• Thu, 13 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مقامی افراد اور مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے ’نشہ سے پاک گوونڈی‘ مہم

Updated: February 13, 2025, 12:05 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

زبردست ریلی بھی نکالی گئی۔ پروگرام میں اداکارسونود ، مقامی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی اور اعلیٰ پولیس افسران شریک ہوئے

Students participating in a rally organized under the ‘Nashmukt Govindi’ campaign. (Photo: PTI)
’نشہ مکت گوونڈی‘ مہم کے تحت نکالی گئی ریلی میںشریک طلباء وطالبات ۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

یہاںشیواجی نگر اور اطراف کے علاقے مانخورد اور چمبور کے عوام  میںنوجوانوں میں نشہ کی بڑھتی لعنت اور جرائم کی وارداتوں سےتشویش پائی جارہی ہے۔اسی لئے انہوں نے مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر ’نشہ سےپاک گوونڈی‘   مہم  شروع کی  ۔ اس کے تحت بدھ کو مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں نشہ مخالف ریلی میں حصہ لیا۔  
  ممبئی پولیس نے گوونڈی کے عوام کی بارہا درخواستوں کے بعد ’نشہ سے پاک گوونڈی ‘مہم شروع کی ۔ بدھ کو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر میدان میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا،جس میں ممبئی کے پولیس کمشنر وویک پھنسلکر بھی حصہ لینے والے تھے لیکن کسی وجہ سے وہ شریک نہ ہوسکے ۔ تاہم ایڈیشنل پولیس کمشنرمہیش پاٹل اور ڈپٹی پولیس کمشنر دتا نلاؤڑے ، مقامی رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی اور مہمان خصوصی   اداکار سونو سود  پروگرام میں شریک ہوئے ۔ اس موقع پر اداکار سونو سود نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’نشہ کی لت محض بربادی اور جرائم کی طرف لے جاتی ہے، اس سے نہ صرف ہم اپنے آپ اور اپنے گھر والوں کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ دوسروںکی بربادی یا تکلیف کا سبب بھی بنتے ہیں ۔‘‘
  اس موقع پررکن اسمبلی  ابو عاصم اعظمی نے گوونڈی میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ اور نشہ کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے ایوان میں بارہا آواز بلند کرنے اور وزیر اعلیٰ دیویندرفرنویس اور پولیس کمشنر سے کی گئی اپیلوں کا حوالہ دیتے ہوئےپولیس اور عوام کے ساتھ مل کر نشہ مکت گوونڈی مہم کو کامیاب بنانے کا عہد کیا ۔  ایڈیشنل کمشنر آف پولیس اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے جہاں عوام اور سیاسی و سماجی تنظیموں کی مدد سے گوونڈی کو نشہ مکت کرنے کا یقین دلایا ہے  وہیں گوونڈی ، مانخورد  اور شیواجی نگر کے لوگوں نے بھی بڑھ چڑھ کر اس مہم میں حصہ لیا ۔
 بدھ کو مختلف تنظیموں اور اسکولی طلبہ کی  نشے کے خلاف پوسٹرس اور بینرس لے کر ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر پولیس نے ایک ہیلپ لائن نمبر۹۸۱۹۹۷۷۶۹۹؍بھی جاری کیا ہے اور یہ اپیل کی ہے کہ کوئی بھی شخص نشہ کی لت کا شکار یا خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف اس نمبر پر شکایت کر سکتا ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس نہ صرف اس کا نام مخفی رکھے گی بلکہ  شکایت پر فوری کارروائی بھی کرے گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK