• Tue, 04 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہوا کا رخ بدلنے لگا، دھننجے منڈے کی مشکل میں اضافہ

Updated: February 04, 2025, 11:32 AM IST | Agency | Mumbai

اجیت پوار نے بیڑ میں منڈے کے کئے ہوئے کاموں کی جانچ کا حکم دیا، نامدیو مہاراج کا بھی رویہ تبدیل، کہا ’’میں سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ کو انصاف ملنا چاہئے۔‘‘

Unwillingly, Ajit Pawar will have to take some action against Dhananjay Munde. Photo: INN
نہ چاہتے ہوئے بھی اجیت پوار کو دھننجے منڈے کے خلاف کچھ نہ کچھ کارروائی کرنی پڑے گی۔ تصویر: آئی این این

ریاستی وزیر خوراک دھننجے منڈے کی مشکلوں میں اضافہ ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے حالات کی نزاکت کو مد نظر رکھتے ہوئے خود ہی منڈے سے متعلق کاموں کی جانچ کیلئے ایک پارٹی تشکیل دی ہے۔ ساتھ ہی کل تک منڈے کی مکمل حمایت کا اعلان کرنے والے بھگوان گڑھی کے نامدیو مہاراج نے بھی اپنا رخ بدل لیا ہے اور سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ کا ساتھ دینے کا نیا اعلان کیا ہے۔ 
اجیت پوار نے کمیٹی تشکیل دی 
  دھننجے منڈے کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ انجلی دمانیا سے لے کر منوج جرنگے تک انہیں کابینہ سے نکال باہر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایسی صورت میں اجیت پوار پر دبائو بڑھتا جا رہا ہے۔ بالآخر انہوں نے بیڑ کے ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ دھننجے منڈے کے بطور نگراں وزیر بیڑ میں کئے گئے کاموں کی جانچ کرے اور اس کی رپورٹ پیش کرے۔ پلاننگ کمیشن میں شامل اراکین اس کی جانچ کریں گے اور ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کریں گے۔ یاد رہے کہ دھننجے منڈے گزشتہ ۲؍ سال سے بیڑ کے نگراں وزیر تھے۔ اس دوران ان کے اوپر ہفتہ وصولی سے لے کر راکھ کے غیر قانونی کاروبار تک کئی طرح کے الزامات لگے ہیں۔ مساجوگ گائوں کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل میں گرفتار ۷؍ ملزمین اور ہفتہ وصولی کے الزام میں گرفتار والمیک کراڈ منڈے کے سب سے قریبی لوگ ہیں۔ ایسی صورت میں ان کے جرائم کے چھینٹے بھی منڈے کے دامن پر ہیں۔ 
  ایک طرح انجلی دمانیا نے اجیت پوار کو دستاویز کے ساتھ منڈے کے خلاف ثبوت دیئے ہیں جو پوار نے وزیر اعلیٰ کو سونپ دیئے ہیں۔ اب انجلی دمانیا مزید ثبوت پیش کرنے کا اعلان کر چکی ہیں۔ اس سے پہلے ہی اجیت پوار نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ اطلا ع کے مطابق اس جانچ کے علاوہ پارٹی کے اندر بھی منڈے کے خلاف ایک جانچ کی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس بار منڈے کو کسی بھی ضلع کا نگراں وزیر نہیں بنایا گیا ہے۔ ان کی جگہ خود اجیت پوار کو بیڑ کے نگراں وزیر بنایا گیا ہے۔ نگراں وزیر کی حیثیت سے اجیت پوار نے ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیشن کو گزشتہ ۲؍ سال میں ہوئے ایسے کاموں کی تفتیش کا حکم دیا ہے جس کا حکم دھننجے منڈے نے دیا ہو۔ 
 نامدیو مہاراج کا رخ بھی بدل گیا
 گزشتہ دنوں دھننجے منڈے بیڑ کے سب سے بڑے مندر بھگوان گڑھی کے سربراہ نامدیو مہاراج سے ملنے گئے تھے جس کے بعد نامدیو مہاراج نے کہا تھا کہ دھننجے منڈے بے قصور ہیں ۔ انہیں کچھ لوگ پھنسا رہے ہیں۔ ساتھ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ بھگوان گڑھی پوری طاقت کے ساتھ دھننجے منڈے کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کے اس اعلان پر انجلی دمانیا سے لے کر سنجے رائوت تک اور منوج جرنگے سے لے کر دھننجے دیشمکھ ( سنتوش دیشمکھ کے بھائی) تک سبھی نے تنقید کی تھی۔ دھننجے دیشمکھ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے بھائی کے قتل کے تعلق سے سارے ثبوت لے کر نامدیو مہاراج سے ملاقات کریں گے۔ 
  ایک روز قبل دھننجے دیشمکھ نے اپنی بھتیجی ( سنتوش دیشمکھ کی بیٹی) ویبھو ی دیشمکھ کے ساتھ نامدیو مہاراج سے ملاقات کی۔ ان کے سامنے وہ سارے ویڈیو اور کاغذات پیش کئے جو انہوں نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو بھی پیش کئے تھے۔ یہ سب دیکھنے کے بعد نامدیو مہاراج نے اپنا رویہ تبدیل کر لیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’’ میں سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ کے ساتھ ہوں۔ انہیں انصاف ملنا چاہئے۔ لیکن اس معاملے کو ذات پات میں تفریق یا منافرت کا سبب نہیں بنانا چاہئے۔ ‘‘ نامدیو مہاراج نے یہ کہہ کر اپنے ہی بیان سے علاحدگی اختیار کی کہ ’’ میں نے اس تعلق سے کچھ بھی نہیں کہا ہے۔ میری کہی ہوئی بات کو مسخ کرکے پیش کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ذات پات سے بالاتر ہو کر خاطیوں کو سزا دی جانی چاہئے اور سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ کو انصاف ملنا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK