• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نیرل۔ ماتھیران ٹوائے ٹرین سروسیز کا آج سے آغاز

Updated: November 04, 2023, 9:12 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بارش کے موسم میں احتیاطاً اور حادثات کے پیش نظر یہ ٹرین خدمات ۴؍ماہ کیلئے بند کر دی جاتی ہیں۔

Resumption of train services will provide convenience to tourists. Photo: INN
ٹرین خدمات بحال ہونے سے سیاحوںکو سہولت ہوگی۔ تصویر:آئی این این

نیرل اور ماتھیران کے درمیان ٹوائے ٹرین سروسیز آج ۴؍ نومبرسے بحال کی جارہی ہیں۔ سیاح اس کا شدت سے انتظار کررہے تھے ، اب ان کا انتظار ختم ہو جائے گا اور وہ اس ٹرین کے ذریعے ماتھیرا ن کے سرسبز و شاداب مناظر اورپہاڑی راستوں کے سفر سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ نیرل ماتھیران اورماتھیران نیرل کے درمیان اپ اور ڈاؤن سمت میں ۴؍ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ دونوں سمت سے اس کی تفصیل ذیل میںدرج کی جارہی ہے۔
نیرل اورماتھیران کےدرمیان ٹرینو ںکے اوقات 
 نیرل ماتھیران ڈاؤن سمت میں ٹرین نمبر ۵۲۱۰۳؍ صبح ۸؍بجکر ۵۰؍ منٹ پرروانہ ہوگی اور ۱۱؍بجکر ۳۰؍ منٹ پر ماتھیران پہنچے گی۔ دوسری ٹرین نمبر ۵۲۱۰۵؍ ۱۰؍بجکر ۲۵؍ منٹ پرروانہ ہوگی اورماتھیران ایک بجکر ۵؍ منٹ پر پہنچے گی۔ ان دونوں ڈاؤن ٹرینوں کا روزانہ یہی وقت مقرر کیا گیا ہے،اگر کوئی تبدیلی کی جائے گی توریلوے کی جانب سے اس کی سیاحوں کو پیشگی اطلاع دی جائے گی۔ ماتھیران سے نیرل کے لئے اَپ ٹرین ۵۲۱۰۴؍ ۲؍ بجکر  ۴۵؍ منٹ پر روانہ ہوگی اور۵؍ بجکر ۳۰؍ منٹ پر نیرل پہنچے گی۔ دوسری ٹرین ۵۲۱۰۶؍ ماتھیران سے ۴؍ بجے روانہ ہوگی اور۶؍بجکر ۴۰؍ منٹ پر نیرل پہنچے گی۔ اَپ سمت میںبھی روزانہ ان دونوں ٹرینو ںکے یہی اوقات مقرر کئے گئے ہیں۔ 
 ۵۲۱۰۳؍ اور۵۲۱۰۴؍ ٹرینوں میں۶؍ڈبے ہوں گے ،ان میں ایک ویسٹا ڈوم کوچ بھی ہوگا ۔ اس کے برخلاف ۵۲۱۰۵ ؍ اور۵۲۱۰۶؍ میں بھی ۶؍ڈبے تو ہوں گے مگر اس میں ویسٹا ڈوم کوچ نہیںہوگا بلکہ ایک سامان کوچ ہوگا۔اس کے علاوہ امن لاج اورماتھیران کےدرمیان شٹل سروسیز حسب معمول جاری رہیں گی ۔ اتوار کوشٹل سروسیز میںاضافہ بھی کردیا جائے گا۔ امن لاج اورماتھیران کے درمیان کی دوری شٹل کے ذریعے ۱۸؍ منٹ میںطے کرنے کاوقت مقرر ہے ،یہ الگ بات ہے کہ مزیدتاخیر ہوجاتی ہے۔
۴؍ماہ بعد شروع کی جارہی ہیں
 بارش کے ایام شروع ہونے سےقبل نیرل اورماتھیران کے درمیان ٹوائے ٹرین کی خدمات بند کردی جاتی ہیں اوربارش ختم ہوجانے کے بعد دوبارہ شروع کی جاتی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بارش میں حادثے کا اندیشہ رہتا ہے۔ ریل پٹری کے قریب گہری کھائیاں ہیں اسی وجہ سے ریلوے انتظامیہ کوئی خطرہ مول نہیں لیتا ہے اور اسے ہرسال ۴؍ماہ کے لئے بند کردیتا ہے۔ بارش ختم ہونے کےبعد اسے دوبارہ شروع کرنے کااعلان کیا جاتا ہے۔ 
ریلوے انتظامیہ کاکہنا ہے کہ قریب کے دیگر سیاحتی مقامات میں ماتھیران کوکافی پسند کیا جاتا ہے اور چند برسوں میں یہاں آنے والو ںکی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ اس کا اثر ٹوائے ٹرین اورشٹل سروسیز میں سفر کرنے پربھی پڑا ہے اورریلو ے کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ 
مزید ترقی کا ریلوے کا منصوبہ 
 سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر اوڈاکٹر شیوراج مانس پورے نے بتایا کہ ’’سیاحوں کی کثرت اور ان کو سہولت دینے کی خاطرکئی اورمنصوبے بنائے گئے ہیں۔عملی جامہ پہنانے کے بعد آنیوالے وقتوں میں سیاحوں کو اورسہولت ہوگی اور وہ مزید آرام سے ٹرینوں اورشٹل سروسیز کے سفر سے لطف اندوز ہوسکیں گے لیکن ابھی کچھ وقت لگے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK