یہ پیٹٹ کا چوتھا خلائی سفر تھا جس میں انہوں نے اپنے دو روسی ساتھیوں کے ساتھ ۲۲۰ دن خلاء میں گزارے اور اپنے ۷ ماہ کے مشن کے دوران ۳ ہزار ۵۲۰ مرتبہ زمین کا چکر لگایا۔ انہوں نے اپنے ۲۹ سالہ کریئر کے دوران مدار میں ۱۸ ماہ سے زیادہ وقت گزارا ہے۔
EPAPER
Updated: April 21, 2025, 6:00 PM IST | Inquilab News Network | Washington
یہ پیٹٹ کا چوتھا خلائی سفر تھا جس میں انہوں نے اپنے دو روسی ساتھیوں کے ساتھ ۲۲۰ دن خلاء میں گزارے اور اپنے ۷ ماہ کے مشن کے دوران ۳ ہزار ۵۲۰ مرتبہ زمین کا چکر لگایا۔ انہوں نے اپنے ۲۹ سالہ کریئر کے دوران مدار میں ۱۸ ماہ سے زیادہ وقت گزارا ہے۔
امریکہ کی خلائی ایجنسی نیشنل ایئروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کے سب سے معمر فعال خلاء باز ڈان پیٹٹ نے زمین کی طرف تیزی سے بڑھتے ہوئے ایک خلائی جہاز میں اپنی ۷۰ ویں سالگرہ منائی جب وہ بین الاقومی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر سات ماہ کے مشن کو مکمل کرکے زمین کی طرف لوٹ رہے تھے۔ سوئیز کیپسول میں سوار امریکی خلاء باز کے ساتھ دو روسی خلاء باز بھی تھے۔ ۲۰ اپریل ۲۰۲۵ء بروز اتوار پیٹٹ کی سالگرہ کے دن خلاء باز زمین پر کامیابی اور حفاظت کے ساتھ پہنچ گئے۔
تینوں خلاء باز قازقستان کے جنوب مشرق میں ایک دور دراز علاقے میں اترے، جہاں انہوں نے خلائی اسٹیشن سے تین گھنٹے سے کچھ زیادہ پہلے علیحدگی اختیار کی تھی۔ روس کی خلائی ایجنسی روسکوسموس نے کہا، "آج ماسکو کے وقت کے مطابق صبح ۴:۲۰ بجے (۱:۲۰ جی ایم ٹی) پر، سوئیز ایم ایس-۲۶ لینڈنگ کرافٹ، جس میں الیکسی اووچینن، ایوان ویگنر اور ڈونالڈ (ڈان) پیٹٹ سوار تھے، قازقستان کے شہر ژیزکازگان کے قریب اترا۔"
یہ بھی پڑھئے: آئی اے ایف کے کیپٹن شوبھانشو شکلا مئی میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جائیں گے
۲۲۰ دن خلاء میں گزارنے کے دوران، پیٹٹ اور ان کے ساتھی اووچینن اور ویگنر نے اپنے مشن کے دوران ۳ ہزار ۵۲۰ مرتبہ زمین کا چکر چکر لگایا اور ۳ء۹۳ ملین میل کا سفر طے کیا۔ یہ پیٹٹ کا چوتھا خلائی سفر تھا۔ انہوں نے اپنے ۲۹ سالہ کریئر کے دوران مدار میں ۱۸ ماہ سے زیادہ وقت گزارا ہے۔
ناسا کے ذریعے پوسٹ کی گئی لینڈنگ کی تصاویر میں دکھایا گیا کہ ایک چھوٹا کیپسول پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر اتر رہا ہے۔ بچاؤ اہلکار، انہیں خلائی جہاز سے طبی خیمے لے گئے، اس دوران خلاء بازوں نے انگوٹھے بلند کر کے اشارہ کیا۔ خلائی جہاز سے باہر نکالے جانے کے وقت تھوڑے کمزور دکھائی دیئے، تاہم ناسا نے ایک بیان میں کہا کہ پیٹٹ "اچھا محسوس کر رہے ہیں۔" پیٹٹ قازقستان کے شہر کراگنڈا سے ناسا کے طیارے کے ذریعے ایجنسی کے ٹیکساس، امریکہ میں واقع جانسن اسپیس سینٹر کیلئے روانہ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: امداد میں تخفیف کے سبب سائنسدانوں کی فرانس ہجرت
ناسا کے مطابق، خلاء بازوں نے آئی ایس ایس پر پانی کی صفائی کی ٹیکنالوجی، مختلف حالات میں پودوں کی نشوونما اور نہایت کم کشش ثقل کی موجودگی میں آگ کے رویے جیسے شعبوں میں تحقیق کی۔ تینوں خلاء بازوں کا سات ماہ کا سفر ناسا کے ہی دیگر خلاء بازوں بوچ ولمور اور سنیتا ولیمز کے ۹ ماہ کے غیر متوقع قیام سے تقریباً دو ماہ کم تھا جو خلائی جہاز میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے خلائی اسٹیشن پر پھنس گئے تھے۔ واضح رہے کہ خلائی میدان، امریکہ اور روس کے درمیان تعاون کے چند شعبوں میں سے ایک ہے۔ یوکرین تنازع کی وجہ سے ماسکو اور واشنگٹن کے تعلقات تقریباً مکمل طور پر ٹوٹ چکے ہیں۔