کانگریس نے کمبھ کے انتظام میں مودی اور یوگی سرکار کو پوری طرح ناکام قراردیا، اکھلیش یادو نے اصل تعداد چھپانے کا ’’پاپ‘‘ نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: February 17, 2025, 11:24 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi
کانگریس نے کمبھ کے انتظام میں مودی اور یوگی سرکار کو پوری طرح ناکام قراردیا، اکھلیش یادو نے اصل تعداد چھپانے کا ’’پاپ‘‘ نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
کانگریس نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ کے دوران۱۸؍افراد کی موت پر مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت اموات کی تعداد چھپانے کا ’پاپ‘ نہ کرے جبکہ مایاوتی نے بھی حادثے کیلئے ریلوے کی لاپروائی کو ذمہ دار ٹھہرایا ۔
کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئےکہاکہ’’ یہ حادثہ نہیںاجتماعی قتل ہے۔ ریلوے کے وزیر کو اپنے عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں۔انہوں نے ریلوے کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر سنیچر کوفی گھنٹہ تقریباً۱۵۰۰؍ جنرل ٹکٹ جاری کئے گئے۔ ریلوے حکام نے بھیڑ کو سنبھالنے کلئےمناسب انتظامات کیوں نہیں کئے؟ شرینیت نےسوال کیا کہ’’ جب اس طرح کی صورتحال تھی تو سی آر پی ایف، دہلی پولیس کے اہلکار اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کو کیوں تعینات نہیں کیا گیا؟
سماجوادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ دہلی میں مہاکمبھ کے عقیدت مندوں کی المناک موت دل دہلا دینے والی ہے۔ حکومت میں شامل افراد کو سیاستدانوں کی طرح نہیں بلکہ خاندان کے ایک فرد کی طرح سوچنا چاہیے جس نے اپنے والدین، بہن، بھائی، بچوں اور رشتہ داروں کو کھو دیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں ان کے لواحقین تک باعزت طریقے سے پہنچانے کے لئے دیانتدارانہ انتظامات کئے جائیں اور زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے۔ اکھلیش یادو نے یہ بھی کہا ہے کہ بی جے پی حکومت اموات کی تعدادکا سچ چھپانے کا ’پاپ‘ نہ کرے اور مہا کمبھ یاترا کے دوران مختلف مقامات پر بھگدڑ، حادثے یا دم گھٹنے وغیرہ کی وجہ سے ہلاک ہونے والے تمام یاتریوں کوایک زمرےمیں رکھاجائے اور ان سبھی کے اہل خانہ کو اس کا معقول معاوضہ دیا جائے۔