ابتدائی طور پر صرف ٹی وَن ٹرمینل اور ایک رن وے سے کام شروع ہوگا، دیگر سہولیات مرحلہ وار شروع کی جائیں گی، ممبئی ایئرپورٹ کا ٹی وَن اکتوبر سے بند ہوجائیگا۔
EPAPER
Updated: February 02, 2025, 3:32 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ابتدائی طور پر صرف ٹی وَن ٹرمینل اور ایک رن وے سے کام شروع ہوگا، دیگر سہولیات مرحلہ وار شروع کی جائیں گی، ممبئی ایئرپورٹ کا ٹی وَن اکتوبر سے بند ہوجائیگا۔
نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ(این ایم آئی اے) سے پروازیں امسال مئی میں شروع ہونے کی ا مید ہے۔ ایئرپورٹ اتھاریٹی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نئے ایئر پورٹ کا افتتاح ۱۷؍ اپریل کو ہوگا اور خدمات مئی سے شروع ہوں گی۔ ابتدائی طور پر صرف ٹی وَن ٹرمینل اور ایک رن وے سے کام شروع ہوگا۔ دیگر سہولیات مرحلہ وار شروع کی جائیں گی۔ ممبئی جانے والی پروازوں کو نوی ممبئی کی طرف موڑ دیا جائیگا۔ یہ ایئر پورٹ اُلوے میں بنایا گیا ہے۔
نوبھارت ٹائمس کی ایک رپورٹ کے مطابق ممبئی کی آبادی گزشتہ ۷۰؍ برسوں میں ۱۰؍گنا بڑھی ہے لیکن ہوائی اڈہ وہی ہے۔ نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ کھلنے کے بعد ممبئی ایئر پورٹ کے ٹی وَن اور ٹی ۲؍ سے چلنے والی کچھ پروازوں کو نئے ایئرپورٹ پر منتقل کر دیا جائے گا۔
رائے گڑھ ضلع کے اُلوے میں بنائے گئے اس ایئر پورٹ سے توقع ہے کہ مئی کے آخر تک تجارتی پروازیں شروع ہو جائیں گی۔ توقع ہے کہ نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ابتدائی چند مہینوں میں ۲؍ سے۳۰؍لاکھ مسافر مل سکتے ہیں۔
ممبئی کا ٹرمینل وَن اکتوبر میں بند ہو جائے گا
ممبئی ایئرپورٹ کا ٹرمینل وَن (ٹی وَن) اکتوبر۲۰۲۵ء تک بند ہو جائے گا۔ ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ۲۰۲۴ء میں ۵ء۵ ؍ کروڑ مسافروں کو سروس فراہم کی۔ نوی ممبئی ایئرپورٹ سے مئی سے تقریباً ۱ء۱؍ کروڑ مسافر سفر کریں گے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج ایئرپورٹ کا ٹی وَن پرتعمیراتی کام شروع ہوگا جس کے سبب اسے اکتوبر سے بند کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد یہ ۲۰۲۹ء میں دوبارہ شروع ہو گا۔ چار سال بعد ممبئی ہوائی اڈے کی گنجائش۱ء۵؍ کروڑ سے بڑھ کر۲؍کروڑ ہو جائے گی۔ فی الحال ۱ء۵؍ کروڑ مسافر ممبئی ہوائی اڈے کے ٹی وَن سے پرواز کرتے ہیں ۔ ان میں سے۱۰؍ ملین مسافروں کو لے جانے والی پروازوں کو اکتوبر کے آخر تک نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹی وَن پر منتقل کر دیا جائے گا۔
ٹی ۲؍نوی ممبئی میں ۲۰۲۹ء میں تعمیر کیا جائے گا۔ ممبئی کے ٹی ۲؍ٹرمینل کےمسافروں کی گنجائش۴۰؍ ملین سے زیادہ ہو جائے گی۔ نوی ممبئی ٹی وَن ہوائی اڈہ ۲۰۲۶ء کے وسط تک پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرے گا۔ اس کے بعد نوی ممبئی میں بھی ٹی ٹو ۲۰۲۹ء میں بنایا جائے گا۔