لاڈلی بہن اسکیم میں تخفیف پر مہاراشٹر کانگریس کا رد عمل ، کانگریس کے قومی ترجمان اتل لونڈھے کے مطابق ’لاڈلی بہن‘ اور ’لاڈلا بھاؤ‘ جیسے نعرے صرف انتخابات تک محدود رہے، الیکشن ختم ہوتے ہی وعدے بھلا دیئے گئے
EPAPER
Updated: April 17, 2025, 10:34 AM IST | Mumbai
لاڈلی بہن اسکیم میں تخفیف پر مہاراشٹر کانگریس کا رد عمل ، کانگریس کے قومی ترجمان اتل لونڈھے کے مطابق ’لاڈلی بہن‘ اور ’لاڈلا بھاؤ‘ جیسے نعرے صرف انتخابات تک محدود رہے، الیکشن ختم ہوتے ہی وعدے بھلا دیئے گئے
مہاراشٹر کانگریس نے ’لاڈلی بہن اسکیم‘ میںتخفیف کو عوام کے ساتھ بڑا دھوکہ قرار دیتےہوئے کہاکہ حکومت نے تخفیف کے ذریعہ ۴۰؍ لاکھ خواتین کو اس اسکیم سے باہر کردیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مہاراشٹر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ لاڈلی بہن اسکیم سے استفادہ کرنے والی ۸؍ لاکھ خواتین کو اب ماہانہ ۱۵۰۰؍ روپے کی جگہ محض ۵۰۰؍ روپے وظیفہ دیا جائے گا۔اس پر کانگریس نے شدید رد عمل ظاہر کرتےہوئے مرکز کی مودی حکومت اور ریاستی وزیراعلیٰ فرنویس پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا ۔ کانگریس کے قومی ترجمان اتل لونڈھے پاٹل اور سینئر لیڈر و رکن اسمبلی نتن راؤت نے بدھ کو حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے ذریعے خواتین کو ووٹ کے بدلے پیسے دے کر فریب دیا گیا۔اتل لونڈھے نے ایک نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ،’’ ’لاڈلی بہن‘ اور ’لاڈلا بھاؤ‘ جیسے نعرے صرف انتخابات تک محدود رہے۔ انتخابات ختم ہوتے ہی حکومت نے نہ صرف وعدے بھلا دیئے بلکہ اسکیم کے بجٹ میں۱۰؍ ہزار کروڑ روپے کی زبردست کٹوتی کر کے تقریباً۴۰؍ لاکھ خواتین کو اس سے باہر کر دیا۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’یہ محض کٹوتی نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کے تحت خواتین کو استعمال کیا گیا۔‘‘اس دوران انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا ،’’سماجی بہبود کے محکمے کے۶؍ ہزار کروڑ روپے بھی غیرقانونی طور پر دوسری اسکیموں میں منتقل کئے گئے ہیں جس کا براہِ راست اثر ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی طبقے کے طلبہ کی اسکالرشپ اور تعلیمی سہولیات پر پڑے گا۔‘‘
لونڈھے نے یہ بھی دعویٰ کیا ،’’ اگر لاڈلی بہن اسکیم درست اور عوامی مفاد میں تھی تو حکومت نے اب اس میں کٹوتی کیوں کی؟ ‘‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا ،’’ اس فیصلے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حکومت نے صرف ووٹ حاصل کرنے کے لئے اس اسکیم کا سہارا لیا اور اب عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے۔‘‘
اسی دوران کانگریس رکن اسمبلی نتن راؤت نے کہا کہ ’’یہ سب تو ہونا ہی تھا۔ خواتین معمولی رقم کے لئے بہک گئیں۔ ان کی چالاکیوں کا ہمیں پہلے سے اندازہ تھا۔ یہ حکومت صرف چکنی چپڑی باتوں سے بہلاتی ہے اور جب وقت آتا ہے تو سب کچھ بدل دیتی ہے۔‘‘
راؤت نے مزید کہا ،’’ ان حکومتوں کو کبھی بھی معتبر نہیں سمجھنا چاہئے، کیونکہ ان کے اقدامات میں ہمیشہ دھوکہ چھپا ہوتا ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا ، ’’آج نہ لاڈلی بہن کی بات ہو رہی ہے اور نہ ہی لاڈلا بھاؤ کی۔ یہ حکومت صرف جذبات سے کھیلتی ہے۔‘‘
اس دوران کانگریس کا یہ بھی کہنا ہے ،’’وہ اس معاملے کو عوام کے درمیان لے جائے گی اور حکومت کی دھوکہ دہی کو بے نقاب کرے گی۔‘‘ پارٹی نے مطالبہ کیا ہے ،’’ حکومت فوری طور پر بجٹ میں کی گئی کٹوتی واپس لے اور تمام مستحق خواتین کو اسکیم سے جوڑا جائے۔‘‘