مستقبل میں مراٹھی مانس کی بے عزتی اور اس پر حملہ برداشت نہیں کیا جائیگا: راج ٹھاکرے۔
EPAPER
Updated: January 04, 2025, 4:02 PM IST | Shahab Ansari | Mumbra
مستقبل میں مراٹھی مانس کی بے عزتی اور اس پر حملہ برداشت نہیں کیا جائیگا: راج ٹھاکرے۔
ایک پھل فروش کے ذریعہ مراٹھی میں بات نہ کرنے پر خریدار نے اسے طعنہ دیا اور دھمکی دی کہ آدھے گھنٹے میں پورا ممبرا بند کروا دونگا جس پر وہاں موجود لوگ برہم ہوگئے۔ اس معاملے میں پولیس اسٹیشن میں ہنگامہ کرنے کی بنیاد پر ۲۰؍ افراد کیخلاف اور گاہک کیخلاف این سی درج کرلی گئی ہے۔
جمعرات کو پیش آنے والے اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ہوا ہے جس میں گاہک کے ذریعہ ممبرا بند کروانے کی دھمکی دیئے جانے پر وہاں موجود لوگ برہم ہوگئے اور ناراض بھیڑ کو دیکھ کر گاہک نے معافی مانگ لی لیکن یہ بھی کہا کہ ٹھیلے والے کو مراٹھی سیکھنا چاہئے۔
البتہ مقامی افراد نے پولیس اسٹیشن جاکر گاہک کے ذریعہ ممبرا بند کرانے جیسے متنازع بیان دینے کی وجہ سے اس کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور نعرہ بازی کی جس پر پولیس اسٹیشن پر ہنگامہ کرنے کے نام پر تقریباً ۲۰؍ افراد کیخلاف اور اس گاہک کے کیخلاف این سی درج کی گئی ہے۔
جمعہ کو مہاراشٹر نو نرمان سینا سربراہ راج ٹھاکرے نے بیان دیا ہے کہ مستقبل میں مراٹھی مانس کی بے عزتی اور اس پر حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
متذکرہ تنازع اس طرح شروع ہوا تھا کہ ایک شخص نے پھل فروش سے مراٹھی میں پھل کے دام پوچھے تو اس ہاکر نے ہندی میں جواب دیا اور کہا کہ اسے مراٹھی بولنی نہیں آتی۔ اس پر وہ گاہک برہم ہوگیا اور کہنے لگا وہ مہاراشٹر میں روزگار کمارہا ہے تو اسے مراٹھی آنی چاہئے۔