• Sun, 23 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا تا میرا روڈ اے سی بس سروس بند نہیں ہو گی: شمیم خان کا دعویٰ

Updated: February 23, 2025, 10:22 AM IST | Mumbra

وہ ڈرائیور جو بس اسٹاپ پر نہیں رکتے یا بسیں اسٹینڈ سے دور کھڑی کرتے ہیں ، ان کے خلاف کارروائی کا انتباہ بھی دیا

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

میرا روڈ پرواسی سنگھ کی جانب سے تھانے میونسپل ٹرانسپورٹ( ٹی ایم ٹی) کے رکن شمیم خان کو شکایت کی گئی تھی کہ ممبرا سے میرا روڈ اے /سی بس روٹ نمبر ۷۵؍ کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس شکایت پر شمیم خان نے ٹی ایم ٹی کے افسران سے ملاقات کی اور انہیں میمورنڈم دے کر مذکورہ بس سروس جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔ اس مطالبے پر افسران نے فی الحال مذکورہ بس سروس کو جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ اس دوران شمیم خان نے ان بس ڈرائیوروں کے خلاف اسٹنگ آپریشن کرنے کا انتباہ دیاجو بس اسٹاپ سے دور بس اور سڑک کےدرمیان بس کھڑی کرتےہیں اور کچھ اسٹاپ پر بس نہیں روکتے۔ 
اس ضمن میں جمعہ کو پریس کانفرنس میں این سی پی (شرد پوار) کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر اورٹی ایم ٹی رکن شمیم خان نے بتایاکہ ممبرا سے بھیونڈی، میرا روڈ اور دیگر شہروں کے لیے ٹی ایم ٹی کی اے /سی اور نان اے/ سی بسیں چلتی ہیں لیکن اس درمیان میرا روڈ پرواسی سنگھ کے صدر صلاح الدین شیخ نے مجھ سے ملاقات کر کے بتایا تھاکہ میرا روڈ کی اے سی بسیں اچانک بند کر دی گئی ہیں۔ اے سی بسیں بند ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ شکایت موصول ہونے کے بعد مَیں نے اور صلاح الدین شیخ کے ساتھ ٹرانسپورٹ ایڈمنسٹریٹر سے ملاقات کی اور میمورنڈم دے کر مذکورہ اے سی بس سروس کو بند نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ میر ا روڈ سے ممبرا آنے میں تقریباً ۲؍گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔ اس بس سے بہت سے طلبہ ممبرا سے میرا روڈ جاتے ہیں اور کچھ لوگ کام کیلئے بھی اسی بس کا استعمال کرتے ہیں۔ ان دنوں شدید گرمی بھی پڑ رہی ہے اور اے سی بس ہونے سے طلبہ اطمینان سے پڑھائی کرتے ہوئےاس بس سے سفر کرتے ہیں اور دیگر مسافروں کو بھی گرمی سے راحت ملتی ہے۔ ایسی حالت میں اے سی بس سروس بند ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی ہوگی۔ 
شمیم خان کے بقول اے سی بس کا کرایہ ۳۵؍ روپے ہے اور غیر اے سی کا ٹکٹ۲۸؍روپے یعنی کل صرف ۷؍روپے کے فرق کے سبب ہم مسافروں کو کیوں پریشان کریں اورپھر اگر اے سی بس ہوگی تو مسافروں کی تعداد بھی بڑھے گی۔ اس کیلئےمیں نے ایڈمنسٹریٹر سے بات کی جس پر انہوں نے ہماری بات سننے اور سمجھنے کے بعد اے سی بسیں فی الحال جاری رکھنے کی بات کہی اور مجھے یقین دلایا کہ اس روٹ پر صرف تین نان اے سی بسیں چلیں گی اور یکم جون سے سبھی اے سی چلیں گی۔ 
شمیم خان نے بتایا کہ بس نمبر۱۴۲؍جو کہ بھارت گیئر سےصبح ۹؍ بجےسے دوپہر۲؍ بجے تک ماجھیواڑہ تک چلتی ہے، اسے دوپہر۲؍ بجے سے شام۶؍ بجے تک حکیم اجمل خان اسپتال سے ہوکر چلایا جائے تاکہ مریضوں کو اسپتال جانے میں راحت مل سکے۔ اسی طرح ممبرا کے رہائشی اور تھانے میونسپل ٹرانسپورٹ میں کام کرنے والے سعید گلبار کی آن ڈیوٹی موت ہو گئی تھی جس پر ہم نے ان کے بیٹے شاہد گلبار کو ٹی ایم ٹی میں نوکری دینے کا مطالبہ بھی کیا جس پر افسر نے انکے بیٹے کو ملازمت دینے کا یقین دلایا ہے۔ 
شمیم خان نے ٹی ایم ٹی کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا اور اس کے ساتھ ہی میڈیا کے ذریعہ ان بس ڈرائیوروں کو انتباہ دیا جوبسیں بس اسٹاپ پرٹھیک سے کھڑا نہیں کرتے، کئی کئی بس اسٹاپ پر بس نہیں روکتے۔ شمیم خان نے ایسے بس ڈرائیوروں کے خلاف مہم شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا وہ خود بسوں میں بیٹھ کر ان سب کا اسٹنگ آپریشن کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK