• Sun, 23 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور: بارود فیکٹری دھماکہ کے مہلوکین کے اہل خانہ کا احتجاج

Updated: February 18, 2025, 1:51 PM IST | Ali Imran | Nagpur

کمپنی کے گیٹ پر جمع ہو کر کمپنی کے خلاف نعرے لگائے گئے، لواحقین کو ۲۰؍ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا مطالبہ۔

The families of the deceased protested outside the factory. Photo: INN
مہلوکین کے اہل خانہ نے فیکٹری کے باہر احتجاج کیا۔ تصویر: آئی این این

 اتوار کی سہ پہر ناگپور کے کوتوال بڈّی گاؤں کے قریب واقع ایشین فائر ورکس کمپنی میں یکے بعد دیگرے تین دھماکوں سے ۲؍ ہلاک اور ۵؍ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ مہلوکین اور زخمیوں کے لواحقین پیر کی صبح کمپنی کے دروازے کے سامنے جمع ہوگئے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ مہلوکین کے اہل خانہ کو ۲۰؍ لاکھ روپے معائوضہ دیا جائے۔ 
  بتادیں کہ ایشین فائر ورکس کمپنی کا آغاز سال ۲۰۱۷ میں کالمیشور تعلقہ کے کوتوال بڈّی گاؤں میں ہوا تھا۔ اس کمپنی میں تقریباً ۶۰؍ ملازمین کام کرتے ہیں جوبارود اور پٹاخوں کی بتّی تیار کرتے ہیں۔ اتوار کے دن بھی معمول کی طرح کمپنی میں شفٹ کے مطابق ۱۷؍مرد اور ۱۶؍ خواتین کل ۳۳؍ ملازمین کام کر رہے تھے۔ تقریباً ۲؍بجے دوپہر کے کھانے کا وقفہ ہوا اور ۲۸؍مرد و خواتین ملازمین اپنے ٹفن لے کر لنچ لینے کمپنی سے باہر چلے گئے۔ تاہم ۵؍ ملازمین کام میں مصروف رہے۔ اس دوران یکے بعد دیگرے تین دھماکے ہوئے۔ دھماکے میں لکشمن رجک اور منیت مڑاوی ہلاک اور۳؍ دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکہ ہوتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور ایمبولنس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دھماکے کی آواز تقریباً دس کلومیٹر تک سنی گئی اور کمپنی بڑی آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ 
  پیر کی صبح کمپنی کے گیٹ کے سامنے ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کے لواحقین جمع ہوگئے اور مطالبہ کیا کہ متوفی ملازمین کے لواحقین کو ۲۰؍لاکھ روپے کی مالی مدد دی جائے۔ تاہم خبر لکھے جانے تک کمپنی مالکان اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی برقرار تھی اور مظاہرین کا مطالبہ پورا نہیں ہوا تھا۔ اس واقعے کی کلمیشور تھانے میں نامعلوم ملزمین کے خلاف شکایت درج کروائی گئی تھی۔ فارنسک ٹیم اور پیس ٹیم کی رپورٹ کے بعد ایف آئی آر میں ملزمین کے نام شامل کیے جائیں گے۔ تاہم ایس پی انیل مہاسکے نے بتایا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK