• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

میری ماں کو خاندان کو متحد رکھنے کی فکر ہے، ان کے بیان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے : روہت پوار

Updated: December 15, 2024, 11:48 AM IST | Agency | Mumbai

ایک روز قبل این سی پی کے بانی شرد پوار کی بہو اور رکن اسمبلی روہت پوار کی ماں سنندا پوار نے کہا تھا کہ ’’ این سی پی کے دونوں گروہوں کو ایک ہو جانا چاہئے کیونکہ مٹھی ایک ہو جائے تو طاقت بڑھتی ہے۔

Sunanda Pawar`s son and MLA Rohit Pawar. Picture: INN
سنندا پوار کے بیٹے اور رکن اسمبلی روہت پوار۔ تصویر: آئی این این

ایک روز قبل این سی پی کے بانی  شرد پوار کی بہو اور رکن  اسمبلی روہت پوار کی ماں سنندا پوار نے کہا تھا کہ ’’ این سی پی کے دونوں گروہوں کو ایک ہو جانا چاہئے کیونکہ مٹھی  ایک ہو جائے تو طاقت بڑھتی ہے۔‘‘ ان کے اس بیان کو شرد پوار اور اجیت پوار کی پارٹیوں کے  ایک ہو جانے کا ا شارہ سمجھا گیا تھا۔ لیکن اب ان کے بیٹے روہت پوار نے وضاحت کی ہے کہ ان کی ماں کے بیان کا کوئی سیاسی مطلب نہیں تھا۔ وہ محض اپنے خاندان کو متحد کرنے کی بات کر رہی تھیں۔ 
یاد رہے کہ شرد پوار کی سالگرہ کے موقع پر اجیت پوار ان سے ملنے دہلی میں ان  کی سرکاری رہائش گاہ پر گئے تھے۔ اس موقع پر پوار خاندان کے کئی لوگ موجو د تھے جن میں سنند پوار بھی شامل تھیں۔ سنند پوار سے جب میڈیا نے دونوں پارٹیوں کے ایک ہوجانے پر سوال کیا تو انہوں نے کہا تھا ’’  اجیت پوار اور شرد پوار کی پارٹیاں ایک ہو جائیں گی یا نہیں اس پر فی الحال کچھ کہا نہیں جا سکتا۔ ہر خاندان میں اختلافات ہوتے ہیں۔ یہ اختلافات ختم ہو جائیں گے اور مستقبل میں دونوں ایک ہو جائیں گے۔ ‘‘ انہوں نے کہا تھا کہ ’’ دونوں ایک ہو جائیں میری یہی خواہش ہے کیونکہ مٹھی ایک ہو جائے تو طاقت بڑھتی ہے اور انگلیاں بکھری ہوئی ہوں تو طاقت کم ہو جاتی ہے۔‘‘  ان کے اس بیان کو دونوں  پارٹیوں کے جلد ایک ہو جانے کا اشارہ سمجھا گیا اور میڈیا  میں اس معاملے پر خوب تبصرے ہوئے۔ 
اب روہت پوار نےاپنی ماں کے بیان کے تعلق سے  وضاحت پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے ’’میری ماں پوار خاندان کی سب سے بڑی بہو ہیں۔ خاندان متحد رہے یہی ان کی خواہش ہوگی۔ اگر آپ مجھ سے پوچھیں تو ۳۷؍ سال میں سب کو میں نے متحد ہی دیکھا ہے۔ خاندان کا ایک رہنا ہی بہتر ہوتا ہے۔ ‘‘ البتہ روہت پوار کا کہنا تھا ’’لیکن خاندان اور سیاست یہ دو الگ چیزیں ہیں۔  بطور خاندان ہمیںمتحد رہنا چاہئے لیکن سیاسی نظریہ بھی  اتنا ہی اہم ہوتا ہے۔  سیاسی اعتبارسے ہم علاحدہ ہیں۔‘‘ روہت پوار نے اپنی ماںکے تعلق سے کہا کہ ’’ماں سیاسی نہیں ہیں وہ سماجی  ہیں۔  انہوں نے ہمیشہ سماجی اعتبار سے کام کیا ہے۔  ان کا دل پوری طرح صاف ہے۔  ان کے دل ودماغ میں کہیں بھی سیاست نہیں ہے۔ ‘‘ روہت پوار نے کہا ’’ انہوں نے پوری ایمانداری سے اپنی رائے پیش کی ہے۔ ہم ہندوستانی کلچر کے اعتبار سے کام کرنے والے لوگ ہیں اور ماں نےاسی کلچر کے لحاظ سے اپنی رائے پیش کی ہے۔  ہندوستانی کلچر کے اعتبار سے خاندان کا متحد ہونا ضروری ہے۔ ماں اسی پس منظر میں بات کر رہی ہوں گی۔‘‘  یاد رہے کہ ۲۰۲۳ء میں اجیت پوار ۴۰؍ اراکین اسمبلی کو اپنے ساتھ لے کر  این سی پی کو چھوڑ گئے تھے۔ انہوں نے بی جے پی سے ہاتھ ملایا اور نائب وزیر اعلیٰ ہو گئے۔ مبصرین نے اسی وقت کہا تھا کہ بعد میں شرد پوار کی پارٹی کا باقی حصہ بھی بی جے پی کے ساتھ چلا جائے گا۔  اب ٹھیک وہی صورتحال ہے اور چاروں طرف شرد پوار کی پارٹی کے بی جے پی کے ساتھ جانے کی بات ہو رہی ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK