• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امیت شاہ کے خلاف ملک گیر مہم کا اعلان

Updated: December 22, 2024, 1:30 AM IST | New Delhi

کانگریس پارٹی ’امبیڈکر سمّان ‘ ہفتہ منائے گی،مہم کے تحت آج اور کل ملک کے ۱۵۰؍ شہروں میں پریس کانفرنس منعقد ہوگی اور مقامی میڈیا سے گفتگو ہو گی ۔۲۴؍ دسمبر کو ملک کےتمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر امبیڈکر سمّان مارچ کا انعقاد کیا جائے گا

Amit Shah has created a huge problem for BJP
امیت شاہ نے بی جے پی کیلئے بہت بڑی پریشانی کھڑی کردی ہے

کانگریس پارٹی  نے  ڈاکٹر  بابا صاحب  امبیڈکر کے خلاف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کےتوہین آمیز تبصرے کے خلاف ملک گیر مہم چلانے کا اعلان کیا  ہے۔پارٹی ۲۴؍دسمبر کو ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرس میں بابا صاحب امبیڈکر سمان مارچ منعقد کرے گی اور صدر جمہوریہ کے نام ضلع کلکٹر کو میمورنڈم سونپا جائے گا جس میں امتیت شاہ کے استعفیٰ یا پھر برطرفی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ  پارٹی ۲۲؍ اور ۲۳؍ دسمبر کو ملک بھر کے ۱۵۰؍ شہروں میں پریس کانفرنسیں بھی منعقد کرے گی۔نئی دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹرس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کانگریس کے میڈیا  اور پبلسٹی محکمے کے چیئرمین پون کھیڑانے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو ۲۰۲۴ء کے انتخابی نتائج سے جو صدمہ پہنچا وہ ابھی اس سے ابھر نہیں پائے ہیں۔ جس طرح سے ان کے ۴۰۰؍پار  اور آئین کو تبدیل کرنے کے خواب چکنا  چور ہوئے اوران میں مایوسی پیدا ہوئی اس کے بعد اس طرح کی بیان بازی ہو رہی ہے۔ پون کھیڑا کے مطابق  امیت شاہ کے منہ سے جو الفاظ نکلے وہ غلطی سے نہیں نکلے۔ اگر غلطی سے سامنے آ جاتا تو وہ فوراً  معافی مانگ لیتےلیکن آج تک بی جے پی امیت شاہ کے اس بیان کا دفاع کررہی ہے اور خود امیت شاہ نے بھی اپنے بیان کا دفاع کیا ہے جس سے ان کے اصلی ارادے ظاہر ہو رہے ہیں۔امیت شاہ کے ذریعہ ڈاکٹر امبیڈکر کے خلاف استعمال کئے گئےتوہین آمیز الفاظ پر بی جے پی، امیت شاہ یا وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے کوئی افسوس یا پچھتاوا کا اظہار نہیں کیا گیا۔ اس پر ہمیں کیا پورے ملک کو حیرت ہے کہ وہ اتنی ڈھٹائی کا مظاہرہ کیوں کررہے ہیں جبکہ اس مسئلہ کا حل یہی ہوسکتا تھا کہ امیت شاہ فوراً معافی مانگتے یا پھر وزیر اعظم انہیں کابینہ سے برطرف کردیتےلیکن یہاں معاملہ ہی الٹ ہے۔ 
  پون کھیڑانے مزید کہا کہ اس توہین آمیز تبصرے کے بارے میںکانگریس نے فیصلہ کیا کہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے تمام کانگریس ممبران، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ممبران ۲۲؍ اور۲۳؍ دسمبر کو اپنے اپنے حلقوں، ریاستی ہیڈ کوارٹرس اور ضلع ہیڈکوارٹرس میں پریس کانفرنس کریں گے اور اس تبصرے کی سخت مذمت کرتے ہوئےامیت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کریں  گے۔ کھیڑا  نے کہا کہ اس کے علاوہ کانگریس ۲۴؍ دسمبر کو ملک کے ہر ضلع میں بابا صاحب امبیڈکر سمان مارچ نکالے گی۔مارچ کا آغاز ڈاکٹر امبیڈکر  کے مجسمے پر پھول چڑھانے کے ساتھ ہوگا اور متعلقہ ضلع کلکٹرس کے ذریعے صدر جمہوریہ کو میمورنڈم  بھیجا جائے گا  اور ان سے بھی مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ  ملک کے عظیم آئیکون ڈاکٹر امبیڈکر کی شان میں جو نازیبا الفاظ کہے گئے ہیں ان کا نوٹس لیں اور امیت شاہ کو برطرف کریں۔ 
 کانگریس لیڈر نے یہ اطلاع بھی دی کہ ۲۶؍ دسمبر۱۹۲۴ء کو بیلگام میں منعقدہ کانگریس اجلاس میں مہاتما گاندھی کانگریس کے صدر بنے تھے۔ اس اجلاس میں کانگریس اور تحریک آزادی کی سمت طے کی گئی تھی ۔ یہ اہم دن ۱۰۰؍ سال مکمل کر رہاہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی توسیعی میٹنگ ۲۶؍دسمبر کو بیلگام میں ہی  ہوگی جبکہ ۲۷؍ دسمبر کو بیلگام میں ایک بہت بڑی ریلی نکالی جائے گی۔ کانگریس کے مختصر مدت اور درمیانی مدت کے ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ مہاتما گاندھی سے لے کر ملکارجن کھرگے تک، کانگریس نے کبھی بھی سمجھوتہ کا راستہ نہیں چنا بلکہ جدوجہد کا راستہ منتخب کر کے عوام کے مقاصد حاصل  کئے اور اب بھی ایسا ہی کیا جائے گا۔

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK