Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

تھائی لینڈ، میانمار میں ۷ء۷؍ شدت کا زلزلہ، عمارتیں زمین بوس

Updated: March 28, 2025, 3:07 PM IST | Naypyidaw

میانمار کے مقامی وقت کے مطابق ۱۲؍ بجکر ۵۰؍ منٹ پر ۷ء۷؍ شدت کے زلزلے کےسبب عمارتوں میں شگاف پڑ گئے۔ شہری اپنی جان بچانے کی خاطر یہاں وہاں بھاگ رہے تھے۔ ملک بھر افراتفری۔ ہندوستان نے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔

The aftermath of the earthquake can be seen in Myanmar. Photo: PTI
میانمار میں زلزلے کے بعد کی تباہی دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

امریکہ کے جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق آج جمعہ کو وسطی میانمار میں ۷ء۷؍ شدت کا طاقتور زلزلہ آیا۔ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ۱۲؍ بج کر ۵۰؍ منٹ پر آنے والے اس زلزلے سے دارالحکومت نیپیداو میں سڑکیں سنسان ہوگئیں، زلزلے کے جھٹکے ہندوستان، چین اور تھائی لینڈ تک محسوس کئے گئے۔ زلزلے کا مرکز سگائینگ سے ۱۶؍ کلومیٹر شمال مغرب میں ۱۰؍ کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ تھائی لینڈ کے وزیر اعظم نے بنکاک میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا ہے۔پولیس اور طبی حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے زیر تعمیر ۳۰؍ منزلہ سرکاری دفتر کی فلک بوس عمارت گر گئی، جس میں ۴۳؍ کارکن پھنسے ہوئے ہیں۔ تھائی دارالحکومت کے شمال میں واقع عمارت زلزلے کے چند ہی لمحوں میں ملبےمیں تبدیل ہوگئی۔ 

ہندوستان اور چین میں زلزلے کے جھٹکے
کولکاتا اور امپھال میں ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ کولکاتا کے باشندوں نے عمارتوں میں ہلکی لرزش کی اطلاع دی۔ پی ٹی آئی نے شہر میں کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی۔ امپھال، منی پور میں، زلزلے سے خوف و ہراس پھیل گیا، خاص طور پر تھنگل بازار میں، جہاں کئی پرانی کثیر المنزلہ عمارتیں واقع ہیں۔ بیجنگ کی زلزلہ پیما ایجنسی کے مطابق چین کے جنوب مغربی صوبہ یونان میں بھی زلزلے کے اثرات کی اطلاع ملی۔

وزیراعظم ہند نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ہم ہر قسم کی امداد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے ایکس پوسٹ کیا کہ ’’میانمار اور تھائی لینڈ میں زلزلے کے بعد کی صورت حال پر تشویش ہے۔ ہر کسی کی حفاظت اور بھلائی کیلئے دعا گو ہیں۔ ہندوستان ہر ممکن مدد کی پیشکش کیلئے تیار ہے۔ اس سلسلے میں، ہمارے حکام تیار ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے ایم ای اے کو میانمار اور تھائی لینڈ کی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کیلئے کہا ہے۔ 

زلزلے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا
اے ایف پی کے صحافیوں کے مطابق، میانمار کے دارالحکومت نیپیداو میں عمارتوں اور سڑکوں سے چھتوں کے ٹکڑے گرے، ایک وسیع و عریض شہر جس میں ۲۰؍ لین تک چوڑی شاہراہیں ہیں۔ صحافیوں کی ایک ٹیم نیپیداو کے نیشنل میوزیم میں اس وقت موجود تھی جب زلزلہ آیا اور عمارت لرزنے لگی۔ چھت سے ٹکڑے گرے اور دیواروں میں شگاف پڑ گئے۔ زمین تقریباً ۳۰؍ سیکنڈ تک ہلتی رہی۔ فی الوقت کسی موت کی اطلاع نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK