• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نریندر مودی آئین بدل دیں گے، یہ محض راہل گاندھی کا جملہ ہے:انتخابی منشور پر دیویندر فرنویس کی صفائی

Updated: April 16, 2024, 7:52 AM IST | Agency | Nagpur

نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کا کہنا ہے کہ ’’ مودی دوبارہ اقتدار میں آئے تو وہ آئین کو تبدیل کر دیں گے یہ محض راہل گاندھی کا جملہ ہے اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ‘

Devendra Fadnavis . Photo: INN
سابق وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس۔ تصویر : آئی این این

 نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کا کہنا ہے کہ ’’ مودی دوبارہ اقتدار میں آئے تو  وہ آئین کو تبدیل کر دیں گے یہ محض راہل گاندھی کا جملہ ہے اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ‘‘ یاد رہے کہ بی جے پی نے ایک روز قبل اپنا منشور جاری کیاتھا اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ کوئی چاہے بھی تو بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو نہیں بدل سکتا۔  اب دیویندر فرنویس نے پریس کانفرنس منعقد کرکے بی جے پی کے منشور کی وضاحت کی ہے۔ 
 یاد رہے کہ راہل گاندھی اپنی تقریروں میں کئی بار یہ بات کہہ چکے ہیں کہ اگر نریندر مودی دوبارہ اقتدار میں آئے تو  وہ ملک کے آئین کو تبدیل کر دیں گے۔ اسی کا جواب دیتے ہوئے دیویندر فرنویس نے کہا ’’ میں راہل گاندھی کو قصور وار نہیں ٹھہراتا کیونکہ وہ مطالعہ نہیں کرتے ہیں۔ انہیں کسی نے لکھ کر دیا ہوگا اور انہوں نے اسی کو پڑھ دیا۔ ‘‘ فرنویس نے کہا ’’انہوں نے اگر (بی جے پی منشور) پڑھنے کے بعد اپنا خیال ظاہر کیا ہوتا تو  میں اس پر بات کرتا۔‘‘ فرنویس نے دعویٰ کیا کہ ’’ بی جے پی کا انتخابی منشور کوئی کاغذ نہیں ہے بلکہ مودی کی گارنٹی ہے۔ اور عوام کو مودی کی گارنٹی پر یقین ہے اس لئے ملک اور ریاست میں عوام تیسری مرتبہ مہا یوتی کو اقتدار میں لائیں گے۔ ‘‘ نائب وزیر اعلیٰ نے آئین کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’ وزیر اعظم اپنی تقریر میں یہ کہہ چکے ہیں کہ بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کی وجہ سے ہی ایک چائے والا شخص وزیر اعظم بن سکا۔ گزشتہ ۱۰؍ سال میں مکمل اکثریت ہونے کے باوجود انہوں نے آئین کو تبدیل نہیں کیا بلکہ اس کی حفاظت کی۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ آئین کو تبدیل کر دیں گے یہ راہل گاندھی کا جملہ ہے۔ کانگریس کو جب اپنی شکست دکھائی دیتی ہے تو وہ عوام کوبدگمان کرنے کی کوشش کرنا شروع کر دیتی ہے۔  وہ اسی کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: ’’ شیوسینا اور این سی پی کی تقسیم میں بی جے پی کا کوئی ہاتھ نہیں ہے ‘‘

اپنی پریس کانفرنس کے دوران دیویندر فرنویس  نے بی جے پی کے انتخابی منشور میں شامل ۱۰؍ نکات  کے تعلق سے وضاحت کی لیکن ان کی پوری گفتگو کے دوران راہل گاندھی ہی ان کے نشانے پر رہے۔  فرنویس نے کہا ’’ راہل گاندھی کو معلوم ہے کہ وہ اقتدار میں نہیں آنے والے ہیں اس لئے وہ ہر ایک شخص کو تاج محل بنا کر دینے کاوعدہ بھی کر سکتے ہیں۔ ہمارا منشور تمام طبقات کو متحد کرنے والا منشور ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ راہل گاندھی کو او بی سی سماج کے تعلق سے بات کرنےکا کوئی حق نہیں ہے۔ کانگریس بی جے پی کو واشنگ مشین کہتی ہے لیکن عوام کو معلوم ہے کہ  ایک شفاف حکومت مودی ہی دے سکتے ہیں۔  جب ان لوگوں کے جملے ختم ہوجاتے ہیں تو یہ آئین تبدیل کر دیا جائے گا  ، جمہوریت خطرے میں پڑ جائے گی، اس طرح کی گمراہ کن باتیں پھیلانے لگتے ہیں۔‘‘ 
 اس دوران دیویندر فرنویس نے کانگریس کےقومی صدر ملکارجن کھرگے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔  انہوں نے کہا ملکارجن کھرگے ملک کی بات چھوڑ دیں، ان کا تعلق کرناٹک سے پہلے وہ کرناٹک کی فکر کریں۔ کانگریس  نے الیکشن کے دوران کرناٹک میں جتنے وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا ہے۔  انہوں نے مودی حکومت کے ’اگنی ویر‘ پروگرام کے تحت فوجیوں کی بھرتی کا یہ کہتے ہوئے دفاع کیا کہ فوج نے کہا تھا کہ انہیں سرحد پر نوجوانوں کی ضرورت ہے اس لئے یہ پروگرام لایا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK