محمدعلی روڈ کی ایک چھوٹی دکان سے شروع ہونے والا طبی اورسماجی سرگرمیوں کا سفردسویں دہائی میں داخل۔
EPAPER
Updated: January 22, 2025, 10:32 AM IST | Saadat Khan | Marine Lines
محمدعلی روڈ کی ایک چھوٹی دکان سے شروع ہونے والا طبی اورسماجی سرگرمیوں کا سفردسویں دہائی میں داخل۔
طبی اور سماجی خدمات کیلئے گزشتہ ۹۳؍ برسوں سے سرگرم جنوبی ممبئی کی معروف طبی وسماجی تنظیم ’مسلم ایمبولنس سوسائٹی ‘ کسی تعارف کی محتاج نہیں ۔ ۲۴؍جولائی ۱۹۳۲ءمیں قائم ہونے والی سوسائٹی کا اولین مقصد خدمت خلق رہا ہے۔ مسلم اکثریتی علاقہ محمدعلی روڈ کے چکلہ اسٹریٹ کی ایک چھوٹی دکان سے شروع ہونے والا طبی اورسماجی سرگرمیوں کا سفر دسویں دہائی میں داخل ہوچکا ہے۔ اسی مناسبت سے ادارہ ھٰذا نےجمعہ۲۴؍جنوری کو مرین لائنس کے اسلام جمخانہ میں ایک شاندار تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں منگل کو اسلام جمخانہ میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلم ایمبولنس سوسائٹی کے موجودہ ذمہ داران نے مذکورہ تقریب کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پرمسلم ایمبولنس سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالرئوف سمار نے سوسائٹی کے نائب صدر انور پشوری، ابراہیم کولسہ والا، اعزازی سیکریٹری تنویر حوااور اعزازی خزانچی اقبال مولیدیناوغیرہ کا تعارف پیش کرنے کیساتھ مسلم ایمبولینس سوسائٹی کی بنیاد ملت کا درد رکھنےوالے جن ۷؍ افراد، ابراہیم ہارون، ایوب ہارون، نور محمد دھیان، محمد حسین سمار، اکبرعلی خان اور عبدالرحیم بچوسیٹھ نے ڈالی تھی، سوسائٹی سےمتعلق ان کے جذبات اور خدمات کی تفصیلات بیان کیں۔
ڈاکٹر عبدالرئوف سمارنے بتایا کہ ’’سوسائٹی کا مقصدبلاتفریق مذہب وملت غریب اور نادار افراد کی سماجی اورطبی خدمت کرنا ہے جس کی واضح مثال مسلم ایمبولنس سوسائٹی نے اپنے ابتدائی دور میں گنپتی وسرجن کے موقع پر ایک برادرانِ وطن کے زخمی ہونے پرسب سے پہلے ا سے ایمبولنس کے ذریعے اسپتال پہنچاکر کی تھی۔ وبائی امراض کے دوران بھی اس ادارہ نے طبی خدمات پیش کرکے مثال قائم کی ہے۔ فسادات کےدوران بھی اس سوسائٹی نے بلاتفریق متاثرین کی مدد کی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ ممبئی کے علاوہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی ہماری شاخیں طبی خدمات پیش کر رہی ہیں۔ جلد ہی جنوبی ممبئی کے ڈنکن روڈ پر ایک شاخ کا افتتاح ہونےوالا ہے۔ ‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’مسلم ایمبولینس سوسائٹی کے زیر نگرانی بچوں کو مفت ٹیکہ لگانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ۱۹۷۳ء سے ٹی بی کے مریضوں کا مفت علاج کیا جارہاہے۔ مسلم ایمبولینس سوسائٹی گزشتہ ۹۳؍سال سے مریضوں کی خدمت میں مصروف ہے۔ ان خدمات کیلئے مخیر حضرات ایک عرصے سےمالی تعاون پیش کر رہے ہیں ۔ امید یہ ہے کہ مستقبل میں بھی ہم اسی طرح اپنی خدمات کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔ ‘‘