• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نائراسپتال کا کارڈئیک سرجری کا شعبہ ایک ہفتہ سےبند،مریض پریشان

Updated: December 27, 2024, 9:46 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

بل کی عدم ادائیگی کے سبب ٹھیکیدار سرجری کیلئے درکار سامان سپلائی نہیں کررہے ہیں جس سےبائی پاس اورانجیوپلاسٹی نہیں ہورہی ہے۔ مریض نجی اسپتالوں میں علاج کروانے پر مجبور

Patients coming to Naira Hospital for treatment of heart diseases are facing difficulties these days. (File photo)
نائراسپتال میں امراض قلب کے علاج کیلئے آنے والے مریضوں کو ان دنوں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ (فائل فوٹو)

 نائر اسپتال کے سرجری ڈپارٹمنٹ کیلئے درکار آلات کے بل کی ادائیگی نہ ہونے سے ٹھیکیداروں نے سامان کی فراہمی روک دی ہے جس کی وجہ سے یہاں کے کارڈئیک سرجری کا ڈپارٹمنٹ گزشتہ ایک ہفتہ سے بند ہے جس سے بائی پاس   ،انجیوپلاسٹی اور دل کے دیگر امراض کا شکار افرادکاعلاج نہیں ہوپا رہاہے ۔ مریضوںکو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسمبلی الیکشن کی وجہ سے عائد ضابطہ اخلاق کے سبب بل کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے لیکن اب بل کی رقم بینکوںمیں منتقل ہوگئی ہے ۔ بینک سے جلد ہی ٹھیکیداروںکو رقم مل جائے گی۔
  نائر اسپتال میں روزانہ تقریباً ۴؍ہزار مریض علاج کیلئے او پی ڈی میں آتےہیں جن میں دل کےامراض میں مبتلا افرادکی بڑی تعداد ہوتی ہے ۔ان میں سے کچھ مریضوں کو سرجری کی ضرورت ہوتی ہے لیکن دل کی سرجری کیلئے درکار ضروری سامان   نہ ہونے سے ان دنوں یہاں دل کے مریضوں کا بائی پاس   ، انجیو پلاسٹی اور دیگر علاج نہیں ہو پا رہا ہےجس کی وجہ سے غریب مریض پریشان ہیں ۔ بائی پاس سرجری کےعلاوہ دل کے دیگر آپریشن اور علاج کیلئےد رکار آلات   نہ ہونے سےبھی مریضوںکو بڑی دقت کا سامنا ہے ۔مجبوراً مریض نجی اسپتالوں میں علاج کروا  رہے ہیں۔
 سیوڑی کے ۵۰؍سالہ سمیع اللہ شیخ نے بتایا کہ ’’مجھے دل کا آپریشن کرواناہے ۔ میں نائر اسپتال گیا تھا ۔ ڈاکٹروں نے ۳؍ اسٹینڈ لگانےکا مشورہ دیا ہے  جس کیلئے مجھے ۲؍لاکھ ۹۴؍ ہزار روپے کا انتظام کرنے کیلئے کہا گیا تھا ۔ اس رقم کا انتظام کرنے کے بعد جب میں نائر اسپتال گیا تو معلوم ہواکہ یہاں کا ہارٹ ڈپارٹمنٹ دل کے علاج کیلئے مطلوبہ سامان   نہ ہونے سے بند ہے ۔ شدید تکلیف کے باوجود علاج کیلئے مجھے مذکورہ ڈپارٹمنٹ   دوبارہ شروع ہونے کا انتظار کرنا ہے ۔معلوم نہیں کب یہ ڈپارٹمنٹ شروع ہوگا ۔‘‘
  نائر اسپتا ل کے میڈیکل سوشل ورکر شعیب ہاشمی نے بتایاکہ ’’ یہاں کا کارڈئیک ڈپارٹمنٹ گزشتہ ایک ہفتہ سے پوری طرح بند ہے جس کی وجہ سے متعدد امراض قلب کے مریض نجی اسپتالوں میں علاج کروانے پر مجبور ہیں ۔ میں نے ناگپاڑہ کے ایک مریض کے دل کا آپریشن بائیکلہ کے بالاجی اسپتال میں کروایا ہے ۔ اسی طرح دیگر مریض بھی پریشان ہیں ۔‘‘
 نائر اسپتال کے ڈین ڈاکٹر شیلیش موہتے نے اس بارے میں بتایا کہ ’’سرجری کا پورا شعبہ بند نہیں ہے، صرف بائی پاس سرجری بند ہے۔ اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ بل کی ادائیگی کی منظوری کا ذمہ دار ہے۔ اگرچہ انتخابی کاموں کی وجہ سےبل کی ادائیگی کی منظوری میں تاخیر ہوئی ہے لیکن اب تمام ادائیگیاں کلیئر کر کے بینک کو بھیج دی گئی ہیں لیکن بینک سے  رقم ابھی تک ٹھیکیدار کے کھاتے میں جمع نہیں ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں بینک کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹھیکیداروں کو ادائیگی کی رقم فوری طور پر تقسیم کی جائے۔ جلد ہی ٹھیکیداروں کو ان کی رقم مل جائے گی اور سرجری تھیٹر میں سہولیات ہموار ہو جائیں گی ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK