سیکڑوں کاروں اور بسوں سے ہزاروں لوگ پہنچ کر کام میں ہاتھ بٹارہے ہیں۔ ۳؍ہزار سے زائد رضاکار تعینات ہوں گے۔تمام طرح کی سہولت فراہم کرانے کی منتظمین کی کوشش جاری۔
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 11:28 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
سیکڑوں کاروں اور بسوں سے ہزاروں لوگ پہنچ کر کام میں ہاتھ بٹارہے ہیں۔ ۳؍ہزار سے زائد رضاکار تعینات ہوں گے۔تمام طرح کی سہولت فراہم کرانے کی منتظمین کی کوشش جاری۔
نوی ممبئی کوپر کھیرنے میں ممبئی، تھانے اور رائے گڑھ اضلاع کے اشتراک سے ہونے والے سہ روزہ (۳۱؍جنوری، یکم و ۲؍ فروری) تبلیغی اجتماع کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ شہر اور مضافات سے بڑی تعداد میں اجتماع گاہ پہنچ کر لوگ تیاریوں میں مسلسل حصہ لے رہے ہیں۔ اس کا اندازہ اس سے بآسانی کیا جاسکتا ہے کہ سنیچر اور اتوار کو ۵؍ ہزار سے زائد لوگ بسوں اور اپنی گاڑیوں سے تیاریوں میں حصہ لینے کی غرض سے پہنچے تھے۔
اجتماع گاہ کیلئے۳۵۰؍ ایکڑ زمین سڈکو سے کرائے پر حاصل کی گئی ہے۔ اتنے وسیع و عریض قطعہ اراضی پر پنڈال، پارکنگ، پانی کا وافر مقدار میں ذخیرہ، مہمانوں کیلئے الگ سیکشن، کھانے پینے، وضو ، بیت الخلاء، استنجا خانہ، میڈیکل، پانی کا ذخیرہ اور دیگر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
ذمہ داران کے مطابق ۲۷؍سال قبل باندرہ میں ۱۹۹۷ءمیں ہونے والے تبلیغی اجتماع کے بعد عروس البلاد اور مضافات کی سطح پر اس کے بعد اب تک کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ اس میں تبلیغی جماعت کے امیر مولانا سعد کاندھلوی بھی شریک ہورہے ہیں۔
جماعت کے ذمہ داران کے مطابق زون بنا کر کام تقسیم کئے گئے ہیں اور علماء بھی جائزہ لینے کی غرض سے میدان پر پہنچ رہے ہیں۔
جمعہ ۳۱؍جنوری سے شروع ہوگا اور اتوار ۲؍فروری کو دعا پر ختم ہوگا
اجتماع کے اہم ذمہ دار مولانا اسد قاسمی نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر بتایا کہ شرکاء کی کثرت کا اندازہ ہے۔ اسی کے پیش نظر تیاریاں کی جارہی ہیں اور سبھی کو جوڑا جارہا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ہر جانب سے تعاون حاصل ہورہا ہے۔ مقامی ایم پی، ایم ایل اے اور وزیر گنیش نائیک کے علاوہ مقامی ذمہ دار اشخاص، سماجی خدمت گاروں اور شہری انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بھی تعاون کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا ذمہ داران اور وہ رفقاء جنہیں اجتماع کی تیاریوں کا تجربہ ہے، ان سے بھی مشورے کئے گئے ہیں اور رات دن کام کیا جارہا ہے تاکہ تیاری کے لحاظ سے ۲۷؍جنوری تک تمام کام پورا کیا جاسکے۔
مولانا اسد کے مطابق تیاریوں میں حصہ لینے کے لئے آنے والوں کو بطور خاص یہ یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ وہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں، آنے جانے میں ضوابط کو پیش نظر رکھیں، گاڑیوں کے کاغذات درست رہیں، بجلی یا دیگر چیزوں کے استعمال میں بھی ہدایات کو ملحوظ رکھیں تاکہ کوئی مسئلہ نہ ہو اور نہ ہی کسی کو لب کشائی کا موقع ملے۔ ہم سب کی مشترکہ کوشش یہی ہے کہ ۲۷؍سال بعد اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والا تبلیغی اجتماع کامیابی سے ہمکنار ہو اور آنے والے لاکھوں شرکاء اجتماع یکسوئی کے ساتھ علماء کے بیانات سماعت کرتے ہوئے اپنی زندگی کو اس رخ پر لاسکیں جس کی فکر آقائے دوعالم نے امت کو دلائی تھی۔