• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’ مسلم ریزرویشن منہ بھرائی نہیں، سماجی انصاف ہے‘

Updated: June 08, 2024, 7:44 AM IST | New Delhi

مرکز میں بی جےپی کے ساتھ حکومت سازی کے باوجود تیلگودیشم اپنے موقف پر اٹل، چندرا بابو نے مودی سرکار کو قومی مفادات اور علاقائی اُمنگوں  میں توازن برقرار رکھنے کا مشورہ دیکر بھی بہت کچھ واضح کردیامگر نتیش کمار کا رویہ حیرت انگیز، بہار میں تعطل کے شکار کاموں کی تکمیل کا مطالبہ تو کیا مگرمودی کے آگے ہتھیار ڈالتے نظر آئے

Nitish and Chandrababu in the meeting of newly elected NDA MPs on Friday. Left: Chandrababu`s son Naralokesh
جمعہ کو این ڈی اے کے نومنتخب اراکین پارلیمان کی میٹنگ میں نتیش اور چندرا بابو ۔ بائیں جانب:چندرا بابو کے فرزند نارالوکیش

 لوک سبھا انتخابات میں وزیراعظم مودی نے جس مسلم ریزرویشن کی مخالفت کرتے ہوئے نفرت پھیلائی،اب اسی کی حمایت کرنے والی تیلگودیشم پارٹی کے ساتھ  مرکز میں حکومت  سازی  پر مجبور ہیں۔ انتخابات  کے دوران مودی  نے مسلم ریزرویشن کو  اس طرح  پیش کیا جیسے اکثریتی فرقے کے حقوق اوران کی دولت چھین کر اقلیتوں کو دی جارہی ہے۔  اس کا جواب پھر  ان ہی  کی اتحادی پارٹی تیلگودیشم (ٹی ڈی پی ) کی جانب سے آیا۔ اس کے ساتھ ہی یہ اشارہ مل گیا ہے کہ ٹی ڈی پی مرکز میں بی جےپی کے ساتھ حکومت تو بنارہی ہے مگر اپنی شرطوں پر قائم رہ کر۔ چندرا بابو نائیڈو نے جمعہ کو این ڈی اے کے اراکین پارلیمان کی میٹنگ میں بھی وزیراعظم مودی کو یہ واضح  پیغام دیا کہ’’ قومی مفاد‘‘کے نام پر کچھ بھی برداشت نہیں کرلیںگے۔ انہوں  نے مودی کی موجودگی میں دوٹوک انداز میں کہا کہ اتحادی  سرکار  چلانے کیلئے مودی کو قومی مفادات  کے ساتھ مختلف ریاستوں  اوران  کےعوام کی علاقائی امنگوں کا بھی خیال رکھنا ہوگا اوراس میں ایک توازن برقرار رکھنا پڑے گا۔
’’ ریزرویشن منہ بھرائی نہیں سماجی انصاف ہے‘‘
  اُدھر ٹی ڈی پی سربراہ  چندرا بابو نائیڈو   کے فرزند اور پارٹی  کے سینئر لیڈر نارالوکیش نے جمعہ کو ایک نیوز چینل سے گفتگو  میںآندھرا میں مسلم  ریزرویشن  کا دفاع کیا اور کہا کہ ریاست میں ۱۲؍ جون کو ان کی حکومت بن جانے کے بعد بھی ریزویشن جاری  رہے گا۔ کہا کہ ’’مسلمانوں  کیلئے ریزرویشن منہ بھرائی نہیں بلکہ سماجی انصاف ہے۔‘‘  بی جےپی مسلمانوں کیلئے ریزرویشن کو  منہ بھرائی اور ووٹ بینک کی سیاست قرار دیتی ہے۔ نارا لوکیش نے  بتایا کہ آندھرا میں مسلمانوں کی فی کس آمدنی سب سے کم ہے اس لئے سماجی انصاف  کا تقاضہ ہے کہ انہیں ریزرویشن ملے۔ ان کے مطابق’’یہ (مسلم کوٹہ) دو دہائیوں سے ہے اور ہم اس کے حق میں  ہیں۔اسے جاری رکھیں گے۔‘‘ انہوں  نے مزید کہا کہ ’’مسلمانوں میں فی کس آمدنی  سب سے کم ہے، بطور حکومت یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ انہیں غربت سے باہر نکالیں۔ اس لئے ہم جو فیصلے کرتے ہیں ان کا مقصد منہ بھرائی نہیں بلکہ انہیں غربت سے باہر نکالنا ہے۔‘‘
ملک کی ترقی کیلئے ناگزیر 
 اپنی ۴؍ ہزار کلومیٹر طویل پدیاترا کے ذریعہ آندھرا میں  لوک سبھا اوراسمبلی الیکشن میں  ٹی ڈی  پی کی شاندار کامیابی میں اہم رول ادا کرنے  والے  نارا لوکیش نے مسلمانوں کے ریزویشن پر سوال اٹھانے والوں کو جواب دیاکہ ’’اگر ہم  ملک کو ترقی یافتہ بنانا چاہتے ہیںتو کسی کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتے۔ سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا اوراسی میں  مواقع ہیں۔  سب کو ساتھ لے کر چلنا ٹی ڈی پی کا خاصہ  ہے۔‘‘
 چندرا بابو کا مودی کو واضح پیغام
 اُدھر  ٹی ڈی پی صدرچندرا بابو نائیڈو نے جمعہ کو این ڈی اے کے اراکین پارلیمان کی میٹنگ میں  وزیراعظم مودی کو اتحادی حکومت چلانے کیلئے رہنما خطوط بھی سمجھا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’سماج کے تمام طبقا کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بناتے ہوئے قومی مفادات اور علاقائی  امنگوں کے درمیان توازن کا معاملہ ساتھ ساتھ چلنا چاہئے۔‘‘

 

lok sabha Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK