• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایم این ایس کارکنان کے ہاتھوںایئرٹیل شوروم میں مسلم ’ٹیم لیڈر‘ کی پٹائی

Updated: January 05, 2025, 4:18 PM IST | Agency | Pune

اراشٹر نونرمان سیناکے کارکنان کے ہاتھوں ایک مسلم نوجوان کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ یہ نوجوان پونے  میں واقع ایئر ٹیل کمپنی کے ایک شو روم میں بطور ’ ٹیم لیڈر‘ کام کرتا ہے۔

An Airtel showroom in Pune. Photo: INN
پونے میں ایئر ٹیل کا ایک شوروم۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر نونرمان سیناکے کارکنان کے ہاتھوں ایک مسلم نوجوان کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ یہ نوجوان پونے  میں واقع ایئر ٹیل کمپنی کے ایک شو روم میں بطور ’ ٹیم لیڈر‘ کام کرتا ہے۔ اس پر  شو روم میں کام کرنے والے ایک ملازم نے الزام لگایا ہے کہ وہ شوروم میں مراٹھی نہ بولنے کی تاکید کرتا ہے۔ 
  اطلاع کے مطابق پونے شہر کے واکے واڑی علاقے میں واقع ایئرٹیل کے شو روم میں شہباز احمد نامی نوجوان بطور ’ ٹیم لیڈر‘ تعینات ہے۔ اس کے ماتحت کام کرنے والے ایک مراٹھی نوجوان نے الزام لگایا ہے کہ شہباز اسے شو روم میں ڈیوٹی کے وقت مراٹھی بولنے سے روکتا ہے۔  اس نے کئی بات انتباہ دیا کہ اگر ’فلور‘ پر ( کام کی جگہ پر) اگر مراٹھی بولی تو کام سے نکال دیا جائے گا۔ لڑکے نے جب کہا کہ وہ مہاراشٹر نونرمان سینا کے دفتر جا کر اس کی شکایت کرے گا تو  شہباز نے جواب دیا ’’کوئی بھی سینا کو لے کر آئو میں نہیں ڈرتا۔میں نہیں بولتا  مراٹھی، دیکھتا ہوں کون آتا ہے۔‘‘ ساتھ ہی مبینہ طور پر شہباز نے کہا ’’ میں تمہیں کام سے نکال دوں گا اگر ہندی میں بات نہیں کی تو۔‘‘ 
  اس لڑکے نے ایم این ایس کے دفتر جاکر شکایت کی۔ لڑکے نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ شہباز ہندو تہواروں کے موقع پر ملازمین کو چھٹی نہیں دیتا ہے۔ جبکہ مراٹھی ملازمین کی تنخواہیں ، دو دو تین تین مہینے روک کر رکھتا ہے۔  سنیچر کو ایم این ایس کے کچھ کارکنان ایئرٹیل کے  شوروم پہنچے اور انہوں نے شہباز احمد کی پٹائی کر دی۔    ساتھ ہی ایئر ٹیل کمپنی کو دھمکی دی ہے کہ مراٹھی ملازمین کی جو تنخواہیں باقی ہیں اسے پیر تک ادا کر دیا جائے ورنہ شہر میں کمپنی کے جو ۳؍ شو روم ہیں وہاں توڑ پھوڑ کی جائے گی۔ یاد رہے کہ پونے میں سوار گیٹ، واکے واڑی اور کھارڈی ان ۳؍ علاقوں میں ایئر ٹیل کے شو روم ہیں۔  ایم این ایس کارکنان نے ان تینوں شوروم  میں توڑ پھوڑ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ 
  فی الحال اس تعلق سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے کہ ایم این ایس کارکنان کی جانب سے شہباز احمد کے ساتھ ہوئی مارپیٹ کے معاملے میں پولیس میں کوئی معاملہ درج ہوا ہے یا نہیں۔  نہ ہی شہباز احمد یا ایئرٹیل شوروم کے حکام نے کوئی بیان جاری کیا ہے۔ 
 البتہ’ لوک ستہ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق  مہاراشٹر نو نرمان سینا کے  ریاستی جنرل سیکریٹری آشیش سابلے نے اس تعلق سے بیان دیا ہے۔ ان کا کہناہے کہ شوروم میں مراٹھی بولنے کی ممانعت اور مراٹھی ملازمین تنخواہیں روکے جانے کی شکایت ملنے کے بعد وہ خود ایئرٹیل کے شو روم گئے تھے اور وہاں شو روم کے ذمہ داروں سے بات کرکے ملازمین کی تنخواہیں جلد از جلد دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ سابلے کا کہنا ہے کہ شہر میں واقع ایئر ٹیل کے ۳؍ شوروم میں توڑ پھوڑ کرنے کی دھمکی بھی پہلے ہی دی گئی تھی اس کے باوجود شوروم انتظامیہ پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ نہ ہی شہباز احمد کا رویہ تبدیل ہوا اس کیلئے ایم ورکروں نے سنیچر کے روز شہباز پر حملہ کیا۔ اب ایئر ٹیل والوں کو تنخواہوں کیلئے پیر تک کا وقت دیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK