سماج وادی پارٹی کے مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں۔ افسران کو میمورنڈم دے کرمطالبات پورے نہ ہونے پر راستہ روکو آندولن کا انتباہ دیاگیا۔
EPAPER
Updated: June 25, 2024, 10:03 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
سماج وادی پارٹی کے مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں۔ افسران کو میمورنڈم دے کرمطالبات پورے نہ ہونے پر راستہ روکو آندولن کا انتباہ دیاگیا۔
ممبرا کوسہ ، شیل اور دیوا میں بجلی سپلائی اور بل وصول کرنے والی ٹورینٹ پاور کی مبینہ من مانی کے خلاف سماج وادی پارٹی کی ممبرا یونٹ نے زبردست احتجاج کیا۔ اس کا الزام ہے کہ ٹورینٹ کے میٹر فاسٹ ہیں، صارفین کو زیادہ بل موصول ہوتا ہے، بجلی بل جبراً وصول کیاجاتا اور صارفین کو گھنٹوں بٹھا کر پریشان کیا جاتا ہے۔پیر کو ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف احتجاج بھارت گیئر کمپنی کے قریب واقع ٹورینٹ پاور کے آفس کے باہر کیا گیا۔ مظاہرین میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں۔احتجاج کے بعد ٹورینٹ پاور کے افسران نے آفس کے گیٹ ہی پر سماجوادی پارٹی کے لیڈروں سے میمورنڈم قبول کیا اور انہیں ایک ہفتہ میں ان کے مطالبات پر غور کرکے ضروری اقدام کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ سماجوادی پارٹی کے لیڈروں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر مطالبات پورے نہیں ہوئے اور ممبرا کوسہ کے صارفین پر بجلی سپلائی کمپنی کا ظلم جاری رہا تو اس سے زبردست احتجاج کیا جائے گا اور راستہ روکو آندولن بھی ہو گا۔
اس موقع پر مظاہرین پلے کارڈز بھی لئے ہوئے تھے جن پر ’’ٹورینٹ پاور مردہ باد، ممبرا کوسہ میں شور ہے، ٹورینٹ پاور چور ہے، ٹورینٹ پاور واپس جاؤ واپس جاؤ واپس جاؤ‘‘ ۔ مظاہرین یہی نعرے لگا بھی رہےتھے۔
سماجوادی پارٹی ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر عبدالمنان شیخ نے احتجاج کے تعلق سے بتایا کہ ’’ہمیں ممبرا اور کوسہ کے کئی صارفین سے ٹورینٹ پاور کی من مانی کے تعلق سے متعدد شکایتیں موصول ہوئیں ۔ ان میں زیادہ بل آنے پر شکایت کرنے کیلئے جانے والے صارفین خصوصاً خواتین سے بدتمیزی سے پیش آنا ، انہیں گھنٹوں قطار میں بٹھا کر رکھنا ، ویجلنس کے نام پررقم وصول کرنا اور ٹورینٹ کے میٹر تیز چلنے کی شکایتیں زیادہ ہے۔ اسی من مانی کے خلاف پیر کو سماج وادی پارٹی کی جانب سے یہ مورچہ نکالا گیا تھا۔‘‘انہوںنےمزید کہا کہ’’ مظاہرہ کرنے کے بعد ہم نے ٹورینٹ پاور کمپنی کےافسران کو ۸؍ مطالبات پر مشتمل میمورنڈم بھی دیا ۔ افسران نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ ۸؍ تا ۱۰؍ دن میں مطالبات پر غور و خوض کے بعد ہمیں اس بارے میں مطلع کریں گے۔‘‘
عبدالمنان نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ممبرا کے صارفین پر جاری ظلم نہیں روکا گیا اور ہمارے مطالبات پورے نہیںہوئے تو پارٹی کے ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی قیادت میں ٹورینٹ پاور کے سامنے راستہ روکو احتجاج کیا جائے گا اور اس کی ذمہ دار بجلی سپلائی کمپنی ہوگی۔
واضح رہے کہ نومبر ۲۰۲۲ء میں ٹورینٹ پاورکو ممبرا سے نکالنے کیلئے دستخطی مہم بھی چلائی گئی تھی۔ سماجوادی پارٹی مہاراشٹر کے صدر ابو عاصم اعظمی کی قیاد ت میں ایک وفد نے وزیر توانائی دیویندر فرنویس کو دستخطوں کی کاپی بھی دی تھی اور ٹورینٹ پاور کو ممبرا سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا ۔
سماج وادی پارٹی کے مطالبات:
(۱)من مانی طریقے سے جو بجلی بل بھیجا جارہا ہے، اسے فوراً روکا جائے۔ (۲)صا رفین کی شکایت سنی نہیں جاتی یا افسران کے ذریعے انہیں پریشان کیاجاتا ہے۔ اس رویہ کو فوراً درست کیا جائے۔ (۳) ٹورینٹ کے افسران کےذریعے ویجلینس کے نام پر ڈرا دھمکا کر رقم وصول کی جاتی ہے، اسے فوراً روکا جائے۔ (۴) ایم ایم آر میں جتنی بھی بجلی سپلائی کمپنیاں ہیں، ان ہی کے نرخوں پربجلی بل بھیجا جائے۔(۵) دیکھ ریکھ کے نام پر کسی ایک علاقے میں پورا دن بجلی سپلائی منقطع نہ کی جائے۔ (۶)میٹر تبدیل کرنے کے معاملے میں ایم ای آر سی کے قانون کی خلاف ورزی بند کی جائے۔ (۷)صارفین کی شکایت ہے کہ ٹورینٹ کے میٹر فاسٹ ہے اور اس کی ریڈنگ تیز اور غلط آتی ہے، اس شکایت کو دور کرنے کیلئے ایک کمیٹی بنائی جائے۔(۸)آف لائن شکایت کیلئے ایک الگ ٹیلیفون نمبر اور الگ کاؤنٹر شروع کیا جائے۔
میمورنڈم میں یہ انتباہ بھی دیا گیا ہےکہ تمام مطالبات کے تعلق سے ٹورینٹ نے کیا اقدام کئے ہیں، اس سے متعلقہ عہدیداروں کو آگاہ کیا جائے۔ اگر ایسا نہیں کیاگیا تو سماجوادی ٹورینٹ کےآفس کے سامنے راستہ روکو آندولن کرے گی۔