عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان سنجے سنگھ کی عوام سے اپیل ،بی جے پی کو مہاراشٹر میں اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے مہا وکاس اگھاڑی کیلئے چناوی مہم چلانے کااعلان کیا۔
EPAPER
Updated: November 10, 2024, 9:33 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان سنجے سنگھ کی عوام سے اپیل ،بی جے پی کو مہاراشٹر میں اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے مہا وکاس اگھاڑی کیلئے چناوی مہم چلانے کااعلان کیا۔
مہاراشٹر میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے اسمبلی انتخابات میںعام آدمی پارٹی(آپ) کی جانب سے مہا وکاس اگھاڑی( ایم وی اے)کو بھرپور حمایت دینے کا اعلان کیاگیا ہے ۔بی جے پی کے لیڈروں کی جانب سے ’بٹیں گے تو کٹیں گے‘کے نعرے کا جواب دیتے ہوئےعام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان سنجے سنگھ نے نعرہ دیا ہےکہ ’’نہ بٹیئے نہ کٹیئےمل کر بی جے پی کورپٹیئے!‘‘۔ انہوں نے عوام سےمل کر مہاراشٹر کے وقار کو مجروح کرنے اور یہاں کے روزگار کو گجرات اور دیگر ریاست میں لے جانے والی بی جے پی کو سبق سکھانے کی اپیل بھی کی ہے۔
اس ضمن میں سنیچر کو مراٹھی پترکار سنگھ (ممبئی) میںپریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیاتھا ۔ اس پریس کانفرنس میں عام آدمی پارٹی کے لیڈر اوررکن پارلیمان سنجے سنگھ نے کہاکہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی کا مہاراشٹر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہے۔۲؍لاکھ کروڑ سے زیادہ کے پروجیکٹ مہاراشٹر سے چوری کرکے گجرات لے گئے ہیں۔‘‘انہوں نے کہاکہ’’اگر۱۰؍سال وزیراعظم رہنے کے بعد نریندر مودی یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم محفوظ نہیں تو اتنے برسوں میں وزیراعظم کیا کرتے رہے؟‘‘
سنجے سنگھ نے کہاکہ ’’عام آدمی پارٹی الیکشن نہیں لڑ رہی ہے لیکن پارٹی کا ہر رضاکار بی جے پی کو شکست دینے کیلئے ایم وی اے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کر رہا ہے۔مہاراشٹر حکومت ایک غیر آئینی حکومت ہے۔ یہ بدعنوان، ہارس ٹریڈنگ اور سیاسی جماعتوں کی ڈھٹائی سے قائم کی گئی ہے اس لیے ہم اس حکومت کے مخالف ہیں۔یہ حکومت مہاراشٹر مخالف حکومت ہے۔ نریندرمودی مہاراشٹرا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی وزیر اعظم کو یاد دلانا چاہتی ہے کہ وہ ملک اور مہاراشٹر جیسی سبھی ریاستوں کے وزیر اعظم ہیں۔ تقریباً،۲؍لاکھ کروڑ کی مالیت مہاراشٹر کے لئے بنائے گئے پروجیکٹوں کو گجرات لے جایا گیا ہے۔مہاراشٹر کے نوجوانوں کو ملنے والاروزگار گجرات اور دیگر ریاستوں کو دے دیا گیا اور مہاراشٹر میں بے روزگاری کے بحران کے باعث نوجوان بڑی تعداد خودکشی کر رہےہیں۔
رکن پارلیمان کے بقول بی جے پی اور مہاراشٹر کی غیرآئینی حکومت کےپاس جب بتانے کو کچھ نہیں ہے تو بی جے پی لیڈر شہریوں کو اکسانے مہاراشٹر آ رہے ہیں تاکہ اشتعا ل انگیز تقریر کے ذریعے عوا م کو مذہب کے نام پر تقسیم کر سکیں لیکن شہری متحد ہو کر بی جے پی کو شکست دیں۔ انہوں نے کہا نہ بٹیئے نہ کٹیئےمل کر بی جے پی کو رپٹیئے!۔ اگر بٹیں گے تو آپ کی جیب ہی کٹے گی۔اس پریس کانفرنس میں عام آدمی پارٹی کی ممبئی کی صدر پریتی شرما مینن اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ پہلے عام آدمی پارٹی نے ممبئی کی سبھی ۳۶؍سیٹوں پر اسمبلی انتخابات لڑنے کا اعلان کیاتھالیکن بعد میں یہ اعلان کیا گیا کہ بی جےپی کو اقتدار سےبے دخل کرنے اور اس کے خلاف ووٹ تقسیم نہ ہوں اس کیلئے مہاراشٹر اسمبلی الیکشن میں چناؤ نہ لڑنے اور مہا وکاس اگھاڑی کو اپنی بھر پور حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہےکہ مہاراشٹر اسمبلی کا چناؤ ایک ہی فیز میں ۲۰؍ نومبر کو منعقد ہوگا اور ۲۳؍ نومبر کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان کیاجائے گا۔
شیو سینا اور اس کے بعد این پی کی تقسیم کے بعدیہ پہلااسمبلی الیکشن ہے۔اس الیکشن میں یہ واضح ہو جائے گاکہ عوام ادھوسے علاحدہ ہونے والے ایکناتھ شندے اور شرد پوار سے الگ ہونے والے اجیت پوار کو کتناقبول کرتے ہیں۔