یونٹی صرافہ اینڈ ویلفیئر اسوسی ایشن کے ذمہ داران کی ایک وفد کی شکل میں میونسپل انتظامیہ سے ملاقات۔
EPAPER
Updated: January 15, 2025, 11:51 AM IST | ZA Khan | Nanded
یونٹی صرافہ اینڈ ویلفیئر اسوسی ایشن کے ذمہ داران کی ایک وفد کی شکل میں میونسپل انتظامیہ سے ملاقات۔
باغبان گلی صرافہ بازار کے تاجروں اور رہائشیوں نے ناندیڑ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ سے اس علاقے میں بندپڑی سیوریج لائنز اور سڑکوں کی فوری مرمت کی درخواست کی ہے۔
یونٹی صرافہ اینڈ ویلفیئر اسوسی ایشن کے ذمہ داران نے ایک وفد کی شکل میں میونسپل انتظامیہ سے ملاقات کرکے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ اسوسی ایشن کے ذمہ داران کے مطابق سڑکوں کے جاری کام کی رفتار نہایت سست ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسوسی ایشن نے بتایا کہ سڑکوں کی خراب حالت اور بے ترتیب کام کے سبب روزمرہ کی نقل و حمل اور صرافہ تاجروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہو ر ہاہے ۔ اس کے علاوہ، شہریوں کو گندگی اور دیگر مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
اسوسی ایشن نے اپنے مطالبات میں درج ذیل نکات شامل کئے:
سڑکوں کی مرمت کا کام فوری طور پر مکمل کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ سڑک کی تعمیر میں استعمال ہونے والی اشیاء کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ سڑکوں اور سیوریج لائنز کی درستگی کیلئے مقررہ وقت کا تعین کیا جائے۔ ناقص کام کے ذمہ دار ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اسوسی ایشن نے اپیل کی ہے کہ ان مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وفد میں اسوسی ایشن کے نائب صدر عمران سنار، سابق صدر اظہر خان، سیکریٹری اطہر سنار، جاوید سنار اورصرافہ بازار کے دیگر ذمہ داران اور تاجر شامل تھے۔