پارلیمانی الیکشن میں کانگریس اور این سی پی کے درمیان اختلافات کا امکان ،مدھا حلقہ این سی پی کیلئے ہے جبکہ پٹولے نے کہا کہ یہاں سے بھی کانگریس کو جیتنا چاہئے
EPAPER
Updated: May 22, 2023, 11:34 AM IST | Solapur
پارلیمانی الیکشن میں کانگریس اور این سی پی کے درمیان اختلافات کا امکان ،مدھا حلقہ این سی پی کیلئے ہے جبکہ پٹولے نے کہا کہ یہاں سے بھی کانگریس کو جیتنا چاہئے
یہاںکانگریس کی جنرل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس امیدوار کو شولاپور کے ساتھ ساتھ ماڑھا لوک سبھا حلقہ سے بھی جیتنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ۲۰۱۴ء اور۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو دونوں بارشولاپور حلقہ سے بری طرح شکست ہوئی ہے۔ نانا پٹولے نے ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں سشیل کمار شندے کو منتخب کرانے کی ذمہ داری لینے کی اپیل کی۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ کانگریس امیدوار کو نہ صرف شولاپور بلکہ مدھا لوک سبھا حلقہ سے بھی منتخب ہونا چاہئے۔واضح رہےکہ ایک طرف سابق مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو دوسری طرف کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے سشیل کمار شندے کے لیے اپیل کر رہے ہیں۔ چونکہ شولاپور حلقہ سے کانگریس کو کوئی دوسرا امیدوار نہیں مل رہا ہے، اس لئےنانا پٹولے ابھی سے ان کے حق میں فضا ہموار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
پچھلے کچھ مہینوں سے، این سی پی کے مقامی لیڈران یہ کوشش کررہے ہیں کہ شولاپورانتخابی حلقہ این سی پی کو ملنا چاہئے ، اس کیلئے ان کی سلور اوک میںآمدورفت بڑھ گئی ہے۔ شولاپور کے ایک بزنس مین اور سشیل کمار شندے کے قریبی ساتھی سدھیر کھرٹمل شولاپور حلقہ سے نیشنلسٹ پارٹی کے امیدوار ہیں۔ کیونکہ۲۰۱۴ء اور۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے کانگریس کو شکست دی تھی، ا سی بنیاد پر اب یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں شولاپور کی سیٹ این سی پی کیلئے چھوڑ دی جائے۔
ریاستی صدر نانا پٹولے نے اتوار کو شولاپور میں منعقدہ کانگریس کی جنرل میٹنگ میں شولاپور حلقہ پر دعویٰ کرتے ہوئے مدھا حلقہ پر بھی کانگریس کی دعویداری کا ا شارہ دیا جبکہ مدھا حلقہ این سی پی کے لیے ہے۔ نانا پٹولے کے شولاپور دورے اور مدھا پردعوے سے این سی پی ا ور کانگریس کے داخلی ا ختلافات پیدا ہوسکتے ہیں۔
سابق مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کو۲۰۱۴ء اور۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات میں بڑے فرق سے شکست ہوئی تھی۔۲۰۱۹ء میں، پرکاش امبیڈکر نے شولاپور حلقہ سے اپنا امیدواری فارم داخل کیا تھا ۔ سشیل کمار شندے اور پرکاش امبیڈکر کے درمیان مقابلے میںجئے سدیشو رمہا سوامی جیت گئے تھے ۔