• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ: ای وی ایم کی تبدیلی کیخلاف ونچت بہوجن اگھاڑی کا احتجاج

Updated: May 15, 2024, 7:00 AM IST | ZA Khan | Nanded

پولنگ کے دن ۶۰؍ای وی ایم کیوں تبدیل کی گئی ؟ اورا سکی اطلاع پانچ دن کے بعد کیوں دی گئی:وی بی اے امیدوار۔

Lok Sabha candidate of Vinchat Bahujan Aghadi and party workers staged dharna. Photo: INN
ونچت بہوجن اگھاڑی کے لوک سبھا امیدوار اور پارٹی کارکنان نے دھرنا دیا۔ تصویر : آئی این این

پولنگ کے دن بڑے پیمانے پر ای وی ایم مشینوں کی تبدیلی کا سنگین الزام ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے لگایا  گیاہے۔اس معاملے پر ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا ۔مظاہرہ کی قیادت ’وی بی اے‘ کے ناندیڑ لوک سبھا کے امیدوار ایڈوکیٹ اویناش بھوسیکر نے کی ۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ  کے دن ضلع انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف پولنگ مراکز کی ۶۰؍ سے زائد ای وی ایم کو تبدیل کیا گیا۔ اس کے بارے میں انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کوکوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ ۵؍ دن کے بعد ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایک مکتوب جاری کرکے۶۰؍ مقامات کی الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کو تبدیل کرنے کے بارے میں اطلاع دی گئی ۔پولنگ کے دن اس طرح سے یہ ای وی ایم کیوں بدلنے کی ضرورت پڑی اور تبدیل بھی کی گئی تھی تو اس کی جانکاری پانچ دن کے بعد کیوں دی گئی ؟،اسی وقت شام میں کیوں نہیں دی گئی؟اس بارے میں کوئی خلاصہ نہیں کیا جارہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ای وی ایم کی تبدیلی کا یہ معاملہ مشکوک نظر آرہا ہے اسلئے اسکے خلاف ونچت بہوجن اگھاڑی نے یہ احتجاجی مظاہرہ کیاہے۔ 
 اویناش بھوسیکر نے الزام لگایا ہے کہ’’۶۰؍ مشینوں کی تبدیلی سے انتخابی نتائج بدل بھی سکتے ہیں اسلئے  اس پورے معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کی جائے اور اس وقت تک نتائج کا بھی اعلان نہ کیا جائے ۔اگر اس میں  دھاندلی ہوئی ہے تو ناندیڑ میں پھر سے انتخابات کروائے جائیں ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہ اس معاملے کو وہ پارٹی کے قومی صدر ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر کے علم میں لائیں گے ۔ واضح رہے کہ ناندیڑ لوک سبھا حلقہ کیلئے ۲۶؍اپریل کو ووٹنگ کی گئی ۔ وی بی اے کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ پولنگ کے دن بغیر کسی وجہ کے ای وی ایم مشینوں کو تبدیل کیا گیا ۔ حالانکہ ’موک پولنگ‘ کے دوران ای وی ایم میں تکنیکی خرابی کی کوئی خبر نہیں ملی۔ اسکے باوجود ای وی ایم کو اس طرح سے تبدیل کیا جانا شبہ پیدا کررہا ہے۔ منگل کو ناندیڑ کلکٹریٹ میں ونچیت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے دھرنا دیا گیا۔’وی بی اے‘ کے احتجاج  میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے ۔ مظاہرین نے ای وی ایم کے خلاف نعرے بازی کی اور ای وی ایم  ہٹاکر بیلٹ پیپر پر انتخابات کروانے کی مانگ کی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK