• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نوی ممبئی ڈبل مرڈر کیس میں ڈیڑھ ماہ کے تعاقب کے بعد آخری ملزم بھی گرفتار

Updated: October 10, 2024, 10:56 AM IST | Navi Mumbai

سپاری دے کراپنے ساتھی کو قتل کروانے والا رئیل اسٹیٹ ایجنٹ خودبھی کرایے کے قاتلوں کا شکار ہوگیاتھا۔ مقتولین کی لاشیں پین-کھپولی روڈ اور کرنالہ سے برآمد ہوئی تھیں اور پولیس نے ۵؍ملزموں گرفتار کیا تھا جن میں قتل کی سپاری دینے والے بھی شامل تھے۔

Aamir Khanzada and Sumit Jain. Photo: INN.
عامر خانزادہ اور سمیت جین۔ تصویر: آئی این این۔

یہاں ۲۱؍ اگست کو ۲؍رئیل اسٹیٹ ایجنٹوں کےسنسنی خیز قتل کے معاملے میں پولیس نے ۵؍ افراد کو گرفتار کیا تھا جبکہ چھٹا ملزم فرار تھا جسے ڈیڑھ ماہ کے طویل تعاقب کے بعد پولیس نے حراست میں لے لیا۔ واضح رہے کہ دونوں ایجنٹوں کے خاندانوں کی جانب سے گمشدگی کی شکایت درج کروائی گئی تھی جن میں این سی پی (شردپوار ) کی رائے گڑھ ضلع یونٹ کے صدر عامر خانزادہ(۴۲) اور اس کا کاروباری ساتھی سُمیت جین (۳۹) شامل تھا۔ 
کیا ہوا تھا؟
پولیس نے بتایاتھا کہ یہ معاملہ ۲؍ رئیل اسٹیٹ ایجنٹوں کے لاپتہ ہونے کے ایک ہفتہ بعد حل ہوا ۔ نوی ممبئی کے ۲؍ الگ الگ مقامات سے ان کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ ہندوستان ٹائمزکی خبر کے مطابق تفتیش سے پتہ چلا کہ ان میں سے ایک نے دوسرے کو قتل کرانے کی سپاری دی تھی لیکن وہ خوداکرایے کے قاتلوں کے ہاتھوں قتل ہوگیا۔ سمیت جین نے عامر خانزادہ کو قتل کرنے کیلئے ’سپاری ‘ دی تھی۔ لاپتہ ہونے کے بعد ان کی لاشیں نوی ​​ممبئی میں ۴؍ دن کےبعد ملی تھیں۔ سمیت جین کی لاش۲۳؍ اگست کو پین- کھپولی روڈ پر جبکہ عامرخانزادہ کی لاش۲۷؍ اگست کو کرنالہ برڈ سینکچری کے قریب سے ملی تھی۔ 
دونوں میں تنازع کی وجہ 
ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق ڈی سی پی (زون ایک) پنکج دہانے نےبتایا تھاکہ سمیت جین نے رائے گڑھ کے پالی میں ۲؍کروڑ روپے میں ۳ء۵؍ ایکڑ زمین خریدی تھی۔ اس نے رجسٹریشن کیلئے ایک فرضی لینڈلارڈ پیش کیا تھا کیونکہ زمین کا اصل مالک مر چکا تھا۔ سمیت جین پہلے بھی فریب دہی کے ایسے مقدمات میں ملوث رہا تھا جہاں اس نے جائیدادوں کو فروخت کرنے کیلئے زمین کے فرضی مالکان تیار کئے تھے۔ عامرخانزادہ کو سمیت جین کی زمین کی اس خریداری کے بارے میں علم تھا اور اس نے اس سے مذکورہ سودے میں حصہ کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد سمیت جین نے اپنے ایک اور ساتھی وٹھل ناکاڈے سے رابطہ کیا اور اسےعامرخانزادہ کو ختم کرنے کیلئے کرایہ کے قاتلوں کی خدمات حاصل کرنےکیلئے ۵۰؍ لاکھ روپے کی پیشکش کی۔ سمیت جین نے عامرخانزادہ کو فون کرکےکہا کہ انہیں رائے گڑھ کی ایک پراپرٹی کے حوالے سے میٹنگ کیلئے جانا ہے۔ ان کی ملاقات نیرول میں ہوئی اوروہ عامرخانزادہ کی گاڑی میں سوار ہو گئے تبھی کرایہ کے قاتلوں میں سے ایک نے کار میں عامر کو گولی ماردی۔ اسے اغواء جیسا واقعہ ظاہر کرنے کیلئے سمیت جین نے بھی اپنی ایک ٹانگ پر خودہی گولی مار لی۔ 
کرایہ کے قاتلوں سے پیسوں کےمعاملے پر تنازع ہوا
اس نے پولیس کویہ بتانے کا منصوبہ بنایا تھا کہ اسے اغوا کاروں سے فرار ہونے کی کوشش میں گولی ماری گئی ہے جبکہ عامر خانزادہ مارا گیا۔ سمیت جین اور اس کے ساتھی ناکاڈے سمیت تمام ۶؍ افراد کرنالہ برڈ سینکچری گئے جہاں انہوں نے عامر کی لاش پھینک دی۔ کرایہ کے قاتلوں میں سے ایک نے اس وقت ادائیگی کا مطالبہ کیا جب وہ پین- کھپولی روڈ پر سفر کر رہے تھے۔ تاہم سمیت جین نے انہیں ۵۰؍ لاکھ روپے دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اس نے ۲۵؍ لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔ جب کرایہ کے قاتلوں اور ناکاڈے کوبے وقوف بنائے جانے کا احساس ہوا تو انہوں نے سمیت جین پر حملہ کردیا اور ایک نے اس کی اسی ٹانگ میں چھرا گھونپ دیا جس پر اس نے خود کو گولی ماری تھی اور اسے سڑک کے کنارے پھینک دیا تھا۔ 
سمیت جین ۲؍ دن تک یونہی پڑا رہا اور گولی اور چاقو کے زخموں سے زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔ 
پولیس نےملزم وٹھل ناکاڈے اور کرایہ کے قاتل انکش سیتاپورے (الہاس نگر )، وریندر کدم (کانجورمارگ)، راجہ مڈلیار (بدلا پور) اور آنند عرف اینڈری کروز( نیرول ) کوگرفتار کرلیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK