• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امیت شاہ کیخلاف ملک گیر احتجاج ،استعفیٰ کا مطالبہ

Updated: December 20, 2024, 11:56 PM IST | New Delhi

دہلی میں وجے چوک سے پارلیمنٹ تک احتجاج کیا گیا ، ملک کے اہم شہروں میں اپوزیشن پارٹیوں اور دلت تنظیموں کے مظاہرے،’’امیت شاہ کرسی چھوڑو ‘ ‘ کے نعرے

Several members of opposition parties protest at Vijay Chowk in Delhi. (Photo: PTI)
اپوزیشن پارٹیوں کے کئی ممبران دہلی میں وجے چوک پر مظاہرہ کرتے ہوئے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

  ڈاکٹر امبیڈکر  کے خلاف وزیر داخلہ امیت شاہ کے انتہائی توہین آمیز تبصرے  اور پارلیمنٹ  میں گزشتہ روز اپوزیشن لیڈران سے دھکامکی کے واقعہ کے خلاف جمعہ کو اپوزیشن نے زبردست غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے پورے ملک میں جگہ جگہ احتجاج کیا ۔ اسی سلسلے کے تحت  ؤ دہلی میں وجے چوک سے پارلیمنٹ تک احتجاج کیا گیا اور بابا صاحب امبیڈکرکے خلاف تبصرے کیلئے وزیر داخلہ امیت شاہ کے استعفیٰ کے مطالبہ کیا اعادہ کیا۔
اپوزیشن سخت برہم 
 ا پوزیشن نے پارلیمنٹ کے اندر بی جے پی ممبران کے ذریعہ زورزبردستی کرنےپر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمنٹ   کے اندر اور احاطے کا  سی سی ٹی وی فوٹیج  جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔  اجلاس کے آخری دن اپوزیشن نے زوردار احتجاج کرتے ہوئے پورے واقعہ کو امیت شاہ کے بیان سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا۔ اپوزیشن نے واضح کیا کہ وہ آئین ہند کے معمار کے خلاف امیت شاہ کے تبصروں پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔ اپوزیشن نے گزشتہ روز کے واقعہ کو بی جے پی حکومت کی شدید مایوسی اور بے چینی  قرار دیا اور کہا کہ  امیت شاہ کی زبان سے جو بات نکلی ہے وہ اصل میں ان کی سوچ ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس والے منووادی لوگ ہیں۔ یہ کبھی بھی بہوجن سماج کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھ سکتے ۔
پرینکا گاندھی نے راہل کا دفاع کیا 
  پرینکا گاندھی نے اپنے بھائی کا زوردار دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کے ساتھ دھکا مکی نہیں کرسکتے اور یہ بات پورا ملک جانتا ہے لیکن امیت شاہ کو بچانے  کے لئے بی جے پی اس قدر بے چین ہے کہ اس نے راہل گاندھی کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرائی ہے۔بی جے پی کا سچ ملک کے سامنے آچکا ہے، وہ اڈانی پر بحث نہیں چاہتے، وہ پہلے بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کرتے ہیں، پھر ملک کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں۔ پرینکا نے مزید کہاکہ مودی حکومت خوفزدہ ہے۔ یہ حکومت اڈانی پر بحث کرنے سے ڈرتی ہے۔ اس نے جو کچھ کیا، اس سے باباصاحب امبیڈکر کے بارے میں اس کے دل کی بات سامنے آگئی ۔ 
 اپوزیشن ممبران نے کیا کہا ؟ 
 اپوزیشن ممبران نے کہا کہ یہ ملک بابا صاحب کی توہین ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ اپوزیشن نے بی جے کے ممبران کے ارادوں پر بھی سوال اٹھایا اور حکومت کو چیلنج کیا کہ وہ کم ازکم ایک ویڈیو دکھائے جس میں راہل گاندھی زخمی ممبر پارلیمنٹ کے آس پاس کھڑے ہوں۔ اس کے برعکس بی جےپی لیڈروں کے جھنڈوں میں  لاٹھیاں لگی ہوئی تھیں اور پارلیمنٹ میں داخلہ کے وقت کانگریس صدر ملکا رجن کھرگے اور راہل گاندھی کو دھکا دیا گیا۔ خواتین ممبران پارلیمنٹ کو بھی ایوان میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی، ان کے ساتھ بھی دھکامکی کی گئی۔  کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ اس معاملے کا اصل مقصد پارلیمنٹ میں ہونےوالی  مبینہ دھکا مکی نہیں بلکہ امیت شاہ کے بیان کو چھپانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ا میت شاہ کو ڈاکٹر امبیڈکر پر دیے گئے اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہیے، کیونکہ یہ بیان کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے لیکن وہ معافی مانگنے کے بجائے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہے ہیں بلکہ اس وقت  پوری بی جے پی یہی کررہی ہے۔ 
ملک کے دیگر حصوں میں احتجاج 
  اس کے علاوہ اپوزیشن پارٹیوں بالخصوص کانگریس کی طرف سے کئی ریاستوں میںامیت شاہ کے قابل اعتراض تبصرے کے خلاف احتجاج اورمظاہرےہوئے ۔ مختلف اپوزیشن پارٹیوں نے اپنی اپنی ریاستوں میں احتجاج کا اہتمام کیا۔  کیرالا، جموں کشمیر، مدھیہ پردیش، دہلی، منی پور، پڈوچیری ، تمل ناڈو ، کرناٹک ، ممبئی ، دہلی ، کولکاتا، لکھنؤ، بنگلور، حیدر آباد  اور دیگر شہروں میں کانگریس پارٹی کے علاوہ دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے اپنے اپنے علاقوں میں جم کر احتجاج کیا اور امیت شاہ پر استعفے کا دبائو بڑھادیا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK