• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

میری جائیداد میری اولادوں میں یکساں طور پر تقسیم ہوگی: امیتابھ بچن

Updated: September 05, 2024, 7:04 PM IST | Mumbai

ہیورن انڈیا رِچ لسٹ ۲۰۲۴ء میں شامل بالی ووڈ کے تجربہ کار اداکار امیتابھ بچن نے ۲۰۱۱ء کے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنی جائیداد بیٹے ابھیشیک اور بیٹی شویتا میں مساوی طور پر تقسیم کریں گے۔

Amitabh Bachchan Photo: INN
امیتابھ بچن۔ تصویر: آئی این این

ہیورن انڈیا رِچ لسٹ ۲۰۲۴ء کے مطابق شاہ رخ خان ہندوستان کے امیر ترین سلیبریٹی ہیں۔ اس فہرست میں ۱۶۰۰؍ کروڑ مالیت کے اثاثوں کے ساتھ امیتابھ بچن بھی شامل ہیں۔ ان کا ۲۰۱۱ء کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ان کی موت کے بعد جائیداد کی تقسیم کیسے ہوگی۔ امیتابھ بچن نے ریڈف کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’مَیں نے فیصلہ کیا تھا کہ اپنے بچوں میں فرق نہیں کروں گا۔ میری موت کے بعد میری تمام جائیداد میرے بیٹے ابھیشیک اور بیٹی شویتا میں مساوی طور پر تقسیم ہوگی۔ جیا اور میں نے بہت پہلے ہی یہ فیصلہ کیا تھا۔ ہر کوئی کہتا ہے کہ لڑکی ’پرایا دھن‘ ہے لیکن میری نظر میں، وہ ہماری بیٹی ہے، اور اس کے بھی وہی حقوق ہیں جو ابھیشیک کے ہیں۔ 
اتفاق سے گزشتہ سال امیتابھ بچن نے اپنا بنگلہ ’’جلسہ‘‘ شویتا بچن نندا کو تحفے میں دیا تھا۔ اس وقت اس کی قیمت ۵۰؍ کروڑ روپے تھی۔ اسی گفتگو میں امیتابھ نے بیٹے ابھیشیک کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے ابھیشیک کی پیدائش سے پہلے ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ اسے بیٹے کی طرح نہیں دوست کی طرح پالوں گا۔ وہ میرا دوست ہوگا۔ جس دن اس نے میرے جوتے پہننا شروع کئے، اس دن کے بعد سے وہ میرا بیٹا نہیں بلکہ دوست بن گیا۔ میں اب اس کے ساتھ دوستوں کی طرح رہتا ہوں۔ میں ایک باپ کے طور پر اس کے بارے میں فکر مند ضرور ہوتا ہوں، ایک باپ کی طرح اس کی دیکھ بھال کرتا ہوں، اور باپ ہی کی طرح نصیحت کرتا ہوں، لیکن جب ہم بات کرتے ہیں تو ہم دوست بن جاتے ہیں۔‘‘ 



متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK