علاقےکے مزید ۳؍ آپلا دواخانے جلد شروع کرنے کی یقین دہانی،غریب مریضوں کو راحت ملنے کی امید
EPAPER
Updated: August 19, 2023, 8:10 PM IST | Kazim Shaikh | Mumbai
علاقےکے مزید ۳؍ آپلا دواخانے جلد شروع کرنے کی یقین دہانی،غریب مریضوں کو راحت ملنے کی امید
یہاں ’ ایل‘ وارڈکےمتعدد علاقوں میں بی ایم سی کے ذریعہ ۸؍ ’آپلا دواخانہ ‘ کئی مہینے سے بن کر تیار تھے لیکن بی ایم سی کی مبینہ لاپروائی کے نتیجے میں ان میں علاج شروع نہیں ہو سکاتھا۔انقلاب میں گزشتہ دنوں ان دواخانوں کے تیار ہونے کے باوجود علاج شروع نہ کئے جانے سے متعلق خبر شائع ہونے کے بعدان ۸؍میں سے۵؍آپلا دواخانہ شروع کردیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے ایک متعلقہ افسر نے انقلاب کو اس کی خبر دیتے ہوئے خوشی کا بھی اظہار کیا اور یہ بھی کہا کہ ان دواخانوں کا جائزہ لینے کیلئے مقامی ایم ایل اےنے جمعرات کو دورہ بھی کیا ۔
یادرہے کہ اس سلسلے میں نمائندۂ انقلاب نے کرلا ایل وارڈ کے علاقے میں ۸؍ آپلا دواخانوں کا تعمیری کام مکمل ہونے کے بعد علاج شروع نہ کئے جانے کے متعلق ۱۱؍ اگست کو ایک تفصیلی خبر شائع کرتے ہوئے آپلا دواخانوں کی نشاندہی بھی کی تھی ۔ اس کے بعد۵؍ آپلا دواخانوں میں ۱۵؍ اگست کی سہ پہر ۳؍ بجے سے علاج شروع کردیا گیا ہے ۔
کرلا ’ایل‘ وارڈ کے محکمہ ہیلتھ کے افسر ڈاکٹر رویندر ہانگےنے انقلاب سےفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ایک ہفتہ قبل ہونے والی گفتگو کے بعد ہم نے بی ایم سی کے اعلیٰ افسران سے کرلا ’ایل‘ وارڈ میں تعمیر کئے گئے ۸؍ آپلا دواخانوں کو علاج کیلئے شروع کرنے کے سلسلے میں تفصیل سے بات چیت کی تھی ۔ انتظامیہ نے ۱۵؍ اگست سے ۵ ؍دواخانوں میں مریضوں کا علاج شروع کرنے کا یقین دلایا تھا۔ فی الحال بھارتی نگر دواخانہ کرلا ، کرسچئن دواخانہ کرلا ، ہمالیہ دواخانہ ساکی ناکہ ،موہلی دواخانہ ساکی ناکہ اور بی بی فاطمہ دواخانہ ماچس فیکٹری کرلا میں علاج شروع کردیا گیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ جمعرات کو مقامی ایم ایل اے نے کرلا بھارتی نگر دواخانہ کاجائزہ لینے کیلئے آئے تھے ۔
اس ضمن میں علاقے کے سابق کارپوریٹر اشرف اعظمی کا کہنا ہے کہ انقلاب میں شائع ہونے والی خبر اور میری محنت کا نتیجہ ہے کہ آناً فاناً بی ایم سی کوآپلا دواخانہ شروع کرنا پڑا ۔ انھوں نے بتایا کہ بھارتی نگر اور کرسچئن دواخانے میں فی الحال روزانہ سہ پہر ۳؍بجے سے رات ۱۰؍ بجے تک مفت علاج ہو گا اور اگر دواخانوں میں مریض بڑھ جائیں گے تو اسے صبح سے شروع کردیا جائے گا۔ مزید ۳؍آپلا دواخانے جلد شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔
انھوں نے مزید کہا کہ ان دواخانوں میں ۵؍ طرح کی سہولتیں دستیاب ہیں ۔ ڈاکٹر مفت ، دوائیں مفت، ۱۴۷؍ اقسام کے خون کی جانچ مفت، حادثات میں معمولی زخمیوں کا علاج اور مرہم پٹی کےعلاوہ نازک مریضوں کو دواخانے کی جانب سے دوسرے بی ایم سی اسپتالو ں منتقل کیا جائے گا۔