• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ہند اسپین شراکت داری نئی منزلوں کی طرف گامزن ہے‘‘

Updated: October 29, 2024, 10:37 AM IST | Vadodara

وزیر اعظم مودی کی گجرات میں اسپین کے وزیراعظم کے ساتھ ریلی، کہا’’ہندوستان دنیا کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سول طیاروں کی ڈیزائن اور تیاری پر کام کرے گا‘‘۔

Prime Minister Narendra Modi speaking in Gujarat. Photo: INN.
وزیراعظم نریندر مودی گجرات میں تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک میں دفاعی مینوفیکچرنگ ماحولیاتی نظام نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور اس سے مستقبل میں ’میڈ ان انڈیا سول طیاروں ‘ کو بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔ مودی نے پیر کو یہاں ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کے ساتھ ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹم لمیٹڈ (ٹی اے ایس ایل) کیمپس میں سی۔ ۲۹۵؍ملٹری ٹرانسپورٹ طیاروں کی تیاری کیلئے ٹاٹا ایئر کرافٹ کمپلیکس کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔ یہ طیارے فضائیہ کی نقل و حمل کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم ثابت ہوں گے۔ دونوں وزرائے اعظم نے اس موقع پر لگائی گئی نمائش کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت، گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور دیگر معززین موجود تھے۔ 
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ آج کے پروگرام کو ٹرانسپورٹ طیاروں کی تعمیر سے آگے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے پچھلی دہائی میں ہندوستان کے ہوا بازی کے شعبے کی بے مثال ترقی اور تبدیلی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ملک کے سیکڑوں چھوٹے شہروں کو ہوائی رابطہ فراہم کر رہا ہے نیز ملک کو ہوا بازی کا مرکز بنانے کیلئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ماحولیاتی نظام مستقبل میں میڈ ان انڈیا سول ایئرکرافٹ کیلئےبھی راہ ہموار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ہندوستانی ایئر لائنز نے۱۲۰۰؍ نئے طیاروں کا آرڈر دیا ہے۔ اس کا مطلب صرف یہ ہے کہ نئی افتتاحی فیکٹری مستقبل میں ہندوستان اور دنیا کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سول طیاروں کے ڈیزائن سے لے کر اس کی تیاری تک اہم کردار ادا کرے گی۔ 
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کا ہندوستان کا یہ پہلا دورہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری آج ایک نئی سمت کی جانب گامزن ہے۔ سی-۲۹۵؍ طیاروں کی مینوفیکچرنگ کے لئے ٹاٹا ایئر کرافٹ کمپلیکس کا افتتاح نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ ’میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ‘ کے مشن کو بھی رفتار دے گا۔ مودی نے اس موقع پر ایئربس اور ٹاٹا کی پوری ٹیم کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔ وزیر اعظم نے آنجہانی رتن ٹاٹا جی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سی-۲۹۵؍طیاروں کی فیکٹری نیو انڈیا کے نئے ورک کلچر کی عکاسی کرتی ہے اور کہا کہ ملک میں کسی بھی پروجیکٹ کے آئیڈیا سے لے کر عمل درآمد تک ہندوستان کی رفتار یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔ اکتوبر۲۰۲۲ء میں فیکٹری کا سنگ بنیاد رکھے جانے کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ مرکز اب سی-۲۹۵؍ طیاروں کی مینوفیکچرنگ کیلئے تیار ہے۔ پروجیکٹوں کی منصوبہ بندی اور عمل آوری میں ہو نے والی بے انتہا تاخیر کو ختم کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے وزیر اعظم نے گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر بڑودہ میں بمبارڈیئر ٹرین کوچ مینوفیکچرنگ مرکز کے قیام کو یاد کیا اور کہا کہ فیکٹری پیداوار کیلئے ریکارڈ وقت میں تیار تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’اس فیکٹری میں بنے میٹرو کوچز آج دیگر ممالک کو برآمد کئے جا رہے ہیں۔ ‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج کی افتتاحی مرکز میں بنائے گئے ہوائی جہاز بھی برآمد کئے جائیں گے۔ 
وزیراعظم نے اسپین کے مشہور شاعر انتونیو ماچاڈو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی ہم ہدف کی طرف چلنا شروع کرتے ہیں، ہدف کی طرف راستہ خود بخود بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا دفاعی مینوفیکچرنگ ماحولیاتی نظام آج نئی اونچائیوں کو چھو رہا ہے اوراگر۱۰؍ سال پہلے ٹھوس اقدامات نہ کئے جاتے تو آج اس منزل تک پہنچنا ناممکن ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک دہائی قبل دفاعی مینوفیکچرنگ کی ترجیح اور شناخت درآمد کے بارے میں تھی اور کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ہندوستان میں اتنے بڑے پیمانے پر دفاعی مینوفیکچرنگ ہو سکتی ہے۔ وزیراعظم نے تبصرہ کیا کہ حکومت نے ایک نئے راستے پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے، ہندوستان کیلئے نئے اہداف مقرر کئے جس کے نتائج آج واضح ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK