ٹرین گزرتی ہے،  ہاربرلائن کی ٹرینیں روک دی جاتی ہیں کیونکہ دونوں کی ایک ہی پٹریاں  ہیں۔ اس کے نتیجے میں پلیٹ فارم پر اکثرٹرینوں میں تاخیر ہوتی  اور بھیڑبڑھ جاتی ہے۔ ایک بار جب یہ ریلوے لائن اونچی ہوجائے گی تو مذکورہ مسئلہ بھی نہیں رہے گا  اور دونوں ٹرینیں رکے بغیر اپنا سفر جاری رکھ سکیں گی۔

kurla Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK