• Thu, 17 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نیشنل کانفرنس تیار، جموں کا دِل جیتنے کا عزم

Updated: October 11, 2024, 11:01 PM IST | Srinagar

عمر عبداللہ نےلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی، باقاعدہ دعویٰ پیش کیا۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم اہل جموں کی ہر غلط فہمی دور کرنے کیلئے تیار ہیں

Omar Abdullah addressing the newly elected members of the assembly. Farooq Abdullah can also be seen with him. (PTI)
عمر عبداللہ پارٹی کے نو منتخب اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے۔ساتھ میں فاروق عبداللہ بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔(پی ٹی آئی )

جموں کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس اتحاد کی شاندار فتح کے بعد جمعہ کو پارٹی کی جانب سے نامزد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکز کے زیر انتظام اس خطے  لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت سازی کا باقاعدہ دعویٰ پیش کردیا ہے۔ انہوں نے گورنر سے ملاقات کے دوران اپنی پارٹی کے اراکین اسمبلی اور اتحادی پارٹیوں کانگریس اور دیگر کے اراکین اسمبلی کے حمایت کے خط سونپے اور اپنا دعویٰ پیش کیا۔ واضح رہے کہ ۲۰۱۸ء میں کشمیر میں گورنر راج نافذ ہونے کے بعد سے یہ پہلی عوامی طور پر منتخب حکومت ہو گی۔  واضح رہے کہ  ۹۰؍ رکنی اسمبلی میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد کے پاس ۴۸؍ سیٹیں ہیں جبکہ انہیں ۴؍ آزاد اراکین اور ایک عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی نے بھی حمایت دینے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد اسمبلی میں نیشنل کانفرنس حکومت کو واضح اکثریت حاصل رہے گی اور  اپوزیشن بی جے پی کی جانب سے کسی بھی طرح کی ریشہ دوانی کی کوشش اتنی آسانی سے کامیاب نہیں ہو گی۔
عمر عبداللہ نے کیا کہا ؟
  کشمیر کے نومنتخب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کرنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو میںکہا کہ ہم نےسبھی کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم کیا ہے اور ہماری کوشش ہو گی کہ نہ کشمیر کے ساتھ کوئی نا انصافی ہو اور نہ جموں کے ساتھ ہم کوئی نا انصافی ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں اور کشمیر بھلے ہی دو الگ الگ خطے ہیں لیکن یہاں کے لوگ ایک ہیں، ان کا رہن سہن ، کھانا پینا ، پہناوا اور یہاں تک کہ ان کی سوچ بھی ایک ہے۔ ہم ریاست کو گزشتہ ۶؍ سے ۷؍ سا ل کے دوران ہونے والے نقصان سے ابھارنے اور اسے پہلے جیسی جنت بنانے کے لئے سرگرم رہیں گے ۔
ہمارے سامنے کئی چیلنج 
 عمر عبداللہ نےپورے خطہ جموں کشمیر کی ترقی کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ ہمارے سامنے اس وقت کئی بڑے بڑے چیلنج ہیں۔ جن میں سے ایک بڑا چیلنج جموں کشمیر کی معیشت اور سیاحت کو پٹری پر لانا ہے۔ اس خطے کی ترقی تبھی ہو سکے گی جب ہم پوری قوت کے سامنے مل کر کام کریں گے اور خطے کی ترقی کے لئے ہاتھ بڑھائیںگے ۔ انہوں نے ایل جی کے تعلق سے کہا کہ وہ ان سے ہر وقت لڑائی مول لینا نہیں چاہتے بلکہ مل کر کام کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔ 
اہل جموںکیلئےفاروق عبداللہ کا  پیغام 
 نیشنل کانفرنس پارٹی کے سرپرست اور ملک کے سینئر ترین لیڈروں میں شمار ہونے والے فاروق عبداللہ نے سری نگر میں پارٹی لیڈروں  اور ہم خیال افراد کی ایک میٹنگ کے دوران اہل جموں کو یہ واضح پیغام دیا کہ وہ اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں کیوں کہ یہ حکومت پورے کشمیر کے لئے کام کرے گی اور کشمیر میں جموں بھی آتا ہے اور وادی بھی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم اہل جموں کا دل جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ فاروق عبداللہ کے مطابق  اگر کشمیر سے ہماری سیٹیں آئی ہیں تو جموں سے بھی ہم نے سیٹیں جیتی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہاں کے لوگ بھی ہماری آواز پر لبیک کہیں گے اور ریاست کی ترقی کیلئے سرگرم رہیں گے ۔ 
اہل جموں کو بہکایا گیا ہے
 فاروق عبداللہ نے اہل جموں کو واضح پیغام دیا کہ وہ بی جے پی یا دیگر کسی بھی فرقہ پرست پارٹی یا عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں کیوں کہ ہمیں معلوم ہے کہ اہل جموں کو بی جے پی والوں نے بہکایا ہے کہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کی حکومت بنتے ہی دہشت گردی  دوبارہ شروع ہو جائے گی یا اہل جموں کے حقوق کی حق تلفی شروع ہو جائے گی۔ فاروق عبداللہ کے مطابق ہمیں اہل جموں کے دل جیتنے ہیں ۔
اہل جموں کے جاب چلے گئے 
 فاروق عبداللہ نے یہ بھی واضح کیا کہ اسی بہکاوے میں آکر اہل جموں اپنی زمینیں ، اپنا وقار اور اپنی ملازمتیں تک گنوابیٹھے ہیں۔ ہم بی جے پی کے اسی پروپیگنڈے کے خلاف سرگرم ہونے والے ہیں تاکہ جموں کے لوگوں کے دل جیت سکیں اور ایسا ماحول بناسکیں جس میں سبھی لوگ ترقی کے ثمرات کا فائدہ اٹھاسکیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK