• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا: سنّی اجتماع میں نوجوانوں کو خرافات سے بچانے اور نماز کا پابند بنانے کا پیغام

Updated: January 13, 2025, 11:23 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

متل گراؤنڈ میں منعقدہ اجتماع میں مولانا معین میاں نےکہا کہ معاشرے کو تباہی سے بچانے کیلئے میدان عمل میں آئیں۔ مفتی مولانا نظام الدین نے بتایا کہ میراث میں حصہ نہ دینے والوںکوجنت میں بھی پورا حصہ نہیں ملے گا۔

Maulana Moin Mian expressing his opinion in the one-day gathering of Sunni Dawat-e-Islami held at Tal Ground. Picture: Inquilab
تل گراؤنڈ میں منعقدہ سنی دعوت اسلامی کے یکروزہ اجتماع میں مولانا معین میاں اظہارِ خیال کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

یہاں سنی دعوت اسلامی کے زیر اہتمام اتوار کو منعقدہ سنی اجتماع میں مولانا معین الدین اشرف (معین میاں ) نے اپیل کی کہ نئی نسل کو منشیات اور دیگر خرافات سے بچانے کیلئے ہمیں اپنے علاقوں میں مخرج کے ساتھ قرآن پڑھنے کا اہتمام کرنا چاہئے اور نوجوانوں کو نماز کا پابندبنانا چاہئے۔ اس سے ہمارے نوجوان ہر طرح کی برائیوں اور ہر طرح کے خرافات سے محفوظ رہیں گے۔ انہوں نےشرکائے اجتماع کوتلقین کی کہ آپ سب اپنے اپنے بچوں پر نماز پڑھنے کیلئے زور دیں۔ 
 مولانا معین میاں نے اجتماع میں مغرب کی نماز پڑھائی اور دعا کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ ’’ ہمارے بچے آج گلیوں اور محلوں میں ٹہلتے گھومتے رہتے ہیں، اذان ہوتی ہے تو بھی وہ مسجدوں کے باہر موٹر سائیکلوں پر بیٹھے رہتے ہیں لیکن یہ افسوس اور ماتم کرنے والی بات ہے کہ وہ نماز کیلئے نہیں جاتے تو آخر کیسے ہمارا معاشرہ سدھرےگا۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ یہ صرف علماء ہی نہیں آپ کی بھی ذمہ داری ہے کہ اپنے علاقوں، گلیوں اور اپنے محلوں میں بیداری لائیں اور ہمارے معاشرے جس طرح کی تباہی پھیلی ہوئی ہے، اس کے خلاف میدان عمل میں آئیں اورکام کریں ۔ لوگوں کو دین سکھائیں، دین سے وابستہ ہوں، قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگی گزاریں، یقیناً ہر طرح کی برائیوں اور ہر طرح کی خرافات سے ہم بچے رہیں گے۔ 
 مولانا معین میاں نے ہر سال ممبرا میں اسی طرح ۲؍ روزہ سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ 
 واضح رہے کہ سنی دعوت اسلامی کےتھانے ضلع کا پہلا یکروزہ اجتماع اتوار کو ممبرا کے متل گراؤنڈ میں منعقد ہوا۔ صبح ساڑھے ۱۱ ؍بجے سے دوپہر ایک بجے تک کے سیشن میں `ایس ڈی آئی امید کے مہر پروفیشنل کے ذریعے کریئر گائیڈنس کا سیشن منعقد کیا گیا۔ اس سیشن میں ڈاکٹر امتیاز میمن (ڈینٹسٹ ڈ انٹر نیشنل سرٹیفائیڈ کونسلر) نے طلبہ کی رہنمائی کی۔ 
 ظہر کی نماز کے بعد مولانا خالد رضوی(سنی دعوت اسلامی میرا روڈ کےمبلغ) نے بہترین انداز میں نماز کا صحیح طریقہ بتایا۔ 
 مولانا عمران نوری نے دوستی کے بارے میں بتایا کہ دوست کون ہوتا ہے، دوست کسے بنانا چاہئے۔ مختصراً یہ کہ اگر دوست اللہ کی یاد دلاتا ہے تو وہ صحیح دوست ہے۔ 
  نماز عصر کے بعد بین الاقوامی سطح کے مفتی مولانا نظام الدین نے مذاکرات میں وراثت کی تقسیم کے تعلق سے حاضرین کو اہم معلومات دیں۔ مولاناموصوف نے بتایا کہ حق تلفی کرنے والے کا جنت سے حصہ کاٹ دیا جائے گا۔ اگر اس نے میراث کا پورا حصہ کسی کو نہیں دیا تو اس کا جنت سے پورا حصہ کاٹ دیا جائے گا۔ اسی طرح آدھا حصہ کاٹے گا تو اس کی جنت کا آدھا حصہ کاٹ دیا جائے گا تو اس کا مطلب کیا ہوا کہ جو جنت سے پورا حصہ لینا چاہتا ہے تو وارثین کو شریعت کے مطابق پورا پورا حق دے۔ 
 انویسٹمنٹ (سرمایہ کاری )کہاں کرنا چاہئے اور کون سا انویسٹمنٹ جائز ہے؟ اس سوال کے جواب میں مولانا مفتی نظام الدین نے کہا کہ جہاں شریعت اجازت دیتی ہے تو شریعت اس کا ذمہ لیتی ہے اور وہاں انویسٹمنٹ کرنے سے نقصان نہیں ہوگا اور اچانک بربادی نہیں آئے گی۔ جب لوگ زیادہ نفع کی لالچ کرتے ہیں اور اس میں سودی کاروبار شامل ہو جاتا ہے تو وہ اچانک گر جاتا ہے۔ سود کے تعلق سے قران نے پہلے ہی سخت وعیدیں کی ہیں۔ سود سے کاروبار میں کیڑے اور اس کی نحوست ہوتی ہے پھر وہ تباہ ہو جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK