علاقےکی سابق کارپوریٹر نے شہری انتظامیہ پرشکایت کے باوجود توجہ نہ دینے کا الزام لگایا۔
EPAPER
Updated: February 25, 2025, 10:41 AM IST | Wasim Ahmed Patel | Navi Mumbai
علاقےکی سابق کارپوریٹر نے شہری انتظامیہ پرشکایت کے باوجود توجہ نہ دینے کا الزام لگایا۔
یہاں ایک اسکول کے گراؤنڈمیں کافی عرصے سے گاڑیوں کی غیرقانونی طریقے سے پارکنگ کی جارہی ہے جس کے بارے میں شکایت کے باوجود شہری انتظامیہ نے مبینہ طورپر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔
اس بارے میں سابق مقامی کارپوریٹر مادھوری ستارنے کہا کہ یہاں شیرونے گاؤں میں اسکول ہے یہاں کے میدان میں کافی عرصہ سے غیر قانونی طور پر گاڑیوں کی پارکنگ کی جارہی ہے۔ میں نے کئی دفعہ اس جانب نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کی توجہ دلائی لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔مذکورہ اسکول میں۱۵۰۰؍بچے زیرتعلیم ہیں لیکن اسکول کے میدان میں گاڑیوں کے پارکنگ کی وجہ سے وہ میدان میں کھیلنے سے محروم ہیں۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کو ایک مشورہ بھی دیا کہ یہاں سےقریب ان گاڑیوںکیلئے انڈر گراؤنڈ پارکنگ لاٹ بنا یا جاسکتا ہےجس کیلئے یہاں جگہ بھی دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ یہاں پانی کی ٹنکی کے بازو میں میونسپل کارپوریشن کی خود کی جگہ ہے۔ اس کا استعمال بھی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے کیا جا سکتا ہے۔ اس سے میونسپل کارپوریشن کو بھی آمدنی ہو گی لیکن اس پر بھی توجہ نہیں دی گئی۔
اس بارے میں نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کی ایجوکیشن آفیسر ارونا یادو سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے اس مسئلے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں اسکول نمبر۱۵؍ اور۱۰۹؍ کے میدان پر غیر قانونی پارکنگ کی شکایت ملی ہے لیکن میں اس سلسلے میں کچھ نہیں کر سکتی ،یہ آر ٹی او کا کام ہے۔ میں نے اس بارے میں ذاتی طور پر تحریری شکایت درج کرائی ہے۔