• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی: راجیو گاندھی کی سالگرہ کی تقریب میں اپوزیشن کے اتحاد کا مظاہرہ، ادھو اور پوار کی شرکت

Updated: August 21, 2024, 10:31 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نےخطاب میں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں پر شدید تنقید کی ، مہایوتی کو زہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے آزمانے کی ضرورت نہیں ہے!

Mahavkas Aghadi leaders show unity at Congress programme. Photo: INN
کانگریس کے پروگرام میں مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈران اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی کی ۸۰؍ ویں سالگرہ کے موقع پر کانگریس کی جانب سے ممبئی میں سدبھاؤنا دِوس منایا گیا۔ اس موقع پرشانمکھانند ہال میں منعقدہ تقریب میں این سی پی سربراہ شرد پوار، شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور ایم وی اے اتحاد میں شامل متعدد بڑے لیڈران نے شرکت کی۔
 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے مہایوتی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اقلیت کی سرکار چلا رہے ہیں اور وہ جنتا دل (یونائیٹڈ) اور تیلگو دیشم پارٹی کی مدد کے بغیر کام نہیں کرسکتے۔ کھرگے نے یہ بھی کہا کہ راجیو گاندھی کی قیادت میں کانگریس نے ۴۱۵؍ سیٹیں حاصل کی تھیں لیکن راجیو گاندھی نے بھی غرور نہیں کیا لیکن اس کے برعکس مودی ملک میں آمریت لانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن مہاراشٹر کے عوام نے الیکشن میں انہیں ان کی حیثیت بتادی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ وزیر اعظم نے اپنی اور اتحادی پارٹیوں کیلئے ۴۰۰؍ پار کا نعرہ دیا تھا لیکن اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد نے انہیں ۲۴۰؍ سیٹوں سے آگے بڑھنے نہیں دیا۔ انہوں نے مہایوتی کو زہر قرار دیتے ہوئے لوگوں کو مشورہ دیا کہ کسی کو اسے آزمانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ 
 شیوسینا (یوبی ٹی)کے سربراہ  ادھو ٹھاکرے نے اپنی تقریر میں کہا کہ کانگریس زیادہ عرصہ تک برسراقتدار رہی لیکن راجیو گاندھی نے اور کانگریس  نے کبھی بھی سیاسی مخالفت پر شیوسینا سے انتقام نہیں لیا۔ کانگریس کے دور اقتدار میں شیوسینا لیڈران کے گھروں پر کبھی ای ڈی اور سی بی آئی کے چھاپے نہیں پڑے  جبکہ بی جے پی شیوسینا کو ختم کرنے کے در پے ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ سب کو مل کر آنے والے انتخابات میں بی جے پی کا پتہ صاف کردینا چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ راجیو گاندھی نے کوئی نعرہ دیئے بغیر ۴۰۰؍ سے زائد سیٹوں پر جیت حاصل کی تھی اس کے باوجود وہ اپنی حکومت کا ’ڈی سینٹریلائزیشن‘ کرکے پنچایت راج لے کر آئے تھے۔ 
 این سی پی سربراہ شرد پوار نے کہا کہ ممبئی اور راجیو گاندھی کا ایک الگ ہی رشتہ تھا اور ان کا ملک کی ترقی میں بہت بڑا ہاتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جس نے ملک کیلئے سب کچھ دے دیا وزیر اعظم اور انکے ساتھی ان کے بارے میں تنقیدیں کرتے ہیں یہ اچھی بات نہیں ہے۔‘‘ شردپوار نے کہا کہ آج جو حکومت میں ہیں انہیں پتہ ہی نہیں کہ نہرو۔گاندھی خاندان نے کیا کچھ کیا۔ ملک کی ترقی میںان کا جو کردار ہے وہ تاریخ سے کوئی مٹا نہیں سکتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK