مسجد میں گراؤنڈ فلور پرنظم کیا گیا ہے۔ ۴؍ بجے تا شب میں ۱۰؍ بجے تک طلبہ پڑھائی کرسکیں گے۔ پہلے مرحلے میں ۲۵؍ پورٹیبل مہیا کرائے گئے ہیں۔ اس شہرمیں مساجد کی سطح پراپنی نوعیت کا یہ پہلا سینٹر ہوگا۔ معلومات حاصل کرنے کے لئے طلبہ جامع مسجد ٹرسٹ کے دفتر میںرابطہ قائم کرسکتے ہیں۔
۔
کوپرکھیرنے جامع مسجد میں اسٹڈی سینٹر کا افتتاح کیا جارہا ہے۔ تصویر: انقلاب
کوپر کھیرنے جامع مسجد (انجمن خیرالاسلام ٹرسٹ نوی ممبئی) میں دسویں بارہویں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے اسٹڈی سینٹر کا بعد نماز جمعہ افتتاح عمل میں آیا۔ اس کا مقصد طلبہ کو مطالعہ کے لئے جگہ اور دیگر سہولت مہیا کرانا ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ امتھان کی تیاری کرسکیں۔ گھروں میں جگہ نہ ہونے یا چھوٹے گھر ہونے کے سبب طلبہ کودقت پیش آتی ہے، اسے دیکھتے ہوئے یہ پہل کی گئی ہے۔ راشد خان کے مطابق یہاں طلبہ ۴؍ بجے سے رات میں ۱۰؍ بجے تک پڑھائی کرسکیں گے۔ مسجد میں گراؤنڈ فلور پر اس کا نظم کیا گیا ہے، عروس البلاد میں مسجد کی سطح پر یہ پہلا اسٹڈی سینٹر ہوگا۔ مطالعہ کیلئے آنے والے طلبہ کو شناختی کارڈ دیا جائے گا، ہفتے میں طلبہ ۶؍ دن پڑھائی کرسکیں گے، جمعہ کو سینٹر بند رہے گا۔
افتتاح کے لئے ’افتتاح مسجد اسٹڈی‘ عنوان پرایک مختصر پروگرام ترتیب دیا گیا تھا۔ ان سے یہ پوچھنےپر کہ کب سے طلبہ پڑھائی کریں گے تو انہوںنے بتایاکہ’’ افتتاح تو ہوگیا ہے ، جس وقت سے طلبہ آئیں گے انہیںموقع ملے گا۔ اگر کوئی طالب علم معلومات حاصل کرنا چاہے تو وہ جامع مسجد کوپر کھیرنے کے دفتر میںرابطہ قائم کرسکتا ہے۔ شاہین انسٹی ٹیوٹ (بیدر) کی جانب سے ۲۵؍ پورٹیبل ٹیبل مہیا کرائے گئے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: کیا روہت شرما کی یہ ٹیسٹ سیریز آخری ثابت ہوگی؟
یاد رہے کہ چند دن قبل اسلام جمخانہ (مرین لائنس) میں گلوبل کیئر فاؤنڈیشن کے توسط سے ’مثالی مسجد‘ عنوان پر ایک خصوصی نشست اور کتابچے کا اجراء کیا گیا تھا۔ اس میںبھی اسی جانب خاص توجہ دلائی گئی تھی کہ مساجد میںطلبہ اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے نظم کیا جائے اور مساجد کو مسجد نبویؐ کے قالب میں ڈھالنے کی کوشش کی جائے۔
اسٹڈی سینٹر کے افتتاح کے موقع پر اخلاق احمد (معلّم) نے افتتاحی کلمات ادا کئے اور اغراض و مقاصد بتائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’آئندہ ہم سب کی ترجیحات ہوں گی کہ اس طرح کی سہولت جھوپڑ پٹیوں کی مساجد میں فراہم کرائی جائیں، اگر اس تعلق سے ائمہ اور ٹرسٹیان پیش رفت کریں تو طلبہ کا کافی فائدہ ہوگا ۔‘‘
انجمن خیرالاسلام ٹرسٹ کے صدر کمال نے کہا کہ ’’جب ہمارے پاس `مسجد اسٹڈی سرکل کے قیا م کے تعلق سے تجویزآئی تو اسے منظوری دی گئی اور جمعہ کو اس کا باضابطہ افتتاح کیا گیا، یہ طلبہ کے مفاد میں ہے۔‘‘ شاہین گروپ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ ’’ممبئی میں یہ پہلا اسٹڈی سینٹر ہے۔ اگر اور مساجد کے ذمہ داران اس طرح کا نظم قائم کرنا چاہیں تو ان کا ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔‘‘ تنویر شیخ (ڈائریکٹر شاہین گروپ، ممبئی) نے کہا کہ ’’اگر تعلیمی بیداری کی شروعات مساجد سے ہوگی تو یقیناً کافی فائدہ ہوگا اورتعلیمی انقلاب آئے گا۔‘‘ جامع مسجد کے امام مفتی اسامہ انصاری نے فیتہ کاٹا اور اس پہل کی ستائش کی۔ اس ضمن میں جنوسا کلیان فاؤنڈیشن کے سربراہ مختار حسین نے شاہین گروپ کے ذمہ دار سے رابطہ قائم کیا اور انجمن خیرالاسلام ٹرسٹ کے توسط سے اسے حتمی شکل دی گئی۔ امید کی جارہی ہے کہ طلبہ اس سہولت سے استفادہ کریں گے۔