پارٹی نے ڈاکٹر امبیڈکر پر امیت شاہ کے توہین آمیز تبصرے کیخلاف سبھی ضلع ہیڈکوارٹرس پر احتجاجی مارچ کیا اور ریلیاں نکالیں، صدر کو میمورنڈم دئیے گئے۔
EPAPER
Updated: December 25, 2024, 11:12 AM IST | Ahmadullah Siddiqui | New Delhi
پارٹی نے ڈاکٹر امبیڈکر پر امیت شاہ کے توہین آمیز تبصرے کیخلاف سبھی ضلع ہیڈکوارٹرس پر احتجاجی مارچ کیا اور ریلیاں نکالیں، صدر کو میمورنڈم دئیے گئے۔
بابا صاحب امبیڈکر کیخلاف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے توہین آمیز تبصرے کے خلاف کانگریس نے ملک گیر احتجاج کرتے ہوئے ان سےاستعفیٰ اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ملک بھر کے ضلع ہیڈکوارٹرس پر کانگریس کارکنان نے بابا صاحب امبیڈکر سمان مارچ نکالا۔ کانگریس لیڈردگ وجے سنگھ نے بھوپال میں امبیڈکر مارچ کی قیادت کی۔اسی طرح گورو گوگوئی اور رپن بورا نے گوہاٹی میں مارچ کی قیادت کی۔جھارکھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی کے کارکنوں نے امیت شاہ کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے رانچی میں ریلی نکالی۔اس کے علاوہ دہلی ، اترپردیش،بہار، مغربی بنگال،تمل ناڈو،منی پور، ناگالینڈ اور ملک کے دیگر ضلع ہیڈکوارٹرس پر بھی بڑے پیمانے پر احتجاجی مارچ کیا گیا۔
کانگریس لیڈروں نے کہا کہ امیت شاہ نے ملک کی پارلیمنٹ میں بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کی اورابھی تک معافی نہیں مانگی۔اس کیلئے انہیں مستعفی ہو جانا چاہئے۔ وہ اپنے بیان پر صفائی پیش کررہے ہیں لیکن معافی نہیں مانگ رہے ہیں۔ ان کی اس حرکت کو ملک کے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ اس دوران منی پور میں بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے ضلع کلکٹر کے توسط سے صدر جمہوریہ کو میمورنڈم پیش کیا جس میں انہوں نے امیت شاہ سے معافی اور انہیں عہدہ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب کانگریس لیڈران کے سی وینو گوپال ، جے رام رمیش اور پون کھیڑا نے پارٹی ہیڈکوارٹرس پر پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے کانگریس پورے ملک میں احتجاج کررہی ہے اور امیت شاہ کے استعفے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ وینو گوپال نے کہا کہ اب یہ صدر جمہوریہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ امیت شاہ کو کابینہ سے برطرف کریں اور ان سے معافی منگوائیں۔