Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

نوی ممبئی : کھارگھر میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع کی تیاریاں زوروں پر

Updated: January 14, 2025, 10:54 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Navi Mumbai

خدمت کی غرض سے شہر اور مضافات سے بڑی تعداد میں لوگ کام کاج میں حصہ لے رہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی آمد کے پیش نظر میدان پر ۲؍ دن سرگرمیاں ٹھپ رہیں گی۔

A scene of preparation for Tablighi gathering in Kharghar. Image: Revolution
کھارگھر میں تبلیغی اجتماع کیلئے تیاری کا منظر۔ تصویر: انقلاب

یہاں کے علاقے کوپر کھیرنے میں ۳۱؍جنوری ، یکم  اور ۲؍ فروری کو ہونے والے سہ روزہ تبلیغی اجتماع کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ شہر اور مضافات سے بڑی تعداد میں اجتماع گاہ پہنچ کر لوگ تیاریوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ذمہ داران کے مطابق باندرہ میں۱۹۹۷ء میں ہونے والے تبلیغی اجتماع کے بعد عروس البلادممبئی اور مضافات  کی سطح پر اس کے بعد اب تک کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ اسی کے مد نظر تیاریاں بھی کی جارہی ہیں تاکہ لاکھوں شرکائے اجتماع کیلئے مناسب انتظام کیا جاسکے۔ جماعت کے ذمہ داران کے مطابق زون‌ بناکر کام تقسیم‌ کئے گئے ہیں اور علماء بھی جائزہ لینے کی غرض سے میدان پر پہنچ رہے ہیں۔‌
  کس قدر بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں، اس کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ آنے والے مجمع کی کثرت کے پیش نظر ۴؍  ہزار بیت الخلاء بنائے جارہے ہیں، وضو کیلئے ہزاروں نل اور حوض ، ہزاروں استنجا خانے اور وسیع وعریض پنڈال بنائے جارہے ہیں۔‌
 جماعت کے ایک ذمہ دار کے مطابق ایک پروگرام میں شرکت کی غرض سے وزیراعظم نریندر مودی کی نوی ممبئی آمد کے پیش نظر اسی میدان سے متصل حصے پر ہیلی پیڈ بنایا گیا ہے۔ اس لئے سیکوریٹی انتظامات کے پیش نظر اور احتیاط کے طور پر پیر کی طرح منگل ۱۴؍  اوربدھ  ۱۵؍  جنوری کو میدان پر عمومی سطح پر کام کاج موقوف رہے گا۔ اس کے بعد مزید تیزی سے کام آگے بڑھایا جائے۔ جمعہ۳۱؍ جنوری۲۰۲۵ء سے شروع ہونے والے اجتماع کے دوسرے دن یعنی سنیچر کو صبح ۱۰؍ بجے سے۱۲؍ بجے تک علماء کا جوڑ ہوگا اور عصر کی نماز کے بعد نکاح کی مجلس ہوگی،اس تعلق سے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ آخری دن اتوار کو صبح ۱۰؍ بجے سے۱۲؍ بجے تک کالج کے طلبہ و اساتذہ اور تدریسی خدمات انجام دینے والوں کی خصوصی نشست ہوگی۔ اجتماع گاہ میں اہم شخصیات ، علماء اور مدعوئین خصوصی کیلئے الگ نظم کیا جارہا ہے۔ذمہ داران نے یہ بھی بتایا کہ چونکہ سیکڑوں ایکڑ کا پلاٹ ہے اس لئے نقشہ بناکر ہر چیز بنائی جارہی ہے تاکہ جگہ کا بہتر استعمال ہو اور ممبئی کے علاوہ دور دراز سے آنے والے شرکاء کو ہرقسم کی سہولت میسر آئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK