• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

این سی پی(اجیت) اور نتیش رانے آمنے سامنے

Updated: September 19, 2024, 11:51 PM IST | Mumbai

اجیت پوارکی پارٹی کااعلیٰ کمان سے بدزبان رکن اسمبلی کی شکایت کا فیصلہ، نتیش نے کہا ’’ جس سے چاہیں اس سے شکایت کر لیں‘‘

Ajit Pawar
اجیت پوار

بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے کی بد زبانی کے سبب مسلمانوں میں تو بے چینی ہے ہی اب خود بی جے پی کی حلیف  این سی پی ( اجیت) میں بھی ناراضگی ہے۔ اسکی وجہ یہ ہے کہ پارٹی کو یقین ہے کہ اسکے ووٹروں میں ایک بڑی تعداد مسلمانوں کی بھی ہے ۔ ممبئی میں جاری اجیت پوار گروپ کی ۲؍ روزہ میٹنگ کے دوران پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ نتیش رانے  جو مسلمانوں کے تعلق سے نفرت آمیز بیان دیتے رہتے ہیں ان  کے خلاف دہلی جا کر اعلیٰ کمان سے شکایت کی جائے گی۔  اس پر نتیش رانے نے کہا ہےکہ اجیت پوار کو جو چاہے کرنا ہے وہ کرلیں ہندوتوا کے معاملے میں وہ کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔  
 یاد رہے کہ ممبئی میں بدھ اور جمعرات کو این سی پی (اجیت) کی جائزہ میٹنگ رکھی گئی تھی جس میں اسمبلی الیکشن کی تیاریوں کے تعلق سے غور وخوض کیا گیا۔  اس دوران مسلم ووٹوںکا بھی تذکرہ آیا۔ بیشتر لیڈران کا کہنا تھا کہ این سی پی ( اجیت) کے ووٹروں میں ایک بڑی تعداد مسلمانوں کی ہے۔ جبکہ نتیش رانے اور دیگر بی جے پی لیڈران کے منافرت آمیز بیانات کی وجہ سے مسلمان ناراض ہو کر ان سے دور جا سکتا ہے۔ ایسی صورت میں یہ ضروری ہے کہ اس طرح کے بیانات پر قدغن لگایا جائے۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ لیڈران نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ اراکین پارلیمان پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے کو دہلی بھیجا جائے  جو وہاں اعلیٰ کمان سے اس معاملے میں گفتگو کریں۔ یہ لوگ اعلیٰ لیڈران ( خاص کر امیت شاہ) کو اس بات پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے کہ وہ نتیش رانے سمیت متنازع بیانات دینے والے تمام بی جے پی لیڈران کو تنبیہ کریں  ۔ 
 یاد رہے کہ لوک سبھا الیکشن میں اجیت پوار گروپ کو صرف ایک سیٹ پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جو کہ رائے گڑھ کی ہے۔ یہاں سے سنیل تٹکرے  نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس خطے میں مسلم ووٹرس بڑی تعداد میں ہیں اور سنیل تٹکرے کے مسلم ووٹرس کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں۔  اسی بنیاد پر لوک سبھا الیکشن کے بعد ہی سے اجیت پوار کی پارٹی مسلمانوں کے تعلق سے ہمدردی دکھانے اور انہیں اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ امیت شاہ سے نتیش رانے کی شکایت کو بھی اسی پس منظر میںدیکھا جا رہا ہے۔
نتیش رانے کی  پھر ایک بار زہر افشانی
 جب سانگلی میں ایک پروگرام  کے دوران میڈیا   نے نتیش رانے سے این سی پی ( اجیت) کے اس اقدام کے تعلق سے سوال کیا تو انہوں نے کہا ’’اجیت  دادو کو جہاں شکایت کرنی ہے وہ کر سکتے ہیں لیکن ہندوتوا کے تعلق سے ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔‘‘ البتہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’جب اعلیٰ لیڈران سے گفتگو ہوگی تو جیسا وہ کہیں گے ویسا ہم کریں گے لیکن ہم ہندوتوا کے تعلق سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔‘‘ نتیش نے کہا’’ میں امید کرتا ہوں کہ دہلی جا کر ہماری شکایت کرنے والے گنپتی کے جلوس پر ہونے والے پتھرائو کے  خلاف بھی بیان دیں گے۔‘‘  یاد رہے کہ جمعرات کو سانگلی میں نتیش رانے نے ایک بار پھر منافرت آمیز بیان دیا ہے۔
 متنازع بیانات سے گریز کا مشورہ!
 اس دوران ناگپور میںمیڈیا سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ  دیویندر فرنویس نے کہا ہے کہ ’’ نتیش رانے ہندوتوا وادی لیڈر ہیں، ان کے بیان کا کئی بار غلط مطلب نکل جاتا ہے، میں اور نارائن رانے دونوں نے نتیش سے بات کی ہے اور انہیں متنازع بیانات سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ‘‘ فرنویس نے وثوق کے ساتھ کہا ’’اس کے آگے وہ اس بات کا دھیان رکھیں گے۔‘‘ حالانکہ جمعرات ہی کو نتیش نے سانگلی میں کہا کہ پولیس کو ایک دن جمعہ کی چھٹی دیدی جائے  پھر دیکھئے میں کیسے سب صاف کر دیتا ہوں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK