Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

’’نینو یوریا اور ڈی اے پی کی خریداری میں۸۷؍ کروڑ کا گھوٹالہ ہوا ‘‘

Updated: February 10, 2025, 10:34 AM IST | Agency | Mumbai

نانا پٹولے کا الزام ،کہا کہ کسان خودکشی کر رہے جبکہ مہایوتی حکومت کسانوں کے وسائل لوٹنے میں مصروف ہے۔

Nana Patole Photo: INN
نانا پٹولے۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹرکانگریس کے صدر نانا پٹولے نے مہایوتی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ ریاست میں کسانوں کی خودکشی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، مگر بی جے پی کی زیرقیادت مہا یوتی حکومت کسانوں کی بہبود کے بجائے محض تشہیری مہم میں مصروف ہے۔ پٹولے نے کہا کہ’’ کسانوں کو مالی امداد دینے کے بلند بانگ دعوے کیے گئے، لیکن حقیقت میں محکمہ زراعت کے افسران اور وزراء نے ملی بھگت سے گھوٹالہ کرتے ہوئے اپنے خزانے بھر لئے۔ نینو یوریا اور نینو ڈی اے پی کی خریداری میں ۱۵۸؍ کروڑ روپے کے معاہدے میں ۸۷؍ کروڑ روپے کا بدعنوانی کی گئی ہے۔ 
 نانا پٹولے نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اس کرپشن کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کروانے کی جرأت دکھائیں۔ پٹولے نے محکمہ زراعت میں بدعنوانی کو بے نقاب کرتے ہوئے نینو یوریا اور نینو ڈی اے پی کی خریداری میں ہونے والے گھوٹالے کا پردہ فاش کیا ہے۔ یہ بدعنوانی ’مہاراشٹر ایگریکلچر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن‘ کے ذریعے ناگپور کی کمپنی ’پالیوال مہیشوری ہاؤس آف بزنس اینڈ ریسرچ‘ کے توسط سے کی گئی۔ کارپوریشن نے نینو یوریا اور نینو ڈی اے پی کی تیاری کے لیے خام مال کی خریداری کے نام پر پیشگی طور پر ۱۵۸ء۷۹؍ کروڑ روپے ادا کئے، جبکہ حقیقت میں ان مصنوعات کو ایف ایف سی او سے خرید کر کسانوں تک پہنچایا جانا تھا۔ پٹولے نے کہا کہ ’’مہاراشٹر ایگریکلچر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن‘ نے ٹینڈر میں دی گئی قیمتوں کے مطابق نینو یوریا پلس۲۲۰؍ روپے فی۵۰۰؍ ملی لیٹر بوتل اور نینو ڈی اے پی۵۹۰؍ روپے فی۵۰۰؍ ملی لیٹر بوتل کے حساب سے حکومت کو۳۹؍ لاکھ۲۵؍ ہزار۸۶۶؍ بوتلوں کی فراہمی کی۔ جبکہ نینو یوریا کی آن لائن قیمت۹۳؍ روپے اور نینو ڈی اے پی کی آن لائن قیمت ۲۷۳؍ روپے تھی۔ ’مہاراشٹر ایگریکلچر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن‘ نے ٹینڈر میں دی گئی قیمتوں کے مطابق (نینو یوریا۲۲۰؍ روپے فی۵۰۰؍ ملی لیٹر بوتل اور نینو ڈی اے پی۵۹۰؍ روپے فی۵۰۰؍ ملی لیٹر بوتل) اوسطاً۲۲۲؍ روپے فی بوتل زیادہ قیمت پر خرید کر۸۷؍ کروڑ۱۵؍ لاکھ۴۲؍ ہزار۲۵۲؍ روپے کی کرپشن کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK