• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نوی ممبئی : کنکریٹ سے راستوں کی تعمیر کا کام ادھورا رہنے سے ناراضگی

Updated: June 26, 2024, 11:22 PM IST | Wasim Patel | Mumbai

بیلاپور سے ایرولی اور واشی کے جوہی نگر میں کام مکمل نہ ہونے سے راہ گیروں کو پریشانی کاسامناکرناپڑرہا ہے

In one area of ​​Navi Mumbai, a road has been excavated to make it concrete.
نوی ممبئی کے ایک علاقے میں راستے کو کنکریٹ سے بنانے کیلئے اسے کھودا گیا ہے۔ (تصویر:انقلاب)

یہاں کئی جگہوں پر کنکریٹ سے راستوں کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ یہ کام ۱۰؍ جون تک پورا کرنے کی ہدایت نوی ممبئی کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر کیلاش شندے نے ٹھیکیدار کو دی تھی، اس کے باوجود کئی جگہوں کے علاوہ سان پاڑہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ابھی بھی راستے کنکریٹ  سے تعمیر کرنے کام جاری ہے جس کی وجہ سے راہ گیروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ 
 اس سلسلے میں  ابا رنویرے نامی مقامی شخص نے بتایا کہ اس علاقے میں آپ کو ایسے راستے کثرت سے نظر آئیں گے جہاں ابھی تک راستے کی کھدائی کا کام جاری ہے اور کنکریٹ کا کام ابھی تک نہیں ہوا ہے ۔ ا نہوں نے یہ بھی بتایا کہ بیلا پور سے ایرولی کے درمیان بھی کنکریٹ سے راستے کا کام ادھورا پڑا ہوا ہے۔ واشی کےجو ہی نگر میں بھی یہی حالت ہے ۔
 اس سال نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ۲۰۰؍کروڑ روپے کا بجٹ کنکریٹ کے راستے کیلئے رکھا تھا اور اس کیلئے ٹھیکیدار کو۱۰؍جون تک کی مدت دی تھی کہ اس درمیان کام پورا ہونا چاہئے لیکن بادی النظر میں ایسا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ یہ کام پورا کرنے کیلئے ۲۰؍ ٹھیکیداروں کو نامزد کیا گیا تھا لیکن ان ٹھیکیداروں نے میونسپل کارپوریشن کی ڈیڈ لائن پر بالکل عمل نہیں کیا  ۔ایسا بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ بہت سی جگہیں راستے اچھی حالت میں تھے، اس کے باوجود   انہیں کنکریٹ سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس پر سوال کیا جارہا ہے۔ اس میں بہت سے ایسے راستے بھی تھے جنہیں ایک سال پہلے ہی کنکریٹ سے تعمیر کیا گیاتھا، اس کے باوجود یہاں پھر سے کنکریٹ کا کام کیوں شروع کیا گیا۔ حالانکہ قاعدے  کے مطابق ۶؍ سال میں ایک دفعہ ان راستوںکو کنکریٹ سے تعمیر کیا جانا چاہئے ۔ یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ راستے کوکنکریٹ سے تعمیر کرنے کاکام معیاری نہیں ہوتا   اور بارش میں اس کی پول کھل جاتی ہے۔
  نمائندۂ انقلاب نے اس سلسلے میں نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعمیرات  کے انجینئر سریش ارڈوار سے استفسار کیا تو انہوں نے بتایاکہ ہم نے ایسی جگہوں پر کام شروع کیا ہے جہاں کنکریٹ سے راستوں کی تعمیر بہت ضرورت تھی۔ بہت سی جگہوں کاکام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کا کام جلد مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ کبھی مجبوری کی حالت میں ٹھیکیداروں کو دی گئی مدت میں تھوڑا اضافہ کیا جاتا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK