نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر سنیچرکی رات بھگدڑ مچنے سے۱۸؍ افراد جاں بحق ہوگئےنیز کئی افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے ایل این جے پی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریلوے نے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
EPAPER
Updated: February 16, 2025, 11:30 AM IST | New Delhi
نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر سنیچرکی رات بھگدڑ مچنے سے۱۸؍ افراد جاں بحق ہوگئےنیز کئی افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے ایل این جے پی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریلوے نے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر سنیچرکی رات بھگدڑ مچنے سے۱۸؍ افراد جاں بحق ہوگئےنیز کئی افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے ایل این جے پی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ۹؍ خواتین، ۵؍ بچے اور۴؍ مرد شامل ہیں۔ دہلی کے ایل جی وی کے سکسینہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں اموات کی تصدیق کی۔ ریلوے نے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزارت ریلوے نے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے۱۰؍ لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ شدید زخمیوں کو کوڈھائی لاکھ اورمعمولی زخمیوں کو ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
حادثہ کیسے پیش آیا
اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے، ڈی سی پی( ریلوے) پی ایس ملہوترہ نے کہا کہ پلیٹ فارم نمبر۱۴؍ پر پریاگ راج ایکسپریس کے ساتھ بہت سارے لوگ جمع تھے۔ سوتنترتا سینانی ایکسپریس اور بھونیشور راجدھانی کے مسافر بھی پلیٹ فارم۱۳؍، ۱۳؍ اور۱۴؍ پر موجود تھے کیونکہ ٹرینیں تاخیر کا شکار تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری معلومات کے مطابق، ۱۵۰۰؍ جنرل ٹکٹ فروخت ہوئےجس کی وجہ سے بھیڑ بے قابو ہو گئی۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ رات۹؍ بجکر ۵۵؍ منٹ پر پلیٹ فارم۱۳؍ اور ۱۴؍پر پیش آیاجب ہزاروں عقیدت مند پریاگ راج مہاکمبھ جانےکیلئے ٹرینوں میں سوار ہونے کیلئے جمع تھے۔
’’انڈین ایکسپرین ‘‘ کے مطابق دہلی فائر سروس کو ہنگامی کال موصول ہوئی اور فوری طور پر۴؍ فائر انجنوں کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن روانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایمبولنس کو موقع پر بھیجا گیا۔ ریلوے پولیس اور دہلی پولیس نے زخمیوں کو ایل این جے پی اور لیڈی ہارڈنگ اسپتال میں داخل کرایا۔ ریلوے حکام نے ان دعوؤں کی تردید کی کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ زیادہ بھیڑ اور افراتفری کی وجہ سے ہوئی اور کہا کہ یہ واقعہ پلیٹ فارم پر مہا کمبھ کے ہزاروں عقیدت مندوں کے جمع ہونے کے بعد پیش آیا۔
سیاسی لیڈران کا رد عمل
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اتوار کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ کو لے کر مرکز پر سخت حملہ کیا اور ایسے حالات میں شفافیت اور جوابدہی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ فوری طور پر مرنے والوں اور زخمیوں کی صحیح تعداد ظاہر کرے۔ دہلی کے کارگزار وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کی لیڈرآتشی سنگھ نے ایل این جے پی اسپتال کا دورہ کیا، جہاں زخمیوں کو علاج کیلئے داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ `جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ ہمارے دو ارکان اسمبلی یہاں ہیں۔ میں نے اسپتال انتظامیہ سے کہا ہے کہ اگر کسی متاثرہ خاندان کو کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہو تو وہ ارکان اسمبلی کو بتائیں۔
بھگدڑ کے بعد دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن اور ایل این جے پی اسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر صحت جگت پرکاش نڈا نے ڈاکٹروں اور عہدیداروں سے بات کی ہے اور مناسب ہدایات دی ہیں۔ دہلی حکومت کے چیف سیکریٹری نے مختلف اسپتالوں میں ایک بڑی طبی ٹیم کو تعینات کیا ہے اور ریلوے نے پریاگ راج کیلئے تین خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا ہے۔ ایل این جے پی اسپتال ذرائع کے مطابق۶؍ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے آر ایم ایل اسپتال لے جایا گیا ہے، ۹؍ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے مولانا آزاد میڈیکل کالج بھیج دیا گیا ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔ اسی دوران دو زخمی لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج میں علاج کے دوران دم توڑ گئے۔