ایک رکن پارلیمان اور ۲؍ اراکین اسمبلی سمیت کئی لوگ پارٹی بدلیں گے،آئندہ ہفتے ممبئی میں تقریب منعقد ہوگی۔
EPAPER
Updated: September 11, 2024, 11:05 AM IST | ZA Khan | Nanded
ایک رکن پارلیمان اور ۲؍ اراکین اسمبلی سمیت کئی لوگ پارٹی بدلیں گے،آئندہ ہفتے ممبئی میں تقریب منعقد ہوگی۔
ناندیڑ ضلع میں بی جے پی کو ایک بڑا جھٹکا لگنے والا ہے کیونکہ پارٹی کا ایک بڑا گروپ کانگریس میں شمولیت کی تیاری کر رہا ہے، ان میں ناندیڑ کے ایک سابق رکن پارلیمان اور دو سابق اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں۔ امکان ہے کہ آئندہ ہفتے تقریب ممبئی میں ایک تقریب کے دوران یہ لوگ کانگریس میں شامل ہوں۔
یاد رہے کہ لوک سبھا الیکشن سے قبل ریاست میں کانگریس لیڈران کے بی جے پی یا اس کی حلیف پارٹیوں میں شامل ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا لیکن لوک سبھا الیکشن کے نتائج کے بعد ملک میں سیاسی منظر نامہ تبدیل ہو چکا ہے۔ ایسی صورت میں اب بی جے پی لیڈران کا کانگریس اور این سی پی میں شامل ہونے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اسی دوران خبر ملی ہے کہ ناندیڑ سے بی جے پی کا ایک بڑا گروپ کانگریس میں شامل ہو سکتا ہے۔ ان میں ایک رکن پارلیمان اور ۲؍ ااراکین اسمبلی میں شامل ہیں۔ یاد رہے کہ کانگریس اعلیٰ کمان کی نظر بی جے پی کے ان لیڈران پر ہے جو پارٹی میں بے چینی محسوس کر رہے ہیں، جنہیں اپنے خیمے میں لایا جاسکتا ہے۔
اس دوران ناندیڑ کے ضلع اور شہر کانگریس کی ۳؍ شاخوں کی ایک مشترکہ میٹنگ بلائی گئی تھی جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اعلیٰ کمان سے سفارش کی جائے گی کہ حال ہی میں انتقال کر گئے ناندیڑ کے رکن پارلیمان وسنت چوان کی جگہ ان کے بیٹے رویندر چوان کو ضمنی انتخابات میں لوک سبھا کا ٹکٹ دیا جائے۔ اس میٹنگ میں ناندیڑ ضلع( شمال) کے کانگریس صدر بی آر کدم نے یہ تجویز پیش کی جبکہ ناندیڑ ضلع (جنوب) کے کانگریس صدر ہنومنت رائو بیٹ موگریکر اور ناندیڑ شہر کانگریس صدر عبدالستار نے اس تجویز کی تائید کی جسکے بعد یہ تجویز متفقہ طورپر منظور کر لی گئی۔ اب یہ تجویز ریاستی کانگریس کمیٹی کو بھیجی جائے گی۔ میٹنگ کے بعد پارٹی کے ریاستی سیکریٹری شیام درک نے اس کا اعلان کیا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر ایشور رائو بھوسی کر نے بھی رویندر چوان کی امیدواری کی حمایت کی۔