• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نوی ممبئی: بیلاپور میں چار منزلہ عمارت منہدم، ایک ہلاک، راحت رسانی کا کام جاری

Updated: July 27, 2024, 3:18 PM IST | Belapur

آج صبح ۴؍ بجکر ۵۰؍ منٹ پر سی بی ڈی بیلا پور، نوی ممبئی کے شہباز گاؤں میں ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جس میں ایک شخص کی موت کی اطلاع ہے۔ دو افراد کو ملبے کے نیچے سے نکالا گیا ہے جبکہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں کل ۱۳؍ خاندان آباد تھے۔

NDRF personnel searching the residents. Photo: PTI
این ڈی آر ایف کے اہلکار رہائشیوں کو تلاش کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

سی بی ڈی بیلا پور، نوی ممبئی میں آج صبح ایک چار منزلہ رہائشی عمارت گرنے کے بعد ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ملبے تلے پھنسے دو دیگر افراد کو نکالا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ شہباز گاؤں میں صبح ۴؍ بجکر ۵۰؍ منٹ پر پیش آنے والے اس حادثے میں متعدد افراد کے ملبے تلے دبے رہنے کا اندیشہ ہے۔ حکام نے بتایا کہ عمارت گرنے سے قبل وہ ۵۲؍ مکینوں کو نکالنے میں کامیاب رہے تھے۔ 

نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن (این ایم ایم سی) کے کمشنر کیلاس شندے نے کہا کہ ’’آج صبح ۱۳؍ خاندانوں اور تین دکانوں والی چار منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ ملبے کے نیچے پھنسے ایک مرد اور ایک عورت کو صبح ۶؍ بجے کے قریب بچا لیا گیا اور انہیں اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔‘‘ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دوپہر کے قریب، ایک شخص کی لاش ملبے کے نیچے سے برآمد ہوئی۔ اس کا نام محمد میراز تھا۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کو بچانے کیلئے ریسکیو آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔ 

این ڈی آر ایف اور شہری ادارے کے فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے بچائے گئے دو افراد کی شناخت لعل محمد (۲۲؍ سال) اور رخسانہ (۲۱؍ سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ این ڈی آر ایف کے اہلکار نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں مدد کیلئے ڈاگ اسکواڈ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ شہری سربراہ شندے نے کہا کہ حادثے کی وجہ کی جانچ ایم ایم ایم سی کرے گی۔دریں اثنا، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، جو اس وقت نیتی آیوگ میٹنگ کیلئے دہلی میں ہیں، نے نوی ممبئی کے میونسپل کمشنر سے بات کی اور انہیں ہدایت دی کہ بچائے گئے افراد کو زخمیوں اور متاثرہ افراد کو ضروری مدد فراہم کی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK