بگ باس فاتح کیلئے بھنڈی بازار، ڈونگری، جے جےجنکشن، محمدعلی روڈ اورکرافورڈ مارکیٹ وغیرہ میں جشن ، جابجا آتش بازی
EPAPER
Updated: January 30, 2024, 7:38 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
بگ باس فاتح کیلئے بھنڈی بازار، ڈونگری، جے جےجنکشن، محمدعلی روڈ اورکرافورڈ مارکیٹ وغیرہ میں جشن ، جابجا آتش بازی
بگ باس کے ۱۷؍ویں سیزن کے فاتح اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار منور فاروقی کی کامیابی کا جشن شہرومضافات کےمختلف علاقوں میں انتہائی جوش وخروش کے ساتھ منایاگیا ۔ خاص طور پر بھنڈی بازار اور ڈونگری میں ان کی کامیابی پرپیر کو دن بھر جشن کاماحول رہا ۔
اتوار اور پیر کی شب ۱۲؍بجے ان کےفاتح ہونےکےاعلان کےساتھ ہی جنوبی ممبئی کے متعدد علاقےمثلاً بھنڈی بازار، ،ڈونگری، جے جےجنکشن، محمدعلی روڈ اورکرافورڈ مارکیٹ وغیرہ میں زبردست آتش بازی کی گئی ۔ آتش بازی کا سلسلہ دیررات تک جاری رہا۔
ان کی کامیابی کی خبر کے عام ہوتے ہی جہاں ایک طرف مداحوں نے سڑکوں پر خوشیاں منائیں ،وہیں دوسری طرف سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں مبارکباد دی ۔ منور فاروقی نے وعدہ کیاتھاکہ اگر وہ بگ باس میں کامیاب ہوتےہیں تواپنی ٹرافی کےساتھ ڈونگری کا دورہ کریں گے۔اسی وعدہ کےمطابق پیر کو انہوںنے ڈونگری کا دورہ کرکے اپنے مداحوں کا شکریہ اداکیا۔ان کےسیکڑوں مداحوں نے اس دورہ پر فاتح منور فاروقی کا پُر جوش خیرمقدم کیا۔ ان کےمداحوںنے ان کی کار کو گھیر لیاتھا جس کی وجہ سے منور نے اپنی گاڑی کا سن روف کھولا اور وہیں کھڑے ہوکرہوا میں ہاتھ لہراکر مداحوں کا شکریہ اداکیا۔ساتھ ہی اپنی ٹرافی ہاتھ میں اُٹھا کر کامیابی پر حد درجہ مسرور نظرآئے ۔ ان مناظر کو موبائل کے ہزاروں کیمروں میں قید کیا گیا ۔ ان کے ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں۔
منور کے اس دورے کے موقع پر ان کے مداحوں نے ان سے ہاتھ ملانے، سیلفیاں لینے، تصویریں کلک کرنے کی کوشش کی۔ کچھ مداحوں نے دور سے منور کو سلامی بھی پیش کی۔ منور نے بھی ہاتھ جوڑ کر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
بھنڈی بازار کے سماجی کارکن کاشف شاہ نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ منورفاروقی آج (پیر کو) ڈونگری چار نل آئے تھے۔ ان کےیہاں پہنچنے سے قبل ان کے مداح ان کی ایک جھلک پانے کیلئے گھنٹوں پہلے سے موجودتھے۔ انہو ں نے اپنی ٹرافی ہاتھ میں اُٹھاکر اپنے مداحوں کودکھائی تو پوراعلاقہ منور کےنعرے سے گونج اٹھا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا،’’ منور فاروقی نے ٹرافی ڈونگری لا کر اپناوعدہ پورا کرکے اہل ڈونگری کادل جیت لیا ہے۔انہیںمزید کامیابی ملے، یہی ہماری دعا ہے۔‘‘ڈونگری کے سلمان سوریہ نے بتایاکہ ’’ اتوار اورپیر کی شب سے منورفاروقی ڈونگری کے اکثر افراد کی زبان پر ہیں۔ خاص طورپر یہاں کے نوجوان منور فاروقی کےبارے ہی میں باتیں کر رہے ہیں اور ان کی کامیابی پر مسرور ہیں۔ وہ ڈونگری چار نل، بچوں کےجیل کےقریب واقع ایک بلڈنگ میں رہتے تھے۔ انہیں اس علاقہ سے خاص لگائو ہے۔ اسی وجہ سے کامیابی کےبعد وہ یہاںآئے اور اپنے لوگوں کاشکریہ اداکیا۔ پیر کو ان کےیہاں آنےپر بہت زیادہ بھیڑ تھی ، ٹریفک کانظام درہم برہم ہوگیاتھا جس کی وجہ سےٹریفک پولیس کو سخت محنت کرنی پڑی۔‘‘