• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبرا :ٹورینٹ پاور کے خلاف سماج وادی پارٹی کا پیر کو احتجاج کا فیصلہ

Updated: June 19, 2024, 11:48 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

پریس کانفرنس میں پارٹی کے مقامی صدرنے دھاندلی بند کرنے اورمطالبات پورے نہ ہونے پر جیل بھرو آندولن کا انتباہ دیا

Scene from Samajwadi Party press conference in Mumbra.
ممبرا میں سماج وادی پارٹی کی پریس کانفرنس کا منظر۔

ممبرا کوسہ ، شیل اور دیوا میں بجلی سپلائی کرنے اور بل وصول کرنے والی ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف سماجوادی پارٹی نے پیر ۲۴؍ جون کی دوپہر ۲؍ بجے کمپنی کے آفس کےپاس  بمقابل بھارت گیئر کمپنی  احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔  پارٹی کے لیڈروں کاکہنا ہے کہ ٹورینٹ پاور من مانے طریقے سے فاسٹ میٹر لگاتی ہے اور کئی گنا بل زیادہ آنے پر جب صارفین شکایت کرتے ہیں توبجائےان کی شکایت دور کرنے کے ان کا مذاق اڑایاجاتا ہے اور انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔ گویا کوئی شکایت سنی نہیں جاتی اور نہ ہی بل ادا کرنے کیلئے مہلت دی جاتی ہے بلکہ دھاندلی کرتے ہوئے بجلی کنکشن منقطع کر دیا  جاتا ہے۔ اسی ہٹلر شاہی کے خلاف یہ احتجاج 
 کیا جارہا ہے۔ سماجوادی لیڈر وں نے دھمکی دی  ہے کہ اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو جیل بھرو احتجاج کیا جائےگا۔ 
 اس سلسلے میں    سماج وادی پارٹی ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر عبدالمنان شیخ نے   پارٹی  آفس  نزد نورانی، ہوٹل کوسہ میںمنعقدہ پریس کانفرنس میںالزام لگاتے ہوئے بتایا کہ ’’جب سے ٹورینٹ پاور کمپنی  ممبرا  پر مسلط کی گئی ہے تب سے یہاں کے صارفین پریشان ہیں۔ پچھلےکچھ مہینوں سے ٹورینٹ کے افسران دادا گیری اور ظلم کر رہے ہیں۔ فاسٹ میٹر لگا کر صارفین کو مانی طریقے سے بل بھیجا جارہا ہے اور فاسٹ میٹر کی شکایت کرنے جانے پر بل ادا کرنے کہا جاتا ہے۔ بل ادا نہ کرنے پر بجلی کنکشن منقطع کیا جارہا ہے۔  حال ہی میں ایک ایسا معاملہ سامنے آیاکہ ٹورینٹ پاور کے چند افسران ایک خاتون کے گھر گئے۔ اس کابل ادا نہیں کیا گیاتھا۔ اس خاتون نے منت سماجت کی  اور بجلی بل ادا کرنے کیلئے مہلت مانگی لیکن اس کی  درخواست سنی نہیں گئی بلکہ اس سے بدتمیزی کرتے ہوئے اس کا بجلی کنکشن منقطع کر دیاگیا۔ ٹورینٹ کی اس ہٹلر شاہی کے  خلاف سماج وادی پارٹی ( ممبرا )  یہ دھرنا دے گی۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم سماجوادی پارٹی کےریاستی صدر ابو عاصم سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ بھی اس احتجاج میں شرکت کریں۔ ‘‘عبدالمنان کے بقول ٹورینٹ پاور کے افسران کی دھاندلی  کے خلاف ہم نے ۱۵؍ جون کو ٹورینٹ پاور،ڈائے گھر پولیس اسٹیشن اور ممبرا پولیس اسٹیشن کو لیٹر بھی دیا  ہے۔
 پریس کانفرنس میں سماجوادی پارٹی  ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ   کے خزانچی  محمد عادل چودھری نے بتایا کہ ’’ٹورینٹ کے خلا ف اس احتجاج میں بڑی تعداد میں عوام شرکت کریں، اس کیلئے جمعرات، جمعہ ،سنیچر  اور اتوار کو چوراہوں پر کارنر میٹنگیں منعقد کی جائیں گی اور ٹورینٹ کی دھاندلی کے خلاف عوام کو بیدار کیا جائے گا نیز پیر کے احتجاج میں ان سے شریک ہونے کی اپیل کی جائے گی۔ یہ نکڑ میٹنگ شبلی نگر، شملہ پارک، کوسہ قبرستان، تنور نگر، قسمت کالونی ، درگارہ روڈ اور سنجے نگر وغیرہ ۸؍ مقامات   پر میٹنگ منعقد کی جائے گی۔‘‘ محمد عادل چودھری نے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہیں ہوئے تو سماجوادی پارٹی کی جانب سے جیل بھرو آندولن کیاجائےگا۔
 محمدعادل چودھری نے مزید بتایا کہ نومبر ۲۰۲۲ء میں ٹورینٹ کو ممبرا سے نکالنے کی دستخطی مہم بھی چلائی گئی تھی ۔ سماجوادی پارٹی  مہاراشٹر کے صدر ابو عاصم اعظمی کی قیاد ت میں ایک وفد نے وزیر توانائی دیویندر فرنویس کو دستخطوں کی کاپی  بھی دی تھی اور ٹورینٹ پاور کو ممبرا سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا لیکن ایسا محسوس ہوتا ہےجیسے ٹورینٹ کو حکومت کی حمایت حاصل ہے۔
سماج وادی پارٹی کے مطالبات:
 سماجوادی پارٹی  نے  یہ مطالبات کئے ہیں :
 صارفین کی شکایت کو فوراً سنا جائے۔ انہیں گھنٹوں بٹھا کر ہراساں نہ کیا جائے۔ گھنٹوں انتظار کرنے سے عاجز آکر صارف واپس ہو جاتا۔
 بقایا بل   وصول کرنے کیلئے صارفین کو دھمکانے اور غنڈہ گردی کو فوراً روکا جائے۔
   ایم ایس ای ڈی سی ایل  کےزمانہ میں متعدد میٹر وں کو مستقل منقطع (پی ڈی) کر دیا گیا تھا، ٹورینٹ ان کنکشن کو شروع بتا کر دھڑلے سے پرانے بل بھی جوڑ کر بل بھیج رہی ہے۔ شکایت کے باوجود کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے۔ اس دھاندلی کو روکا جائے۔
 صارفین کے میٹر بہت تیز  ہیں ۔ممبرا میں ٹورینٹ کا بل زیادہ آتا ہے۔ 
  اس بارے میں جب  ان سے یہ پوچھا گیا کہ ٹورینٹ کا میٹر فاسٹ ہونے کی کسی لیب سے تصدیق کرائی گئی ہےکیا؟تو عبدالمنان شیخ نے کہا کہ اس کی تصدیق تو نہیں کرائی گئی  کیونکہ کسی اور کمپنی کی میٹر لگانے کیلئے ٹورینٹ پاور والے یہ کہتے ہیں کہ پہلے ان کی لیب میں میٹر کی جانچ ہوگی، اس کے بعد صارف میٹر لگا سکتا ہے ۔

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK