Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ناگپور: کرفیو کے سبب نماز جمعہ کا مشروط و محدود اہتمام

Updated: March 22, 2025, 9:35 AM IST | Nagpur

ایک جگہ پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی کے پیش نظر مساجد کمیٹیوں اور معاشرے کے ذمہ داران نے اہم فیصلہ کیا اور گھر سے نماز پڑھنے کی تاکید کی۔متاثرہ علاقوں کی مساجد میں گنتی کے افراد نے نماز جمعہ ادا کی۔ جگہ جگہ پولیس کا سخت پہرہ رہا۔

There was a heavy police presence outside the Jama Masjid in Mominpura ahead of Friday prayers. Photo: INN
نماز جمعہ کے پیش نظر مومن پورہ کی جامع مسجد کے باہر پولیس کا سخت پہرہ تھا۔ تصویر: آئی این این

فساد متاثرہ شہر میں اب امن و امان ہے، تاہم  محل علاقے میں اب بھی کشیدگی کا ماحول ہے۔لہٰذا  اس علاقے میں کرفیو اب بھی نافذ ہے۔ اس دوران جمعہ ۲۱؍مارچ کو فساد زدہ علاقے کی مساجد میں گنتی کے افراد کو ہی   نماز جمعہ کی اجازت دی گئی۔  پولیس کی جانب سے لگائے گئے کرفیو کے پیش نظر مختلف مساجد کمیٹیوں اور مسلم سماج   کے ذمہ داران نے   اہم فیصلہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو گھروں  میں ہی  نماز ادا کرنے کی تاکید کی۔مومن پورہ جامع مسجد میں معمول کے مطابق مقامی مسلمانوں نے   نماز جمعہ ادا کی  جبکہ   چٹنیس پارک اور شیواجی چوک کی مساجد میں صرف چار سے پانچ افراد ہی  نماز پڑھنے آئے۔  کرفیو اور ایک جگہ پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی کے پیش نظر مسجد کمیٹی  نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد میں نہ آئیں۔ چنانچہ چٹنیس پارک مسجد میں جہاں رمضان کے مہینے میں جمعہ کے دن کم از کم چارپانچ سو سے زائدافراد نماز پڑھنے آتے تھے، جمعہ کو صرف چند لوگ نظر آئے۔ شہر  کے مسلم اکثریتی علاقے مومن پورہ میں جمعہ کو پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ تحصیل پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے اس علاقے میں کرفیو میں کوئی نرمی نہیں ہے۔ پولیس نے مومن پورہ کی جامع مسجد میں جمعہ ۲۱؍ مارچ کو بڑی تعداد میں نماز ادا کرنے کے پیش نظر سیکوریٹی بڑھا دی تھی۔ مقامی تحصیل پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم کے ساتھ، ریاستی ریزرو پولیس فورس کے ساتھ ساتھ ناگپور پولیس کا فساد کنٹرول دستہ بھی موقع پر تعینات تھا۔ ناگپور پولیس نے رمضان اور جمعہ کے مہینے کو مدنظر رکھتے ہوئے نماز ادا کرنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی تھی ۔ انتظامیہ نے زور دیا کہ  نمازی اپنے گھر کے قریب کی مسجد میں نماز پڑھیں اور زیادہ دور کی مسجد کا رخ نہ کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK