حزب اللہ کے نئے سربراہ کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی، کہا کہ کوئی بھی ہمارے لمبے ہاتھوں کی پہنچ سے دور نہیں ۔
EPAPER
Updated: September 30, 2024, 12:23 PM IST | Agency | Tal Aviv
حزب اللہ کے نئے سربراہ کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی، کہا کہ کوئی بھی ہمارے لمبے ہاتھوں کی پہنچ سے دور نہیں ۔
اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے اتوار کوکہا کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے ہمیں آسانی سے شکار ہوجانے والی مچھلی کہا لیکن ہم نے خود کو فولاد کا تار ثابت کیا۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ کو عظیم تخریب کار قرار دیتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ خطے میں طاقت کے توازن کیلئے حسن نصر اللہ کو مارنا ضروری تھا۔ اسرائیل کیلئے خطرہ بننے والے باب کو ہمیشہ کیلئے بند کردیا۔ ابھی صرف ایک مقصد پورا ہواہے لیکن مشن ابھی باقی ہے۔ آنے والے دن مزید کچھ ایسا ہی لے کر آئیں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران یا مشرق وسطیٰ میں کوئی بھی ہمارے لمبے ہاتھوں کی پہنچ سے دور نہیں۔ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو فضائی حملے میں قتل کرنے کے بعد گزشتہ روز ایک ٹی وی پر قوم سے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ میں نے حسن نصراللہ کو قتل کرنے کا حکم دیا کیونکہ حزب اللہ کے رہنما کا خاتمہ اسرائیل کے شمالی باشندوں کی محفوظ واپسی کیلئے ضروری تھا۔ ہم نے لاتعداد اسرائیلیوں، درجنوں امریکیوں اور فرانسیسی شہریوں کے قاتل کے ساتھ حساب چُکتا کردیا۔ یہ عظیم دن ہے جس میں اسرائیل عروج پر ہے اور جیت رہا ہے، حسن نصر اللہ کا قتل ایک تاریخی موڑ ہے جو مشرق وسطیٰ میں طاقت کے توازن کو بدل سکتا ہے، ہم مل کر لڑیں گے اور خدا کی مدد سے ہم مل کر جیتیں گے۔ انہوں نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایران یا مشرق وسطیٰ میں کوئی بھی اسرائیل کے لمبے ہاتھوں کی پہنچ سے دور نہیں اور آج آپ جانتے ہیں کہ یہ کتنا سچ ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کو جب نظر آئے گا کہ اب حزب اللہ اسے بچانے نہیں آ رہی تو ہمارے یرغمالوں کی واپسی کے امکانات اتنے ہی زیادہ روشن ہوں گے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ایک کمانڈر نے بھی دھمکی دی کہ ہم حزب اللہ کے نئے سربراہ کو بھی نشانہ بنائیں گے۔ یرغمالوں کی رہائی اور یہودیوں کی آبادکاری تک جنگ جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ بیروت میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں حسن نصراللہ کے جاں بحق ہونے کے بعد حزب اللہ نے نعیم قاسم کو عبوری سربراہ منتخب کرلیا جب کہ مستقل سربراہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔