عمر یڈ میں عجیب و غریب واقعہ، صبح ۴؍ بجے ایک شخص کے گھر کی چھت پرگرا، عوام میں خوف وہراس، پولیس تفتیش میں مصروف۔
EPAPER
Updated: April 21, 2025, 9:55 AM IST | Ali Imran | Nagpur
عمر یڈ میں عجیب و غریب واقعہ، صبح ۴؍ بجے ایک شخص کے گھر کی چھت پرگرا، عوام میں خوف وہراس، پولیس تفتیش میں مصروف۔
ناگپور ضلع کے عمریڈ میں ایک مکان کی چھت پرآسمان سے ۵۰؍ کلو وزنی دھات کا ایک ٹکڑا گرنے سے عوام میں ہلچل مچ گئی ہے۔ سنیچر کی صبح تقریباً ۴؍بجے عمریڈ کے رہنےوالے اَمئے بسیشور کے گھر کی چھت پر جب یہ ٹکرا گرا تو آواز اس قدر بھیانک تھی کہ آس پاس کے لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ اس کی وجہ سے امئے کےمکان کی چھت پر دیوار کا کچھ حصہ ٹوٹ گیا ہے۔ پولیس کو اطلاع دینے کے بعد پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر مذکورہ ٹکڑے کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ اس کا وزن ۵۰؍کلو گرام ہے اور تقریباً ۱۰؍ سے ۱۲؍ ملی میٹر موٹا اور چار فٹ لمبا ہے۔
پولیس تفتیش کر رہی ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ دھات کا ٹکڑا کس چیز سے بنا ہے؟
تفصیلات کے مطابق سنیچر کی صبح جب سب لوگ گہری نیند میں تھے تب اچانک کوسے لے آؤٹ علاقے میں زور دار آواز آئی۔ آواز اتنی تیز تھی کہ شہری خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔ بعد میں پتہ چلا کہ امئے بھاسکر بسیشور کے گھر کی چھت پر ایک بڑا ٹکڑا گرا ہے۔ شہریوں کا قیاس ہے کہ دھات کا یہ ٹکڑا خلا سے گرا ہوگا۔ تفتیش کیلئے پہنچنے والے پولیس انسپکٹر دھناجی جالک نے بتایا کہ ’’ معائنہ کے دوران مکان کے کے سلیب پر لوہے کی ایک موٹی چادر پڑی ہوئی ملی جو جزوی طور پر ٹوٹی ہوئی تھی۔ دیوار کا ایک حصہ بھی ٹوٹ گیا ہے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن علاقے میں خوف کی فضا ہے اور پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ ‘‘