• Thu, 07 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

این سی پی ( اجیت پوار) نے ہر اسمبلی حلقہ کے لئے انتخابی منشور جاری کیا

Updated: November 07, 2024, 9:50 AM IST | Mumbai

کسانوں کا قرض معاف کرنے اور ڈھائی لاکھ نوکریاںدینے کا اعلان ، منشور ممبئی اور ریاست کے مختلف اضلاع سے بیک وقت آن لائن جاری کیا گیا۔

Scene of release of election manifesto by NCP (Ajit Pawar) in press conference. Photo: INN
پریس کانفرنس میں این سی پی (اجیت پوار) کی جانب سےانتخابی منشورجاری کئے جانے کا منظر۔ تصویر: آئی این این

 مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کیلئے این سی پی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے بدھ کومہاراشٹر اسمبلی کیلئے اپنی پارٹی کا انتخابی منشور جاری کیا۔  اس منشور کی خاص بات یہ ہے کہ ریاستی سطح کی اسکیموں کے ساتھ ساتھ ان اسمبلی حلقوں کابھی منشور جاری کیاگیا ہےجہاں سے این سی پی کے امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں  ۔ ۷۴؍ پرکشش رنگین صفحات پر مشتمل یہ منشور ممبئی اور ریاست کے مختلف اضلاع سے بیک وقت آن لائن جاری کیا گیا۔ منشور میں لاڈلی بہن یوجنا کے تحت مستحق خواتین کو ملنے والے معاوضے کی رقم ماہانہ ۱۵۰۰؍سے بڑھا کر ۲۱۰۰؍ روپے کرنے، کسانوں کی قرض معافی اور ڈھائی لاکھ نوکریاں دینے کا اعلان کیاگیاہے۔اس منشور میں ۱۱؍نئے وعدے بھی کئے گئے ہیں۔  بارامتی سے اجیت پوار، گونڈیا سے قومی ورکنگ صدر ایم پی پرفل پٹیل، ناسک سے سینئر لیڈر چھگن بھجبل نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس منشور کو جاری کیا۔ این سی پی کے ریاستی صدر سنیل ٹٹکرے نے ممبئی میں ایک پریس کانفرنس میں منشور جاری کیا۔
 اجیت پوار نے بارامتی  میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ حکومت کی تشکیل کے بعد ۱۰۰؍دنوں کے اندر نئے مہاراشٹر کے ویژن کا اعلان کریں گے۔اس کے علاوہ تربیت کے ذریعے ایک لاکھ طلبہ کو ۱۰؍ہزار ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ شمسی اور قابل تجدید توانائی کو ترجیح دیتے ہوئے بجلی کے بل میں۳۰؍ فیصد کمی لائی جائے گی۔  سنیل تٹکرے منشور میں ۴۴؍ لاکھ کسانوں کو مفت بجلی،۵۲؍ لاکھ خاندانوں کو ۳؍مفت گیس سلنڈر، معاشی طور پر کمزور طبقوں کی لڑکیوں کیلئے مفت تعلیم، غریب، متوسط ​​طبقے، نوجوانوں، خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے کئی اسکیمیں شامل ہیں۔ ان اسکیموں کو ریاست کے کونے کونے سے زبردست ردعمل ملا ہے۔ 
فون نمبر جاری کیا گیا 
سنیل تٹکرے نے عوام کو ان کے اسمبلی حلقے کے منشور کو معلوم کرنے کیلئے این سی پی کی جانب سے فون نمبر جاری کیا گیا ہے۔ شہری  فون نمبر :۹۸۶۱۷۱۷۱۷۱؍ پر رابطہ  قائم کر کے ان کے اسمبلی حلقہ کا منشور معلوم کر سکتے ہیں۔
منشور کے چند نکات
- لاڈلی بہن یوجنا کی رقم بڑھا کر  ماہانہ ۲۱۰۰؍روپے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
-بجلی بل میں ۳۰؍ فیصد کی کمی۔
-پنشن کی رقم ۱۵۰۰؍ روپے سے بڑھا کر ۲۱۰۰؍ روپے ۔
-لازمی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ پر روک لگائی جائے گی ۔
-۲۵؍ لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔
-۱۰؍ لاکھ طلبہ کو ۱۰؍ ہزار روپے کا ٹریننگ بھتہ ۔
-آنگن واڑی  اور آشا ورکروںکو ماہانہ ۱۵؍ ہزار روپے رتنخواہ ۔
-کسانوں کا قرض معاف کیا جائے گا۔
-دھان کے کاشتکاروں کو۲۵؍ ہزار فی ہیکٹر بونس دیا جائے گا۔ 
-اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں ۵ء۲؍ لاکھ ملازمتیں اور۴۵؍ ہزار پانند سڑکوں کی تعمیر کا وعدہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK